دودھ، کرانہ بازار، کھاناول اور ہوٹلوں پر کارپوریشن کے فوڈ اینڈ ڈرگس ڈپارٹمنٹ کی نظر ضروری
تہواروں کی آمد کے پیش نظر عوام کی حفظان صحت کی ذمہ داری ناگزیر، برسر اقتدار و پولس انتظامیہ بھی توجہ دیں
مالیگاؤں: 15 فروری (بیباک نیوز اپڈیٹ)جاری ہفتہ سے مالیگاؤں شہر سمیت پوری دنیا میں رمضان المبارک کا آغاز ہورہا ہے ۔رمضان المبارک میں جہاں عامتہ المسلمین نماز، روزہ، تلاوت اور ذکر و اذکار میں مصروف رہتے ہیں وہیں سحری و افطاری کیلئے اچھے سے اچھے پکوان دستر خوان کی زینت بنتے ہیں، غریب، امیر غرض کہ ہر کوئی اس ماہ مقدس میں اللہ کی رحمت سے مالا مال ہوتے ہیں وہیں مالیگاؤں شہر جیسے مسلم اکثریتی علاقے میں رمضان المبارک کے مقدس ایام میں کھانے پینے کی اشیاء کے اسٹال بڑے ہی اہتمام سے لگائے جاتے ہیں ۔سحری و افطاری میں دودھ کا استعمال کثرت سے کیا جاتا ہے ۔مالیگاؤں کی آبادی کے لحاظ سے لاکھوں لیٹر دودھ روزانہ استعمال ہوتا ہے اور رمضان المبارک میں اس دودھ کے استعمال میں مزید اضافہ ہوتا ہے ۔لاکھوں لیٹر دودھ کہاں سے آرہا ہے؟ کیا دودھ میں ملاوٹ تو نہیں ہورہی ہے؟دودھ میں یوریا کا استعمال تو نہیں ہورہا ہے؟ اس جانب کارپوریشن کے محکمہ فوڈ اینڈ "ڈرگس کو توجہ دینا ضروری ہے ۔اسی طرح کارپوریشن کے مذکورہ محکمہ کو یہ بھی دھیان دینا ہوگا کہ شہر میں افطاری کے سے سحری تک کھانا ول اور ہوٹلوں پر کھانے کی اشیاء بڑی مقدار میں فروخت ہوتی ہیں عامتہ المسلمین ان کھانوں کا استعمال کرتی ہیں ۔کیا یہ کھانے ملاوٹ سے پاک ہے یا نہیں؟ اسکی بھی جانچ کرنا چاہیے، تیل کا استعمال کس پیمانے پر ہورہا ہے؟ کھانے میں کس طرح کے کلر استعمال کئے جارہے ہیں؟ اس پر بھی توجہ دینا نہایت ضروری ہے، اس کے علاوہ کرانہ بازار میں تری کے مسالے، گرم مسالے اور دیگر اقسام کے مسالوں میں مرچ پاؤڈر، رنگ کا استعمال کس قدر ہورہا ہے؟ کیا مسالے واقعی میں اصلی حالت میں فروخت ہورہے ہیں یا اس میں بھی ملاوٹ ہورہی ہے اسکا بھی دھیان رکھنا ضروری ہے۔اس کے علاوہ مٹھائیوں کی دکانوں پر شکر کا استعمال کس قدر ہورہا ہے اور شاکرین کا استعمال کس قدر ہورہا ہے اس جانب بھی توجہ دینا ضروری ہے ۔اسی طرح پھلوں پر بھی خصوصی نگرانی کی ضرورت ہے ۔رمضان المبارک میں کیمیکل سے تیار کردہ پھل بازار میں فروخت ہونے کی عام شکایت رہی ہے اس لیے اس پر بھی توجہ ناگزیر ہے، ان تمام اشیاء کی قیمتیں مارکیٹ قیمت سے کہیں زیادہ تو عوام سے وصول نہیں کی جارہی ہے؟ ان تمام معاملات کو اجاگر کرنے کا مقصد عوام کی حفظان صحت بہتر رہے، کسی قسم کی کوئی جسمانی و ذہنی تکالیف عامتہ المسلمین کو نہ ہو، اس لئے کارپوریشن کے برسر اقتدار کو اس جانب توجہ دینا ضروری ہے تاکہ وہ کارپوریشن کے مذکورہ فوڈ اینڈ ڈرگس ڈپارٹمنٹ کو سرگرم کر سکے اور پولس انتظامیہ کو بھی اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com