مالیگاؤں میں گٹھ بندھن کا فیصلے کا اختیار شانِ ہند نہال احمد کو – ابوعاصم اعظمی نے لگائی مہر، مستقیم ڈگنیٹی کی نمائندہ وفد کے ساتھ اہم ملاقات



مالیگاؤں میں گٹھ بندھن کا فیصلے کا اختیار شانِ ہند نہال احمد کو – ابوعاصم اعظمی نے لگائی مہر، مستقیم ڈگنیٹی کی نمائندہ وفد کے ساتھ اہم ملاقات



دھولیہ کارپوریشن الیکشن میں پارٹی کی حکمت عملی کی ذمہ داری مستقیم ڈگنیٹی کے سپرد


مالیگاؤں : 2 ستمبر (پریس ریلیز ) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات کو لے کر سماجوادی پارٹی کی سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ اسی سلسلے میں سماجوادی پارٹی مہاراشٹر کے صدر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی سے گزشتہ دنوں ریاستی یواجن سبھا کے سیکریٹری محمد مستقیم ڈگنیٹی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ خصوصی ملاقات کی۔ اس وفد میں شہر سماجوادی پارٹی کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ توصیف شیخ، نائب صدر خورشید کابل اور عبدالرحمٰن انصاری شامل تھے۔

یاد رہے کہ 31 اگست کو مالیگاؤں کے لوٹس لانس میں منعقدہ پارٹی میٹنگ میں وارڈ وائز سماجوادی ایکشن کمیٹی کی تشکیل کی گئی تھی۔ اسی میٹنگ میں اس بات پر طے پایا تھا کہ کارپوریشن الیکشن کے لئے سماجوادی پارٹی کا کس پارٹی سے انتخابی اتحاد ہونا چاہئے، اس کا حتمی اختیار شہر کے صدر شانِ ہند نہال احمد کو دیا گیا۔

ملاقات کے دوران مستقیم ڈگنیٹی نے ابوعاصم اعظمی کو مالیگاؤں کے موجودہ سیاسی حالات کی مکمل روداد پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ متعدد چھوٹی بڑی سیاسی جماعتیں سماجوادی پارٹی کے ساتھ گٹھ بندھن کے خواہشمند ہیں۔ پارٹی کارکنان اور ذمہ داران نے بھی اس موضوع پر مشاورت کے بعد یہی رائے ظاہر کی کہ شان ہند نہال احمد کو اس فیصلے کا مکمل اختیار دیا گیا۔

ابوعاصم اعظمی نے تفصیل سے گفتگو سننے کے بعد پارٹی کارکنان کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے مہر لگایا اور واضح الفاظ میں کہا کہ:"مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن الیکشن کے پیشِ نظر حالات کا جائزہ لے کر گٹھ بندھن کا فیصلہ کرنے کا مکمل اختیار شانِ ہند نہال احمد کے پاس ہی رہے گا۔"

اس ملاقات کے دوران دھولیہ میونسپل کارپوریشن کے الیکشن پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ ابوعاصم اعظمی نے اس حوالے سے مستقیم ڈگنیٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ:"دھولیہ کے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی حکمت عملی بنانے اور تنظیم کو مضبوط کرنے کی ذمہ داری مستقیم ڈگنیٹی کے سپرد کی جاتی ہے۔"

یہ ملاقات نہ صرف مالیگاؤں بلکہ دھولیہ کے بلدیاتی انتخابات کیلئے سماجوادی پارٹی کی حکمت عملی کو نئی سمت فراہم کرتی ہے اور اس سے یہ اشارہ مل رہا ہے کہ پارٹی اپنے کارکنان کی رائے اور قیادت کے فیصلوں کے ذریعے میدانِ سیاست میں مضبوطی کے ساتھ اترنے کو تیار ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے