"میاں بھائی" ڈرنے والے نہیں،بی جے پی و کریٹ سومیا کو کرارا جواب، سومیا کیخلاف ہائی کورٹ میں پیٹیشن دائر کرنے مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کا اعلان
ایس آئی ٹی کی جانچ مکمل، مالیگاؤں میں کوئی بنگلہ دیشی و روہنگیائی نہیں،رپورٹ منظر عام لائی جائے
کارپوریشن و تحصیلدار کی غلطیاں، سزا عوام کو ، اب دوبارہ نام شامل کرنے کی کارروائی شروع کی جائے
مالیگاؤں : 24 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں کا مسلمان ڈرنے والا نہیں، ہم بھی اسی بھارت کے شہری ہیں اور قانون نے ہمیں بھی پورا حق دیا ہے اگر کریٹ سومیا مالیگاؤں شہر آکر "میاں بھائی" کو ڈرانے کی کوشش کرتا ہے تو ہم ڈرنے والے نہیں ۔مالیگاؤں کا مسلمان کسی کریٹ سومیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی سے نہیں ڈرتے، ہمارے پاس بھی قانون کا جھنڈا اور ڈنڈا ہے اور ہم قانونی لڑائی لڑنا جانتے ہیں ۔اس طرح کے جملوں کا اظہار مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کے کنوینر آصف شیخ رشید نے کیا ۔موصوف جمعہ کی شب دس بجے سماجوادی رابطہ آفس پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔آصف شیخ نے مزید کہا کہ کمشنر، ہیلتھ آفیسر اور تحصیلدار سرکار کے دباؤ میں ہیں ۔انہوں نے رد کئے ہوئے جنم داخلوں کے دوبارہ اپلیکشن نہیں لئے جبکہ یہ کام کارپوریشن اور تحصیلدار محکمہ کے ہیں لیکن الزام عوام پر لگایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کارپوریشن و تحصیلدار اور ہیلتھ آفیسر کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس لیکر جواب دینا چاہیے کہ وہ سرکار کے دباؤ میں زبردستی جنم داخلہ معاملہ کو ہوا دے رہے ہیں اور اسے حل کرنا نہیں چاہتے ۔آصف شیخ نے مزید کہا کہ کریٹ سومیا بار بار مالیگاؤں شہر آکر مسلمانوں کو بدنام کرنے اور دھمکی دینے کی کوشش نہ کریں اب یہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔مالیگاؤں کا میاں بھائی کسی سے ڈرنے والا نہیں ہے ۔آصف شیخ نے کہا کہ کارپوریشن دوبارہ جنم داخلوں کی عرضیاں طلب کریں اور عوام کو رد کئے ہوئے داخلے بنا کر دیں ۔انہوں نے کہا کہ اب قانون کے جھنڈے اور ڈنڈے کے سہارے بھی کام کرینگے ۔کریٹ سومیا کی دھمکی پر انہوں نے کہا کہ عوام صبر اور ہمت سے کام لیں مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی عوام کیساتھ ہے ۔ہم ہر معاملے میں قانونی و جمہوری لڑائی لڑ رہے ہیں ۔
اس پریس کانفرنس میں مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ دس مہینوں کی جانچ پڑتال کے باوجود ایس آئی ٹی کو مالیگاؤں میں ایک بھی بنگلہ دیشی و روہنگیائی نہیں ملا ۔یہ مالیگاؤں کیلئے اچھی بات ہے لیکن اس کے باوجود پولس جانچ رپورٹ منظر عام پر نہیں لا رہی ہے، کریٹ سومیا کو چاہیے کہ وہ مالیگاؤں آنے کی بجائے سرکار سے کہہ کر رپورٹ منظر عام پر لائے ۔مستقیم ڈگنیٹی نے مزید کہا کہ کریٹ سومیا کے باپ کا راج نہیں چل رہا ہے کہ وہ ادھار کارڈ کینسل کروائے گا، ہمیں بھی قانون نے حق دیا ہے کہ ہم دستوری طریقے سے لڑائی لڑ کر اپنا حق حاصل کریں، مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی مسلسل دس مہینوں سے جنم داخلہ معاملہ میں میدان میں اور کورٹ میں لڑائی لڑ رہی ہیں اور ہم سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایس آئی ٹی کی رپورٹ ظاہر کرے، انہوں نے کریٹ سومیا کو گمراہ کن بتاتے ہوئے کہا کہ سومیا کے بولنے پر نہیں کام ہوگا بلکہ کام قانون کے مطابق ہوگا، مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ جنم داخلہ معاملہ میں تحصیلدار ،کارپوریشن محکمہ کی غلطیاں ہیں اور سزا عوام کو دی جارہی ہے ۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ ایس آئی ٹی کی رپورٹ ظاہر ہونے کے بعد ہم کریٹ سومیا کیخلاف ہائی کورٹ میں پیٹیشن دائر کرینگے ۔کیونکہ اس نے مالیگاؤں کی شبیہ کو ملک بھر میں داغدار کیا، بیقصور عوام پر گھناؤنا الزام لگایا اور انہیں زبردستی جیل میں ڈالنے کیلئے سرکار کا غلط استعمال کیا ۔اس موقع پر مستقیم ڈگنیٹی نے مزید کہا کہ عوام مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی پر بھروسہ رکھیں ۔جس طرح ہم نے ابھی تک قانونی و جمہوری لڑائی لڑی ہے آگے بھی اسی طرح لڑتے رہیں گے اور مالیگاؤں کی عوام کو انصاف و تحفظ دینے کی کوشش کرتے رہیں گے، اس پریس کانفرنس میں مولانا زاہد ندوی، رضوان سر،آمین فاروق، عبد الباقی راشن والا، صابر گوہر سمیت مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کے ممبران موجود تھے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com