"نوجوان نسل بھارت کا مستقبل ہے" : ضلع ایس پی ڈاکٹر سوامی، پولس انتظامیہ کی نشہ مخالف مہم
طلباء نے لیا ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دینے کا عہد، AMT ایم ٹی کیمپس مالیگاؤں ہائی اسکول میں یادگار بیداری پروگرام
ایس پی ڈاکٹر ڈی ایس سوامی اور ایڈیشنل ایس پی سورج گنجل کی خصوصی شرکت
مالیگاؤں :18 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ)نوجوان نسل کو نشے کی تباہ کاریوں سے بچانے اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ناسک دیہی پولس کی جانب سے مالیگاؤں شہر کے معروف تعلیمی ادارہ AMT (مالیگاؤں ہائی اسکول) کیمپس میں ایک موثر اور انتہائی اہم بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس منفرد پروگرام میں ناسک رورل پولس کے سپرنٹنڈنٹ آف پولس ڈاکٹر ڈی ایس سوامی اور ایڈیشنل ایس پی سورج گنجل نے خصوصی طور پر شرکت کی اور نوجوانوں کی رہنمائی کی۔پروگرام کے دوران کیمپس کے طلباء و طالبات میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ طلباء نے نشے کے مضر اثرات پر مبنی تقریری مقابلوں اور دیگر اصلاحی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ اس موقع پر سینئر کالج کے طلباء کی جانب سے ایک جاندار بحث و مباحثہ (ڈیبیٹ) بھی منعقد کیا گیا، جس میں سماجی اور انفرادی سطح پر نشے کے استعمال اور اس کی روک تھام کے طریقوں پر تفصیلی اور صحت مند گفتگو کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر سیکڑوں طلباء نے معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنے کے لیے پولس انتظامیہ کا ساتھ دینے کا پختہ عہد کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی ڈاکٹر ڈی ایس سوامی نے زور دے کر کہا کہ نوجوان نسل ہی بھارت کا اصل مستقبل ہے، اس لیے انہیں نشے کی دلدل سے دور رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ بچوں کو اس لعنت سے آگاہ کرنے اور ان کی تعلیم کی حفاظت کے لیے تمام اسکولوں اور کالجوں میں یہ مہم چلائی جا رہی ہے۔ ایس پی نے مزید انکشاف کیا کہ طلباء نے نشے کے خلاف ایک اثر انگیز گانا بھی تیار کیا ہے، جسے مالیگاؤں کے ہر محلے، گلی اور گھر گھر تک پہنچایا جائے گا تاکہ والدین کو بھی اس مہم کا حصہ بنایا جا سکے۔ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال اور ان کی ٹیم نے سنیئر کالج کے پروفیسر پرنسپل ڈاکٹر ضیاء الرحمن زری والا کی جانب سے منعقد کئے گئے پروگرام کے شاندار انعقاد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ناسک رورل پولیس مالیگاؤں کے تمام اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں اس نوعیت کے پروگرامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے پروگرام کی بہترین میزبانی کے لیے اسکول پرنسپل اور کالج انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ یہ پروگرام پولیس کی نشہ مخالف جاری مہم کی ایک کڑی ہے، جس کا واحد مقصد نئی نسل کو صحت مند اور روشن مستقبل کی طرف گامزن کرنا ہے۔
اے ایم ٹی کیمپس میں منعقدہ ضلع پولس انتظامیہ کی نشہ مخالف بیداری مہم کے دوران مالیگاؤں سینئر کالج کے پرنسپل پروفیسر ضیاء الرحمن نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں نشہ حرام ہے اور انسان اپنے ہاتھوں اپنی جان کا دشمن نہیں بن سکتا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ہر قسم کے نشے سے مکمل دور رہیں اور ایک صحت مند، باکردار اور تعلیم یافتہ معاشرے کی تعمیر میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے ضلع پولیس کی نشہ مخالف مہم کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کی اور پولیس انتظامیہ کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر اے ایم ٹی کیمپس کے چیئرمین اسحاق سیٹھ زری والا، ڈاکٹر افتخار احمد، حاجی انیس الرحمن، راشد برکتی، مالیگاؤں ہائی اسکول کے ہیڈ ماسٹر زاہد حسین سر، انجمن کے اراکین، معزز شخصیات، اساتذہ اور بڑی تعداد میں طلبہ موجود تھے۔


0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com