اسلام پارٹی کا دوسرا یوم تاسیس،چار روزہ پروگرام کا اعلان،عوام سے شرکت کی اپیل
مشہور سنگر حیدر سیف کے علاوہ مہاراشٹر بھر سے اسلام پارٹی کے لیڈران کی مالیگاؤں آمد، عظیم الشان تاریخی اجلاس کا فیصلہ
اسلام پارٹی کی پریس کانفرنس، سب کو ساتھ لیکر شہر میں مزید تعمیری کام کرنے کا اعلان
مالیگاؤں: 2 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) انڈین سیکولر لارجسٹ اسمبلی آف مہاراشٹرا (اسلام) پارٹی کے قائد شیخ آصف ،پارٹی کے قومی صدر نوید خطیب احمد، پارٹی کے مقامی صدر اعجاز عمر، سیکرٹری ابراہیم دادا میاں نے پارٹی کے دوسرے یومِ تاسیس کے موقع پر چار روزہ تفصیلی پروگراموں اور تنظیمی حکمتِ عملی کا اعلان ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ اس سے قبل اس سلسلے میں منعقدہ ایک اہم مشورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آصف شیخ نے کہا کہ پارٹی کا کوئی بھی عہدیدار، کارپوریٹر یا لیڈر پارٹی سے بڑا نہیں ہو سکتا۔ پارٹی کا پرچم، اے بی فارم اور کارکناں کی محنت ہی ہماری حقیقی طاقت ہے اور اسی بنیاد پر شہر کی عوام نے ہمیں کارپوریشن میں 35 نشستوں پر کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔شیخ آصف نے پارٹی کے قیام کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب پہلی بار اسمبلی انتخابات کی ضابطہ اخلاق نافذ ہو چکا تھا اور پرچہ نامزدگی کے صرف چند دن باقی تھے، اس وقت الیکشن کمیشن سے رجسٹریشن ملنے کے بعد ڈائمنڈ لانس میں پارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی۔اگرچہ پہلے اسمبلی الیکشن میں محض 162 ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن نئی پارٹی اور نئے نشان پر تقریباً 1,10,000 ووٹ حاصل کرنا ایک بڑی کامیابی تھی۔ بعد ازاں کارپوریشن انتخابات میں شہر کی عوام کے تعاون سے پارٹی نے 45 میں سے 35 نشستوں پر شاندار فتح حاصل کی اور میئر بنانے میں کامیاب رہی۔
چار روزہ یومِ تاسیس پروگرام کا شیڈول
پارٹی کے دوسرے یومِ تاسیس کے موقع پر 20 اکتوبر سے 23 اکتوبر تک مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا ۔جس میں 20 اکتوبر (بروز منگل): شام 5:00 بجے پارٹی آفس پر پرچم لہرایا جائے گا۔اسی کے ساتھ مائنارٹی سیل کی جانب سے پارٹی کے سینئر اور بزرگوں اور جاں باز ورکروں کا استقبال و اعزاز کیا جائے گا۔21 اکتوبر (بروز بدھ): دوپہر 12:00 بجے ڈائمنڈ لانس میں میئر نسرین شیخ اور سابق میئر طاہرہ شیخ کی موجودگی میں لیڈیز ونگ، لیڈیز کارپوریٹرز اور خاتون ورکروں کا ایک خاص اجلاس اور استقبالیہ پروگرام ہوگا۔ 22 اکتوبر (بروز جمعرات): یوتھ ونگ کی جانب سے شہر کے سرکاری، میونسپل اور نجی ہسپتالوں میں مریضوں کو کھانا اور پھل تقسیم کیے جائیں گے۔23 اکتوبر (بروز جمعہ): دوپہر 4:00 سے 6:00 بجے تک ڈائمنڈ لانس میں مہاراشٹرا کیڈر اور ایگزیکٹو کی اہم میٹنگ ہوگی جس میں دیگر اضلاع کے علاوہ مہاراشٹر کے باہر گجرات و مدھیہ پردیش سے بھی ذمہ داران شرکت کریں گے۔ بعد ازاں شام 7:00 بجے نیشنل کمپاؤنڈ کے پیچھے فیسٹیول گراؤنڈ پر ایک عظیم الشان تاریخی جلسہ عام منعقد ہوگا۔
رکنيت سازی مہم اور آئندہ کے اہداف
شیخ آصف نے مزید اعلان کیا کہ آنے والے جمعہ (9 اکتوبر) سے شہر میں پارٹی کی فعال رکنیت سازی (ممبر شپ) مہم شروع کی جائے گی۔ اس مہم کے تحت مرد و خواتین (18 سال سے زائد عمر) دونوں کے لیے الگ ٹیبلز لگا کر لاکھوں کی تعداد میں نئے اراکین جوڑنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ معروف گلوکار حیدر سیف جلسہ عام کے موقع پر پارٹی کے تیار کردہ نغمے اور لانچنگ کو براہِ راست پیش کریں گے۔ انہوں نے تمام کارپوریٹرز، عہدیداروں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے وارڈوں سے پرچم اور میوزک کے ساتھ جلسہ گاہ پہنچیں اور ان پروگراموں کو کامیاب بنائیں۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com