غریب نواز ملٹی اسپیشلٹی ہاسپٹل کا پروقار افتتاح ،مولانا سید امین القادری قبلہ کی نگرانی میں سنی دعوت اسلامی کا گراں قدر کارنامہ
لوگوں کی خدمت بہترین عمل ،علماء کرام و مشائخین کا اظہار تشکر و مبارکباد
اجمیر شریف کے صاحبِ سجادہ حضرت علامہ سید محمد مہدی میاں، مارہرہ شریف کے سید محمد امان میاں برکاتی، امیر سنی دعوت اسلامی مولانا شاکر علی نوری سمیت ملک بھر سے درجنوں علماء کرام و مشائخین کی آمد
مالیگاؤں : 31 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) پندرہ سو سالہ جشن عید میلاد النبی صل اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے جہاں پوری دنیا میں جشن آمد مصطفیٰ صل اللہ علیہ وسلم بڑے ہی تزک و احتشام سے منانے کی تیاری جاری ہے وہیں مالیگاؤں شہر بھی اس معاملے میں کسی سے پیچھے نہیں بلکہ ہمیشہ کی طرح امسال انتہائی تزک و احتشام اور پورے مذہبی تشخص کیساتھ جشن آمد مصطفیٰ صل اللہ علیہ وسلم منانے کی سمت رواں دواں ہے ۔اس ضمن میں مالیگاؤں شہر کے مقامی نگراں مولانا سید محمد امین القادری قبلہ کی سرپرستی میں تین ہزار طلباء پر مشتمل سیرت کوئز کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد آپ صل اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کو مسلمان اپنی زندگی میں شامل کرتے ہوئے دنیا و آخرت کی نجات کا ذریعہ بنانے کی کوشش کریں ۔اس طرح کی ترغیب دی گئی وہیں، نعتیہ مشاعرہ ،میلاد مقابلہ کا انعقاد کیا گیا اور اب شہر کی تاریخ میں 31 اگست کا دن ایک روشن باب کی طرح لکھا جائے گا کہ اسی دن بروز اتوار کو بعد نماز مغرب مرکزی سنی دعوت اسلامی مسجد یارسول اللہ کے سامنے سنی دعوت اسلامی کے نگراں مولانا سید امین القادری قبلہ کی سرپرستی میں ایک ملٹی اسپیشلٹی ہاسپٹل کا پروقار افتتاح اجمیر شریف کے صاحبِ سجادہ سید محمد مہدی میاں، مارہرہ شریف کے سید محمد امان میاں برکاتی، امیر سنی دعوت اسلامی مولانا شاکر علی نوری ،مولانا سید امین القادری کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔اس موقع پر ملک بھر سے درجنوں علماء کرام و مشائخین، مبلغین اور شہریان مالیگاؤں کی کثیر تعداد موجود تھیں ۔اس تقریب میں ملک کی مختلف ریاستوں سے سنی دعوت اسلامی کے مبلغین و نگراں بھی تشریف لائے۔ اس موقع پر صاحب سجادہ اجمیر شریف سید محمد مہدی میاں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سید امین القادری قبلہ کا یہ قدم قابل ستائش ہے ہم انکے حق میں دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے آمین ۔اسی طرح انہوں نے شہریان مالیگاؤں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمتہ اللہ علیہ کے نام سے مالیگاؤں میں ملٹی اسپیشلٹی ہاسپٹل کا افتتاح کرنا قابل تعریف عمل ہے ۔یہاں امیر سنی دعوت اسلامی شاکر علی نوری نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کرنا بہترین عمل ہے، بندوں کی خدمت کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ پسند کرتا ہے اور سنی دعوت اسلامی کے مقامی نگراں سید امین القادری قبلہ اور شہریان مالیگاؤں نے ایک تاریخی کام انجام دیا ہے ۔اللہ تعالیٰ انہیں بہترین جزائے خیر عطا فرمائے آمین ثم آمین ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اس ہاسپٹل کو اپنا سمجھیں ۔انہوں نے کہا کہ اس ہاسپٹل سے ہر مریض کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں لوگوں کو بیمار ہوکر دربدر بھٹکتے دیکھا گیا جو کہ افسوسناک واقعہ تھا ۔انہیں تکالیف کو دور کرنے کیلئے سنی دعوت اسلامی نے انسانیت کی خدمت کا ایک شاندار نمونہ یہاں پیش کیا ہے ۔انہوں نے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس عمل کو قبول فرمائے اور نظر بد سے بچائے آمین ثم آمین یا رب العالمین ۔یہاں ماہرہ شریف کے سید امان میاں نے کہا کہ سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے نام سے ملٹی اسپیشلٹی ہاسپٹل کا افتتاح مالیگاؤں کی تاریخ کا روشن باب ہے ۔انہوں نے شہریان مالیگاؤں کو اس عمل پر مبارکباد پیش کی اور دعاؤں سے بھی نوازا ۔
اس موقع پر مولانا سید امین القادری قبلہ نے ملک بھر سے تشریف لائے معززین علماء کرام و مشائخین اور مبلغین و نگراں سنی دعوت اسلامی کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ ان علماء کرام کی شہر آمد یقیناً ہمارے لئے باعث فخر و انبساط ہے ۔مولانا سید امین القادری قبلہ نے کہا کہ یہ تاریخی کام سنی دعوت اسلامی کے ایک ایک فرد کی جدوجہد اور مخیرانِ قوم و ملت کے تعاون سے انجام دیا گیا ہے میں اس موقع پر انہیں بھی مبارکباد و شکریہ پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان تعاون کرنے والوں کو بہترین جزائے خیر عطا فرمائے آمین ثم آمین ۔موصوف نے کہا کہ یہ ہاسپٹل ملٹی اسپیشلٹی رہیگا جس میں ہر طرح کی بیماریوں کو علاج مناسب و رعایتی فیس میں کیا جائے گا ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com