مالیگاؤں کے 10 پرائیوٹ اسپتالوں کو میونسپل کارپوریشن کی نوٹس، لائسنس منسوخ کرنے اور جرمانے کا انتباہ



مالیگاؤں کے 10 پرائیوٹ اسپتالوں کو میونسپل کارپوریشن کی نوٹس، لائسنس منسوخ کرنے اور جرمانے کا انتباہ
 


’مریضوں سے وصول کی جانے والی فیس چارٹ اور حقوق کی تفصیلات' نمایاں نہ کرنے پر کارروائی ہوگی 




مالیگاؤں: 18 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر کے نجی اسپتالوں میں مریضوں کے حقوق اور علاج کے اخراجات سے متعلق مقررہ معلومات نمایاں طور پر آویزاں نہ کیے جانے کے معاملے میں میونسپل کارپوریشن کے محکمۂ صحت نے کارروائی شروع کردی ہے۔ محکمۂ صحت کی جانب سے شہر کے 10 نجی اسپتالوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق، ممبئی نرسنگ ہوم ایکٹ 1949 اور 2021 کی ترمیم شدہ دفعات کے تحت میونسپل حدود میں آنے والے نجی اسپتالوں، کلینکس اور سونوگرافی مراکز کے لیے علاج کے مختلف اخراجات کا شرح نامہ (Rate List) اور مریضوں کے حقوق کا منشور (Patient Rights Charter) نمایاں مقام پر آویزاں کرنا ضروری ہے۔میونسپل کارپوریشن کے محکمۂ صحت کی جانب سے نجی اسپتالوں کا اچانک معائنہ کیا گیا۔اس دوران بعض اسپتالوں میں مذکورہ معلومات کے بورڈ نمایاں طور پر موجود نہ ہونے کی نشاندہی ہوئی۔ محکمۂ صحت کے مطابق، بعض مقامات پر ضابطوں کی خلاف ورزی سے متعلق دیگر امور بھی سامنے آئے، جس کے بعد متعلقہ اسپتالوں کو نوٹس جاری کیے گئے۔

ان 10 اسپتالوں کو نوٹس

میونسپل کارپوریشن کے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جن 10 نجی اسپتالوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، ان میں ایمس اسپتال، اقرا اسپتال، سائی سیوا اسپتال، دیا آئی کیئر اسپتال، پوار اسپتال، سنکلپ اسپتال، من شری اسپتال، شیوم اسپتال، جاجو اسپتال اور آشیرواد ڈے کیئر اسپتال شامل ہیں۔محکمۂ صحت نے متعلقہ اسپتال انتظامیہ سے ضابطوں کی خلاف ورزی کے سلسلے میں وضاحت طلب کی ہے۔ انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ مریضوں کے حقوق کا منشور اور علاج کے اخراجات کا شرح نامہ فوری طور پر نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے۔

خلاف ورزی جاری رہی تو سخت کارروائی

مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جتیندر ڈولارے نے شہر کے تمام نجی اسپتالوں، کلینکس اور سونوگرافی مراکز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ قوانین کی پابندی کرتے ہوئے مریضوں کے حقوق کا منشور اور شرح نامہ نمایاں مقام پر آویزاں کریں۔انہوں نے انتباہ دیا کہ آئندہ معائنے کے دوران اگر کسی اسپتال میں یہ معلومات آویزاں نہیں پائی گئیں تو ممبئی نرسنگ ہوم ایکٹ کے تحت جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ لائسنس معطل کرنے جیسی انتظامی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔میونسپل کارپوریشن کے اس اقدام سے شہر کے نجی اسپتالوں اور طبی مراکز میں ضابطوں کی پابندی کو لے کر انتظامیہ کی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے