مالیگاؤں میئر چناؤ میں مجلس اتحاد المسلمین کا کیا ہوگا فیصلہ؟، امتیاز جلیل نے واضح کیا موقف


مالیگاؤں میئر چناؤ میں مجلس اتحاد المسلمین کا کیا ہوگا فیصلہ؟، امتیاز جلیل نے واضح کیا موقف



کیا سیکولر فرنٹ دو درجن سے زائد ووٹوں کے فرق سے میئر و ڈپٹی میئر بنانے میں کامیاب ہوگا



 اورنگ آباد / مالیگاؤں : 5 فروری (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے میئر و ڈپٹی میئر چناؤ میں ہر گزرتے دن و گزرتے لمحہ نئی نئی خبریں سامنے آرہی ہے ۔ایک طرف جہاں اسلام پارٹی نے فرقہ پرستوں کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے عوامی طاقت حاصل کرتے ہوئے کارپوریشن چناؤ میں 35 سیٹوں کیساتھ کامیابی حاصل کی ہے وہیں اب اسلام پارٹی و سماجوادی پارٹی کے سیکولر فرنٹ نے میئر سازی کیلئے کانگریس پارٹی کو ساتھ لیا ہے اور سات فروری کو سیکولر فرنٹ میئر و ڈپٹی میئر بنانے جارہا ہے ۔دوسری جانب سیکولر فرنٹ نے مجلس اتحاد المسلمین کو بھی اقتدار سازی کی دعوت دی تھی لیکن ابھی تک مجلس کی جانب سے کوئی آفیشل جواب سامنے نہیں آیا ۔اور مجلس نے بھی ڈپٹی میئر عہدہ کیلئے اپنا امیدوار میدان میں اتارا ہے ۔ایسے حالات میں شہر سمیت مہاراشٹر بھر کے سیاسی گلیاروں میں قیاس آرائیاں ہونے لگی کہ شیو سینا نے 18 سیٹوں کے باوجود میئر و ڈپٹی میئر عہدہ کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے ۔ایسے میں کیا مجلس شیو سینا کا ساتھ دیگی؟ اس طرح کا سوال ایک معمہ بنا ہوا تھا کہ جمعرات کو دوپہر میں مجلس رکن اسمبلی مفتی اسمٰعیل و گٹ نیتا عبد المالک یونس عیسٰی نے وزیر دادا بھسے سے ملاقات کر نئی بحث کو جنم دیا تھا کہ شام دیر گئے مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر نے تمام قیاس آرائیوں کو ختم کردیا ہے اور انہوں نے واضح طور پر ایکس پر لکھا ہے کہ مالیگاؤں کارپوریشن کے میئر و ڈپٹی میئر چناؤ میں مجلس اتحاد المسلمین غیر جانبدار رہیگی ۔انہوں نے لکھا ہے کہ مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی اور مالیگاؤں کے سینئر لیڈروں کے ساتھ میٹنگ میں لیے گئے فیصلے کے مطابق پارٹی نے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب میں غیر جانبدار رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امتیاز جلیل نے لکھا ہے کہ فرقہ پرست طاقتوں کو اقتدار سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس ضمن میں نمائندہ بیباک نے مجلس کے مقامی رکن اسمبلی مفتی اسمٰعیل قاسمی اور مجلس کے گٹ نیتا عبد المالک سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی کہ کیا امتیاز جلیل کے فیصلے سے مقامی ذمہ داران کو آگاہی ہے اور وہ کیا اس موقف کی تائید کرتے ہیں؟ لیکن دونوں ہی نے فون ریسیو نہیں کیا۔ امتیاز جلیل کے ٹویٹ سے یہ بات تو واضح ہوگئی ہے کہ اب مالیگاؤں کارپوریشن میئر چناؤ میں مجلس غیر جانبدار رہیگی لیکن اسے ایک سیاسی حکمت عملی بھی کہا جا سکتا ہے ۔اس سے انکار نہیں کہ سیاست میں آخری لمحہ تک کچھ بھی ممکن ہو سکتا ہے۔وہیں اگر مجلس کے غیر جانبدار رہنے سے 21 کارپوریٹر ووٹنگ میں حصہ نہیں لینگے اور یہ بھی خبر ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بھی غیر جانبدار رہیگی ۔ایسے میں اب مالیگاؤں کارپوریشن کی 84 سیٹوں میں سے میئر چناؤ میں مجلس اتحاد المسلمین اور بی جے پی کو چھوڑ کر راست مقابلہ سیکولر فرنٹ کے 43 کارپوریٹرس اور شیو سینا شندے گروپ کے 18 کارپوریٹر یعنی کل 61 کارپوریٹرس کے درمیان ہوگا اور عین ممکن ہے کہ سیکولر فرنٹ 25 ووٹوں کی اکثریت سے بآسانی اپنا میئر و ڈپٹی میئر بنانے میں کامیاب ہوجائے گی ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے