اب مالیگاؤں میں بول بچن نہیں، تعمیر و ترقی کی سیاست چلے گی: میئر نسرین شیخ



اب مالیگاؤں میں بول بچن نہیں، تعمیر و ترقی کی سیاست چلے گی: میئر نسرین شیخ
 


شیخ رشید کا دیکھا خواب آج حقیقت بن گیا، واڈیا ہاسپٹل کا افتتاح، عوام کیلئے وقف



دو ماہ میں سرکاری اسکیمیں اور مکمل اسٹاف فراہم کرنے دادا بھسے کا اعلان، تعلیم اور صحت پر توجہ ضروری 




مالیگاؤں: 2 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) شہر کے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے 100 بیڈ پر مشتمل واڈیا ہاسپٹل کی نئی عمارت کا افتتاح گاندھی جینتی کے موقع پر وزیرِ تعلیم دادا بھسے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر میئر نسرین شیخ خالد، ڈپٹی میئر شانِ ہند، اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین اعجاز بیگ، کمشنر رویندر جادھو، کارپوریٹرس، افسران اور بڑی تعداد میں عوام موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم دادا بھسے نے کہا کہ شیخ رشید صاحب نے جو خواب دیکھا تھا، وہ آج پورا ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے تمام ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک انتہائی خوبصورت واڈیا ہاسپٹل تعمیر ہوکر عوام کے سامنے موجود ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جو بھی مریض اس ہاسپٹل میں علاج کیلئے آئے گا، وہ صحت یاب ہوکر اپنے گھر واپس جائے گا۔


دادا بھسے نے کہا کہ کچھ دواخانے کاروبار کیلئے ہوتے ہیں جبکہ کچھ دواخانے خدمت کیلئے ہوتے ہیں۔ اچھے ڈاکٹر اور بہتر علاج مریض کی صحت یابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہاسپٹل کیلئے اسٹاف جلد فراہم کیا جائے گا جبکہ تمام متعلقہ سرکاری طبی اسکیمیں دو ماہ کے اندر نافذ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کارپوریٹرس اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے دیگر کاموں کو آگے پیچھے کرتے ہوئے تعلیم اور طب کے مسائل کو ترجیح دیں۔ دادا بھسے نے کہا کہ شیخ رشید صاحب کی کوششوں سے یہ ہاسپٹل وجود میں آیا ہے، اب اس کی حفاظت اور دیکھ بھال کرنا عوام کی ذمہ داری ہے۔وزیرِ تعلیم نے مزید کہا کہ آصف شیخ اور انہوں نے باہمی طور پر یہ طے کیا ہے کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ اس کیلئے ریاستی حکومت سے فنڈز لانا ان کی ذمہ داری ہوگی، جبکہ کارپوریشن کے اساتذہ کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کریں۔


