ٹی ای ٹی (TET) کا پرچہ لیک! 28 جون کا امتحان ملتوی، بھیونڈی میں پولیس کا چھاپہ، مقدمہ درج: متحانی کونسل

ٹی ای ٹی (TET) کا پرچہ لیک! 28 جون کا امتحان ملتوی، بھیونڈی میں پولیس کا چھاپہ، مقدمہ درج



امتحانی کونسل کی پریس ریلیز جاری،امتحان کی آئندہ تاریخ کا اعلان ویب سائٹ پر کیا جائے گا 



​پونہ / بھیونڈی: 27 جون (بیباک نیوز اپڈیٹ)مہاراشٹر اسٹیٹ کونسل آف ایگزامینیشنز (مہاراشٹر راجیہ پریکشا پریشد، پونے) کی جانب سے کل یعنی 28 جون 2026 کو ریاست بھر میں منعقد ہونے والے 'ٹیچر ایلیجیبلٹی ٹیسٹ' (TET) 2026 کا پیپر لیک ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ بھیونڈی میں پولیس کی ایک کارروائی کے بعد اور ٹی ای ٹی کے سوالات میچ ہونے کی تصدیق کے بعد اچانک لیا گیا۔​کونسل کے کمشنر کی جانب سے جاری کردہ آفیشل پریس ریلیز کے مطابق، یہ امتحان ریاست بھر کے 1028 مراکز پر منعقد ہونا طے پایا تھا اور NEET 2026 کے امتحانات میں ہونے والی حالیہ بے ضابطگیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کونسل نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے۔

​بھیونڈی میں پولس کارروائی اور مقدمہ

پریس اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ آج (27 جون 2026) کی صبح سویرے خفیہ معلومات کی بنیاد پر بھیونڈی پولیس نے چند مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارا، جن کے پاس امتحان کے سوالیہ پرچے کے حوالے سے معلومات ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس کی اطلاع پر مہاراشٹر اسٹیٹ کونسل آف ایگزامینیشن کے حکام کو فوری طور پر تصدیق کے لیے بلایا گیا۔ جانچ کے دوران یہ سنسنی خیز انکشاف ہوا کہ ان مشتبہ افراد کے پاس موجود کچھ سوالات کل ہونے والے اصل TET جون 2026 کے سوالیہ پرچے سے ہو بہو میل کھا رہے تھے۔ اس سنگین معاملے کو دیکھتے ہوئے بھیونڈی پولیس اسٹیشن میں متعلقہ دفعات کے تحت مجرمانہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

​شفافیت کے لیے امتحان ملتوی:

کونسل نے واضح کیا ہے کہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور امتحان کی مکمل شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے 28 جون 2026 کو ہونے والے امتحان کو فی الحال ملتوی کیا جا رہا ہے۔ کونسل کا موقف ہے کہ اس پورے معاملے کی گہرائی سے انکوائری اور تفتیش ہونا انتہائی ضروری ہے، تاکہ کسی بھی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔

​تازہ ترین معلومات کے لیے ہدایت:

ٹیچر ایلیجیبلٹی ٹیسٹ (TET) کی نئی تاریخوں اور دیگر تازہ ترین اپڈیٹس کے بارے میں امیدواروں کو کونسل کی آفیشل ویب سائٹ پر مطلع کیا جائے گا۔ کونسل نے امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور ویب سائٹ پر نظر رکھیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے