شالارتھ آئی ڈی گھوٹالے میں بڑا ملزم پرشانت واڈیلے گرفتار،دھولیہ میں پریس کانفرنس،عدالتی انکوائری کا مطالبہ
دھولیہ : 12جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) شالارتھ آئی ڈی (اسکول آئی ڈی) کے بڑے گھوٹالے میں ناسک اکنامک آفینس ونگ (EOW) نے اہم کارروائی کرتے ہوئے دھولیہ سے ایک بڑے ملزم پرشانت واڈیلے کو گرفتار کیا ہے۔ یہ گھوٹالہ مہاراشٹر کے تعلیمی شعبے میں بڑی ہلچل کا باعث بنا ہوا ہے۔اس ضمن میں دھولیہ ضلع کے آر پی آئی لیڈر پنکش ساڑنکھے نے اج دھولیہ میں پریس کانفرنس کے دوران یہ انکشاف کیا کہ پرشانت واڈیلے کے پاس 65 اسکولوں کی ذمہ داری تھی، لیکن صرف دو اسکولوں جو شنگھڑا اور سکھیرلا گاؤں کے ریکارڈ اس کے نام تھے۔باقی اسکولوں میں جعلی طریقے سے کام کیا جا رہا تھا۔
دھولیہ اور جلگاؤں اضلاع میں اب تک 894 ٹیچرز کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔اس تعلق سے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے بھی تین ڈپٹی ڈائریکٹرز پر بھی کیسز درج ہیں۔ناسک ای او ڈبلیو نے دھولیہ سے کارروائی شروع کی ہے، جس میں پرشانت واڈیلے پہلا بڑا ملزم بتایا جارہا ہے۔پنکش ساڑنکھے کے مطابق دھولیہ ضلع میں مزید 3 بڑے ایجنٹ اور 12 ادارے پولس کی رڈار پر ہیں، جن کی کل تعداد 15 ہے۔ جلد ہی انکی گرفتاریاں متوقع ہیں۔
پریس کانفرنس سے پنکش ساڑنکھے نے بتایا کہ دو سال پہلے ہی SIT انکوائری کا مطالبہ میں نے کیا تھا، جس پر گزشتہ سال عمل درآمد ہوا۔ انہوں نے ناسک ای او ڈبلیو کے افسران کا شکریہ ادا کیا اور مزید کارروائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ کیس اب ممبئی ہائی کورٹ میں ہے، جہاں 18 جولائی کو سماعت متوقع ہے۔ساڑنکھے نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کیس میں جاری تمام تفتیش کو خارج کرکے عدالتی (جوڈیشیل) انکوائری کی جائے ۔خیال رہے یہ گھوٹالہ مہاراشٹر بھر میں تعلیمی اداروں، ٹیچرز اور افسران کو متاثر کر رہا ہے، جس میں جعلی شالارتھ آئی ڈیز بناکر کروڑوں روپے کا گھپلا کیا گیا۔تفتیش جاری ہے اور مزید گرفتاریاں ہونے کی توقع ہے۔وہیں دوسری جانب تعلیمی حلقوں میں یہ بازگشت سنائی دے رہی ہے کہ پرشانت واڈیلے مالیگاؤں شہر کا دورہ بھی کرچکا ہے اور پرشانت واڈیلے نے مالیگاؤں شہر کے کچھ تعلیمی اداروں کے ساتھ میٹنگ بھی کی ہے ۔شہر کے تعلیمی اداروں اور ایجنٹ سے بھی واڈیلے کے تعلق بتائے جارہے ہیں ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ جانچ پڑتال میں اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے؟

0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com