پروگرام کی صدر میئر نسرین شیخ خالد نے اپنے خطاب میں وزیرِ تعلیم دادا بھسے، ڈپٹی میئر شانِ ہند، اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین اعجاز بیگ، کمشنر رویندر جادھو، تمام کارپوریٹرس اور کارپوریشن کے افسران کا استقبال کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔میئر نے کہا کہ 2 اکتوبر گاندھی جینتی کا دن مالیگاؤں کیلئے ایک تاریخی دن ہے اور انہیں خوشی ہے کہ آج سے اس عالیشان واڈیا ہاسپٹل کو عوام کی خدمت کیلئے وقف کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے ہر دل عزیز لیڈر مرحوم شیخ رشید صاحب نے اپنی زندگی میں ہارون انصاری ہاسپٹل تعمیر کرکے عوام کیلئے وقف کیا تھا اور واڈیا و علی اکبر ہاسپٹل کی نئی عمارتوں کی تعمیر کو منظوری دے کر سنگ بنیاد بھی رکھا تھا۔ آج ان کے خوابوں میں سے ایک منصوبہ پایۂ تکمیل کو پہنچا ہے۔میئر نسرین شیخ نے کہا کہ اب مالیگاؤں شہر میں کام کاج کی سیاست چلے گی، بول بچن کی سیاست نہیں۔ عوام کو محض وعدے نہیں بلکہ عملی کام چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر فرنٹ کے قائد آصف شیخ رشید کی سرپرستی میں شہر میں بنیادی سہولیات، نئی سڑکوں اور بہتر طبی سہولیات سمیت مختلف ترقیاتی کام انجام دیئے جارہے ہیں۔انہوں نے وزیرِ تعلیم دادا بھسے سے مطالبہ کیا کہ مہاراشٹر حکومت سے مالیگاؤں کی ترقی کیلئے زیادہ سے زیادہ فنڈز لائے جائیں اور شہر کی نمائندگی کی جائے تاکہ تمام لوگ مل کر مالیگاؤں کو ترقی کی راہ پر آگے لے جاسکیں۔
اس موقع پر کمشنر رویندر جادھو نے کہا کہ تقریباً 15 کروڑ روپے کے فنڈ سے واڈیا ہاسپٹل کی نئی عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ ہاسپٹل میں فائر سیفٹی سسٹم، آکسیجن کی سہولت سمیت مختلف جدید انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ تعلیم دادا بھسے کے تعاون سے شہر میں مزید تعمیری کام جاری ہیں۔ڈپٹی میئر شانِ ہند نے واڈیا ہاسپٹل کو مالیگاؤں کی تاریخ کا اہم باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک ہاسپٹل نہیں بلکہ شہر کی عوامی خدمت سے جڑا اہم منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ ایک ڈسپنسری تھا، لیکن شیخ رشید صاحب کی کوششوں سے اسے 100 بیڈ کے ہاسپٹل میں تبدیل کیا گیا۔ اب اس کی حفاظت کرنا عوام کی ذمہ داری ہے۔شانِ ہند نے وزیر دادا بھسے سے مطالبہ کیا کہ آیوشمان بھارت، جیون دائی سمیت دیگر سرکاری طبی اسکیمیں کارپوریشن کے تمام ہاسپٹل میں نافذ کی جائیں، جس سے کارپوریشن پر مالی بوجھ کم ہوگا اور عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ علی اکبر ہاسپٹل کا کام بھی جلد مکمل کیا جائے گا اور سیکولر فرنٹ کی جانب سے شہر میں مزید ترقیاتی کام کئے جارہے ہیں۔

طاہرہ شیخ رشید نے کہا کہ مرحوم شیخ رشید صاحب عوامی فلاح و بہبود کیلئے ہمیشہ فکر مند رہتے تھے اور واڈیا ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے دن رات کوشش کرتے رہے۔ آج یہ ہاسپٹل عوام کیلئے وقف کیا جارہا ہے۔ انہوں نے وزیرِ تعلیم دادا بھسے سے اپیل کی کہ شیخ رشید صاحب کے منصوبے کے مطابق ہاسپٹل میں مزید سہولیات فراہم کرنے کیلئے تعاون کیا جائے۔کارپوریشن کے ہیلتھ آفیسر ڈولارے نے ہاسپٹل میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بتایا کہ یہاں او پی ڈی کے ساتھ شوگر، بلڈ پریشر، بچوں اور خواتین کے امراض کے علاج کی سہولت دستیاب ہوگی، جبکہ آپریشن تھیٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔اس موقع پر اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین اعجاز بیگ نے کہا کہ شہر میں تعمیر و ترقی ہونی چاہیے اور کارپوریشن کی جانب سے اس سمت میں کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سوچ مثبت اور نیت اچھی ہو تو ترقیاتی کام ممکن ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ رشید اور طاہرہ شیخ نے واڈیا، علی اکبر اور ہارون انصاری ہاسپٹل کا منصوبہ پیش کیا، جبکہ وہ خود امن چوک میں 32 بیڈ کا ہاسپٹل بنانے کی سمت میں کام کررہے ہیں۔اعجاز بیگ نے مرحوم شیخ رشید اور طاہرہ شیخ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ واڈیا ہاسپٹل کی صفائی، دیکھ بھال اور حفاظت کی ذمہ داری صرف کارپوریشن کی نہیں بلکہ عوام کی بھی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس عوامی اثاثے کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے