ایولہ میں دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد، اے ٹی ایس اور پولس کی مشترکہ کارروائی



ایولہ میں دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ برآمد، اے ٹی ایس اور پولس کی مشترکہ کارروائی،تین افراد کے خلاف مقدمہ درج


اسٹون کریشر پر چھاپہ، 26 باکس جیلیٹن اور 1,595 کمرشل ڈیٹونیٹر ضبط،ملزمان کی تلاش جاری



ناسک / ایولہ: یکم اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) ناسک ضلع کے ایولہ تعلقہ میں انسدادِ دہشت گردی اسکواڈ (ATS) اور ایولہ تعلقہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیے گئے دھماکہ خیز مواد کی بڑی کھیپ برآمد کی ہے۔ اس کارروائی کے دوران جیلیٹن کے 26 باکس اور 1,595 کمرشل ڈیٹونیٹر ضبط کیے گئے۔ اس معاملے میں تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ پولیس کے مطابق تینوں ملزمان فی الحال فرار ہیں۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق 30 ستمبر 2026 کو دوپہر تقریباً ایک بجے ایولہ تعلقہ کے وایبھوٹی گاؤں میں واقع ’شری سائی ماتوشری اسٹون کریشر‘ پر چھاپہ مارا گیا۔ اے ٹی ایس اور مقامی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے کارروائی کے دوران مختلف کمپنیوں کے جیلیٹن اور کمرشل ڈیٹونیٹر برآمد کیے، جنہیں مبینہ طور پر بغیر قانونی اجازت کے ذخیرہ کیا گیا تھا۔پولیس کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق کارروائی میں تقریباً 90 ہزار 172 روپے مالیت کے جیلیٹن کے 26 باکس ضبط کیے گئے۔ ان میں ’سپر پاور 19X سولر ایکسپلواکیم لمیٹڈ‘ اور ’پاور 90 ڈائینکس‘ کمپنی کے جیلیٹن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 14 ہزار 355 روپے مالیت کے 1,595 کمرشل ڈیٹونیٹر بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیے۔ اس طرح ضبط کیے گئے دھماکہ خیز مواد کی مجموعی تخمینی مالیت ایک لاکھ 4 ہزار 527 روپے بتائی گئی ہے۔


پولیس کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ وہ کان کنی اور دیگر متعلقہ کاموں کے لیے ذاتی مالی فائدے کی غرض سے بغیر سرکاری اجازت دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کر رہے تھے۔ اس طرح کے خطرناک مواد کو مناسب اجازت اور حفاظتی انتظامات کے بغیر رکھنا مقامی آبادی اور انسانی جانوں کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ اسی معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے متعلقہ محکموں نے مشترکہ کارروائی انجام دی۔

اس معاملے میں پولیس اہلکار سچن ہیرامن دراڈے کی شکایت پر ایولہ تعلقہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ نمبر 554/2026 درج کیا گیا ہے۔ درج مقدمے میں بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) کی دفعات 288 اور 353 کے علاوہ ایکسپلوسیو سبسٹنس ایکٹ 1908 کی دفعات 4 اور 5 شامل کی گئی ہیں۔پولیس نے اس معاملے میں نتن بھاسکر گائیکواڑ، بھگوان سریش واگھ اور شراد آبا صاحب بھٹ کو ملزم نامزد کیا ہے۔ تینوں کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں مختلف مقامات پر تلاش اور چھاپہ ماری کر رہی ہیں۔کیس کی مزید تفتیش پولس سب انسپکٹر تشار مالوڑے کے سپرد ہے۔ پولیس کی جانب سے ضبط شدہ مواد کے معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے بعد اس غیر قانونی ذخیرہ اندوزی سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے