پارلوم مزدور سے ایم ایل تک کا سفر، شیخ رشید کی سوانح حیات نسل نو کیلئے مشعل راہ
شیخ رشید کی شخصیت سخاوت تعمیر و ترقی کی عمدہ مثال ، سوانح حیات کے پہلے ایڈیشن کا پرواقار اجراء
شیخ رشید کی امانت کو سنبھالنا شہریان کی ذمہ داری 'آصف شیخ'حقیقی جانشین:زین الدین بی اے
مالیگاؤں : 5 دسمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) شیخ رشید کی شخصیت تعمیر و ترقی اور سخاوت کی علمبردار تھیں ۔انہوں نے اپنے لئے نہیں بلکہ دوسروں کیلئے زندگی گزاری ہے ۔انکا اللہ تعالیٰ پر کامل یقین تھا جس کا جیتا جاگتا ثبوت میں خود ہوں ۔اس طرح کے جملوں کا اظہار سابق کونسلر زین الدین بی اے نے کیا ۔موصوف شیخ عبدالقادر ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام ڈائمنڈ لانس میں منعقدہ تقریب رسم اجراء سوانح حیات بعنوان خادم خلق شیخ رشید سے مخاطب تھے ۔انہوں نے شیخ رشید کے کونسلر کے زمانے میں اپنی آنکھوں سے دیکھی شیخ رشید کی سخاوت کی کئی مثالوں کا تذکرہ کیا ۔زین الدین بی اے نے کہا کہ شیخ رشید غریبوں ،مزدوروں کے لئے لڑنے والا لیڈر تھا ۔وہ اپنے لئے نہیں بلکہ غریبوں کیلئے کماتا تھا اور پورا تقسیم کردیتا تھا ۔انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ پر انکا کامل یقین تھا اور اسی طرح اللہ نے شیخ رشید کو نوازا بھی تھا یہ وجہ رہی کہ شیخ رشید زمین سے اٹھ کر آسمان تک پہنچ گیا لیکن پھر بھی سادگی نہیں چھوڑی، غریبوں کو ساتھ رکھا اور انکے لئے سیاست کے ذریعے سماجی خدمات کو اپنا نصب العین بنالیا، زین الدین بی اے نے مزید کہا کہ شیخ رشید نے غریبوں، مزدوروں کو زندگی جینے کا جذبہ اور حوصلہ دیا ہے ۔شیخ رشید نے کئی غریبوں کو سیاست میں لاکر انکے دلوں میں بھی عوامی و سماجی خدمت کا جذبہ پیدا کیا اور کئی لوگ دیکھتے ہی دیکھتے امیر ترین بن گئے ۔آج شیخ رشید مرحوم ہوگئے وہ ہمارے بیچ نہیں رہے لیکن انکا احسان و انکے کارنامے ہمارے درمیان موجود ہیں ہم اسے مشعل راہ بنائیں اور شیخ رشید نے اپنی امانت آصف شیخ کی شکل میں چھوڑ گئے ہیں اب شہریان مالیگاؤں بالخصوص پارٹی ورکروں اور ہمدردوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ شیخ رشید کی امانت آصف شیخ کا ساتھ دیں کیونکہ آصف شیخ ہی شیخ رشید کے حقیقی جانشین ہے ۔اس تقریب اجراء میں عتیق سر، اصغر انصاری،انصاری رضوان ممبر،مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے سابق ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر حسن الدین شیخ،نور محمد شہادت خان، نہال بھائی نے شیخ رشید کی زندگی کے مختلف دلچسپ گوشوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اس موقع پر شیخ رشید کے فرزند سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے شیخ رشید کے تمام دوستوں، ساتھیوں ، پارٹی ورکروں اور شیخ عبدالقادر ایجوکیشن سوسائٹی کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں لوگوں کی بدولت آج ہم شیخ رشید کے کاموں کو آگے بڑھانے کیلئے سرگرم عمل ہیں ۔جس طرح شیخ رشید مرحوم نے تمام مکاتب فکر کو ساتھ لیکر چلا تھا، ہندو مسلم اتحاد کو فروغ دیا، ذات برادری سے اوپر اٹھ کر انسانیت کو بڑھاوا دیا ہے اور غریبوں، مزدوروں کو قومی دھارے میں لانے کا کام کیا ہے اسی طرح ہم بھی انکے اس مشن کو آگے بڑھائیں گے ۔