مالیگاؤں : چجادو ٹونے کا پردہ فاش،فارم ہاؤس پر چھاپہ، 9 افراد گرفتار ، پولس کی بڑی کارروائی



 مالیگاؤں : جادو ٹونے کا پردہ فاش،فارم ہاؤس پر چھاپہ، 9 افراد گرفتار ، پولس کی بڑی کارروائی 


​مالیگاؤں : 27 جون (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں تعلقہ کے مونگسے (Mungse) گاؤں کی حدود میں واقع ایک فارم ہاؤس پر چلنے والے مبینہ جادو ٹونے اور اچھوتی رسومات کا مالیگاؤں تعلقہ پولس نے پردہ فاش کر دیا ہے۔ پولس نے اس کارروائی میں 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولس ذرائع کے مطابق، جمعرات 25 جون کی رات کو پولس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ مونگسے کے ’ایلا فارم‘ (Ela Farm) پر کچھ لوگ جمع ہو کر غیر قانونی طور پر جادو ٹونے اور اچھوتی رسومات انجام دے رہے ہیں۔ اس اطلاع پر سینیئر پولس افسران کی ہدایت پر پولس ٹیم نے فوری طور پر فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا۔چھاپے کے دوران پولس نے موقع واردات سے جادو ٹونے میں استعمال ہونے والا مشتبہ سامان ضبط کیا، جس میں لیموں، ہری چھڑی، ہلدی، کُم کُم، سرخ اور کالے دھاگے میں پروئے ہوئے لیموں، کالی اڑد (مونگ)، اگربتی اور رائی جیسی اشیاء شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تانبے کے برتن اور مختلف رنگوں کے کپڑے بھی برآمد ہوئے ہیں۔

پولس نے اس معاملے میں مہاراشٹر جادو ٹونا مخالف اور توہم پرستی کے خاتمے کے قانون (Anti-Superstition and Black Magic Act) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔گرفتار کیے گئے افراد کا تعلق مالیگاؤں، ناسک، پونہ، ناندگاؤں اور ساکوری سے بتایا جا رہا ہے۔ پولس افسر کے مطابق گرفتار شدگان میں 7 افراد مالیگاؤں کے رہنے والے ہیں جبکہ دیگر باہر کے علاقوں سے ہیں، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے ۔
​ملزمان کو مالیگاؤں کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں معزز عدالت نے انہیں اتوار تک پولیس ریمانڈ میں رکھنے کا حکم دیا ہے ۔پولیس فرار ہونے والے ایک اور مشتبہ شخص کی تلاش کر رہی ہے اور معاملے کی مزید تفتیش مالیگاؤں تعلقہ پولیس کے ذریعے جاری ہے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے