میئر نسرین شیخ کی پہلی پریس کانفرنس،اولین ترجیحات میں جنم داخلہ، ایس آئی آر اور عوامی بنیادی سہولیات کی فراہمی  


شہریان کو طبی سہولیات، تعلیم،سڑکوں کی تعمیر، لائٹ، پانی صفائی کا نظم اور اتی کرمن نکالنے کا منصوبہ 


تمام مذاہب کو ساتھ لیکر شہر کی تعمیر و ترقی کا عزم، میئر نسرین شیخ نے عوام، سیاسی پارٹیاں اور آصف شیخ سمیت پارٹی کے ورکروں کا شکریہ ادا کیا



مالیگاؤں : 7 فروری (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میئر انتخاب میں اسلام پارٹی کی پہلی خاتون میئر نسرین شیخ نے پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب سے پہلے اللہ رب العزت کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس کے بعد آصف شیخ رشید و اسلام پارٹی، سماجوادی پارٹی ،کانگریس اور پارٹی کے ورکروں کے علاوہ خصوصی طور پر شہریان مالیگاؤں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔میئر نسرین شیخ نے کہا کہ میئر عہدہ سنبھالنے کے بعد باقاعدہ طور پر جیسے ہی کارپوریشن کا کام کاج شروع ہوگا ہماری اولین ترجیحات میں جنم داخلہ معاملہ کو حل کرنا ہے اور اگر مہاراشٹر میں ایس آئی آر نافذ ہوجاتا ہے تو مالیگاؤں کی عوام کو کارپوریشن کے ذریعے ضروری قانونی و کاغذی معاونت کی جائے گی ۔میئر نسرین شیخ نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں طبی سہولیات و اسٹاف کی خدمات کو فعال کرنے و جدید مشنری سے آراستہ کرنے کا منصوبہ ہے ۔اسی طرح خواتین اور بچوں کی حفظان صحت کے علاوہ حاملہ خواتین کے سیزرنگ کو آسان بنانا و سہولیات فراہم کرنے کا عزم میئر نے ظاہر کیا ۔اس کے علاوہ تعلیم، خستہ حال راستوں کی تعمیر نو، اتی کرمن نکالنے، بلاک راستوں کو شروع کرنے، صاف صفائی، پانی لائٹ و بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ۔



میئر نسرین شیخ کی پریس کانفرنس کے اہم نکات


آج اس خوشی کے موقع پر سب سے پہلے اللہ رب العزت کا شکر یہ ادا کرتی ہوں، اگر آج ہمارے درمیان مرحوم شیخ رشید صاحب حیات ہوتے تو یہ خوشی یقیناً اور دو بالاہو جاتی۔

میں اسلام (ISLAM) پارٹی کے بانی و قائد آصف شیخ رشید صاحب کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

میں اسلام پارٹی، سماج وادی پارٹی ، کانگریس پارٹی اور دیگر تمام پارٹیوں کے کارپوریٹرس کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں ۔اسی طرح میں اسلام پارٹی کے ذمہ داران ، عہدیداران اورتمام ورکروں کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں ۔


میئر کا عزم 

1)ایس آئی ٹی(SIT) کی کاروائی کے سبب عوام کے سینکڑوں جنم داخلے ردّ کردیئے گئے ہیں جس سے عورتوں بچوں اور بزرگوں میں بے چینی ہے جسے دور کرنے کیلئے ہم جنم داخلہ معاملہ کو کارپوریشن کے ذریعے قانونی طور پر حل کرنے کی کوشش کرینگے ۔

2)عنقریب مہاراشٹر میں ایس آئی آر(SIR) نافذ ہوگاتو ہم مالیگاؤں شہر کی عوام کے ضروری کاغذات درست کرنے کیلئے مالیگاؤں کارپوریشن کے ذریعے عوام کی مکمل رہنمائی و مددکرینگے۔

3) شہر میں صاف صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنائیں گے۔ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرینگے۔علی اکبر ہاسپٹل، واڈیا ہاسپٹل، ہارون انصاری ہاسپٹل سمیت کارپوریشن کے دیگر تمام دواخانوں میں جدید سہولیات، ڈاکٹرس اور اسٹاف کا انتظام کیا جائیگا اور خواتین کی آسانی کیلئے ڈلیوری پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔

4) شہر میں نلوں کے ذریعے فراہم ہونے والے پانی کے نظام کو موثر اور درست کرنے کی کوشش کروں گی ، انشاء اللہ 

5) ہم شہر کی تمام خستہ حال سڑکوں کی تعمیر کرینگے۔ بلاک راستوں کو شروع کرنے کی کوشش کریں گےاور شہر کے اہم راستوں پرہوئے اتی کرمن کو ترتیب وار ہٹانے کی کوشش کی جائے گی۔

6) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے ذریعے شہر کی خواتین اور بچوں کے لیے مختلف اسکیمات کی سہولیات فراہم کی جائے گی ، انشاء اللہ ۔ 

7) مالیگاؤں کے ہندو مسلم اور تمام مذاہب کو ساتھ لے کر شہر کی ترقی ، امن و امان اور خوشحالی اور عوامی خدمات کیلئے کام کروں گی ، انشاء اللہ۔ میں یقین دلاتی ہوں کہ میئرکی اس ذمہ داری کو ایمانداری دیانتداری اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ نبھانے کی پوری کوشش کروں گی۔

8) آج کے میئر و ڈپٹی میئر چناؤ کے موقع پر ناسک ضلع کے کلکٹر صاحب، مالیگاؤں کارپوریشن کے کمشنر صاحب، کارپوریشن کے شہر سیکریٹری صاحب اور کارپوریشن کے تمام آفیسران و ملازمین کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔ 

9) مالیگاؤں پولس ڈیپارٹمنٹ، پرنٹ میڈیا، الیکٹرانک میڈیا، تمام چینل اور سبھی اردو، مراٹھی پترکاروں (صحافیوں ) کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں ۔

10) بطور میئر مالیگاؤں شہر کی عوام کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتی ہوں اور میں عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی۔ ان شاء اللہ ۔ 
آپ سب کا بہت بہت شکریہ


اس موقع پر شان ہند نہال احمد نے کہا کہ آج میئر و ڈپٹی عہدہ کیلئے دونوں لیڈیز ہے اور بھارت کے قانون کی زندہ مثال ہے ۔ہم دونوں اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ہم شہریان کو ساتھ لیکر ہندو مسلم ایکتا کیساتھ کام کرینگے ۔