انہوں نے کہا شیخ رشید کی زندگی میں سب سے زیادہ قربانی جہاں ورکروں اور انکے دوستوں نے دی ہے وہیں خانوادہ حاجی شیخ شفیع نے بھی جان مال اور وقت کی قربانی دی ہے ۔آج کے دور میں بھائی بھائی کے کام نہیں آتا لیکن شیخ رشید کیلئے انکے تمام بھائیوں نے دل و جان سے بڑھ کر قربانی پیش کی ہے اور آج قربانی دینے کیلئے حاجی شیخ شفیع خاندان کی مثال شہریان کیلئے کافی ہے ۔آصف شیخ نے کہا کہ شیخ رشید کی زنگی شہریان بالخصوص نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے کیونکہ انہوں نے اللہ ہر توکل رکھتے ہوئے پاور لوم مزدور سے ایم ایل اے بننے تک اپنے سفر کا جو آغاز و اختتام کیا ہے وہ یقیناً اس بات کا شاہد ہے کہ اگر انسان کچھ کرنے کی ٹھان لے تو پھر وہ کر گزرتا ہے اور ایک دن کامیابی اس کے قدم چومتی ہے۔شیخ رشید نے زندگی کے بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں لیکن ہمت نہیں ہاری ۔انکی کتاب کا حصہ اول آج شائع ہوا جسکی قیمت پچاس روپے ہے ۔عوام اسے خریدیں اور اپنے دوستوں و رشتہ داروں کو بھی پیش کریں اور بتائیں کہ شیخ رشید کی شخصیت کتنی اہم تھی ۔آصف شیخ نے کہا میں بھی انکے نقش قدم پر چلتے ہوئے غریبوں مزدوروں اور شہریان کی ترقی کیلئے کوشش کرتا رہونگا اور شیخ رشید کے کاموں کو آگے بڑھانے کیلئے ہمیں اس مرتبہ کارپوریشن پر اقتدار حاصل کرنا نہایت ضروری ہوگیا ہے ۔آصف شیخ نے دوٹوک لفظوں میں کہا کہ شیخ رشید نے پارٹی ورکروں اور کارپوریٹرس کو بہت کچھ دیا ہے اور ہم بھی دیتے رہیں گے لیکن انہیں بھی یاد رکھنا ہوگا کہ اب جبکہ شیخ رشید صاحب اس دنیا میں نہیں ہے اور سیاسی حالات ساز گار ہیں تو اب پارٹی کے ذمہ داران و خواہش مند حضرات کو بھی قربانی دینا سکھینا ہوگا۔آصف شیخ نے کہا ہمارے مخالفین سیاسی محاذ بنا کر چناؤ لڑنے کی تیاری کررہے ہیں لیکن انکا یہ محاذ شہریان کی تعمیر و ترقی نہیں بلکہ شیخ آصف کی دشمنی میں بنایا جارہا ہے ۔انکا مقصد شہر کو برباد کرنا ہے اور ہم تعمیر و ترقی پسند لیڈر شیخ رشید کے چاہنے والے ہیں۔آصف شیخ نے 2009 سے اب تک کے مختلف حالات میں شیخ رشید کا ساتھ، انکی حکمت عملی اور سیاسی بصیرت پر گفتگو کی ۔انہوں نے کہا کارپوریشن چناؤ کو لیکر ہماری سیاسی حکمت عملی مکمل طور پر تیار ہے، ہم ایسی سیاسی حکمت عملی سے چناؤ لڑینگے کہ کارپوریشن کی تاریخ میں ایسا چناؤ نہیں لڑا گیا ہوگا ۔اور پوری طاقت کے ساتھ ہم کارپوریشن پر اپنا جھنڈا لہرا کر رہیں گے ۔انہوں نے پارٹی ورکروں اور خواہش مند امیدواروں کو شیخ رشید مرحوم کی طرح ہر حالات میں تیار رہنے کا مشورہ بھی دیا ۔اس موقع پر آصف شیخ رشید و عبد القادر ایجوکیشن ویلفیئر سوسائٹی کے ذمہ داران کی جانب سے شیخ رشید کے دوستوں و ہمدردوں کا استقبال کیا گیا، صابر گوہر اور جنید عالم کی نظامت اور آصف شیخ کے شکریہ کے ساتھ ہی حافظ انیس اظہر کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا ۔آئندہ شیخ رشید کی زندگی پر مبنی کتاب کا حصہ دوم شائع کرنے کا بھی یہاں آصف نے اعلان کیا ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com