مالیگاؤں میں مسلم ووٹرز کے نام حذف ہونے کا سنگین خطرہ، اسلام پارٹی کی ہنگامی کارنر میٹنگ شروع

 مالیگاؤں میں مسلم ووٹرز کے نام حذف ہونے کا سنگین خطرہ، اسلام پارٹی کی ہنگامی کارنر میٹنگ شروع 

 

بی جے پی نواز الیکشن کمیشن کی مبینہ سازش کے خلاف اسلام پارٹی متحرک، 29 جولائی تک فارم بھرنے کی آخری مہلت، عوام سے اپیل


​"77 ہزار ووٹرز کی میپنگ غائب، 1 لاکھ 26 ہزار کے ناموں میں تضاد؛ اگر ووٹرز نے BLOs کے گھروں کا گھیراؤ کیا تو میں ذمہ دار نہیں ہوں گا":آصف شیخ 


مالیگاؤں میں ایس آئی آر بیداری مہم و کارنر میٹنگ کا آغاز

​مالیگاؤں : 17 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں سینٹرل اسمبلی حلقہ میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی درجہ بندی (SIR) مہم کے سلسلے میں ایک اہم اور ہنگامی بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ گلشیر نگر، وارڈ نمبر 21 میں منعقدہ اس پہلی بیداری میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے ووٹر لسٹوں میں بڑے پیمانے پر جاری مبینہ گڑبڑ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور عوام کو خبردار کیا کہ وہ اپنے ووٹ کے حق کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری طور پر بیدار ہوں۔ انہوں نے سخت لہجے میں انتباہ دیا کہ اگر ووٹر لسٹ سے نام غائب ہونے پر عوام کا غصہ پھوٹ پڑا اور انہوں نے بی ایل او (BLO) کے گھروں کا گھیراؤ کیا، تو اس کی ذمہ داری ان پر عائد نہیں ہوگی۔​آصف شیخ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے گزشتہ دو ماہ سے جاری میپنگ کے سنسنی خیز اور چونکا دینے والے اعداد و شمار عوام کے سامنے رکھتے ہوئے بتایا کہ مالیگاؤں سنٹرل اسمبلی میں کل 3 لاکھ 18 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔ تاہم، ان میں سے 77 ہزار ووٹرز کی میپنگ سرے سے ہو ہی نہیں سکی ہے، جبکہ 1 لاکھ 26 ہزار ووٹرز ایسے ہیں جن کی میپنگ تو ہوئی ہے لیکن ان کا ڈیٹا میچ نہیں ہو رہا۔ انہوں نے اسے ایک سنگین سیاسی اور تکنیکی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی روایتی سیاسی میٹنگ نہیں بلکہ شہر کے وجود اور عوام کے بنیادی حق کی بقا کی لڑائی ہے۔



​​اپنے خطاب میں انہوں نے الزام لگایا کہ فارم گھر گھر پہنچانے کی ذمہ داری BLOs اساتذہ کو دی گئی تھی، مگر بہت سے اساتذہ اپنی ذمہ داری ایمانداری سے ادا نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ اگر بی ایل او فارم نہ دے، تو ان سے زبردستی رابطہ کر کے فارم حاصل کریں اور اسے مراٹھی زبان میں پُر کریں۔ آصف شیخ نے تاکید کی کہ فارم جمع کراتے وقت بی ایل او سے دستخط شدہ زیراکس کاپی بطور ثبوت لازمی حاصل کریں تاکہ مستقبل میں کوئی قانونی اڑچن نہ آئے۔


​​مہم کی حساسیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ​29 جولائی 2026 فارم بھرنے کی آخری تاریخ ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن کا پورٹل بند کر دیا جائے گا۔​5 اگست کو فارم کی قبولیت یا مسترد ہونے کی صورتحال واضح ہوگی۔​جن ووٹرز کا نام میچ نہیں کرے گا، انہیں الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹس جاری کیا جائے گا جو بی ایل او گھر پہنچائے گا۔​نوٹس ملنے کے بعد شہریوں کو ہیئرنگ (سماعت) میں شامل ہونا پڑے گا، جہاں انہیں 11 منظور شدہ دستاویزات (مثلاً والدین کا ووٹر کارڈ، پیدائشی سرٹیفکیٹ، لیونگ سرٹیفکیٹ، مارک شیٹ، یا پاسپورٹ) میں سے کوئی بھی ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں اسلام پارٹی نے باقاعدہ ہیلپ ڈیسک قائم کیے ہیں جو شہریوں کے کاغذات مرتب کر کے افسران کے سامنے پیش کرنے میں مدد کریں گے۔​آصف شیخ نے بی جے پی حکومت پر نشانہ سادھتے ہوئے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن کے تعاون سے مسلم اکثریتی علاقوں کے ووٹ کاٹنے کی منظم کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر 7 اکتوبر کو شائع ہونے والی حتمی ووٹر لسٹ میں نام شامل نہ ہو سکا تو مالیگاؤں کے عوام کے لیے ایک بڑا بحران کھڑا ہو جائے گا۔ انہوں نے گھروں میں موجود ماؤں، بہنوں، نوجوانوں اور بزرگوں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کو ہلکا نہ لیں اور ہنگامی پیمانے پر اپنے ووٹوں کی تصدیق کروائیں۔​ آصف شیخ نے عوام سے نظم و ضبط برقرار رکھتے ہوئے اس قومی و ملی مہم میں فوری طور پر حصہ لینے کی پرزور اپیل کی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے