سنی دعوت اسلامی کا عدیم المثال کارنامہ، پچاس بیڈ کا پانچ منزلہ ہاسپٹل ،سو جوڑوں کا اجتماعی نکاح اور بارہ مساجد کا افتتاح : مولانا سید امین القادری قبلہ
پندرہ سو سالہ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر ملت اسلامیہ کی خدمت میں مختلف فلاحی و رفاہی کاموں کی شروعات
مخیرانِ شہر امت کے غریبوں کیلئے راشن ، دینی و عصری تعلیم اور خواتین کی امداد کیلئے آگے آئیں
مالیگاؤں : 17 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) پندرہ سو سالہ جشن عید میلاد النبی صل اللہ علیہ وسلم کے موقع پر ہم نے گزشتہ دس سال قبل ہی مختلف فلاحی و رفاہی کاموں کو انجام دینے کا فیصلہ کیا تھا اس لیے کہ پوری کائنات کیلئے جشن ولادت پاک صل اللہ علیہ وسلم رحمت کا دن ہے، آپ نہ صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ پوری کائنات کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ۔اسی مناسبت سے ہم نے سنی دعوت اسلامی مالیگاؤں کی جانب سے جشن عید میلاد النبی کے موقع پر سیرت طیبہ کی تعلیم سے تین ہزار بچے اور بچیوں کو روشناس کروانے کیلئے سیرت کوئز کا انعقاد کیا ۔27 اگست کو حراء انگلش میڈیم اسکول میں اس کوئز کے پہلے انعام یافتہ کو عمرہ کی سعادت اور دوسرے انعام یافتہ کو بائک اور تیسرے کو لیپ ٹاپ دیا جائے گا، اسی طرح 30 اگست بروز سنیچر کو بعد نماز مغرب حراء انگلش میڈیم اسکول کے گراؤنڈ پر حضرت عبد اللہ رضی اللہ تعالٰی عنہ اور حضرت آمنہ رضی اللہ تعالٰی عنہ کے نام سے منسوب 100 جوڑوں کا اجتماعی نکاح مع ساز و سامان منعقد کیا جائے گا اور اس کے اخراجات میں آدھا خرچ ورلڈ میمن آرگنائزیشن WMO اور آدھا خرچ سنی دعوت اسلامی کی جانب سے کیا جائے گا۔ اس طرح کی تفصیلات مسجد یارسول اللہ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے مقامی نگراں مولانا سید امین القادری قبلہ نے دی ۔انہوں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 28 اگست کو سنی جامع مسجد یارسول اللہ میں نعتیہ مقابلہ کا انعقاد کیا جائے گا ۔اس مقابلہ کے پہلے انعام یافتہ کو عمرہ کی سعادت اور دوسرے کو 21 ہزار اور تیسرے انعام یافتہ کو گیارہ ہزار دیا جائے گا ۔اسی طرح سید امین القادری قبلہ نے بتایا کہ 26 اگست کو میلاد مصطفی کے موقع پر میلاد خوانی مقابلہ منعقد ہوگا جس میں اول انعام 31 ہزار، دوم 21 ہزار اور سوم انعام 11 ہزار دیا جائے گا ۔اسی طرح 29 اگست کو حراء انگلش میڈیم اسکول میں آل انڈیا نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے ۔مولانا سید امین القادری قبلہ نے کہا کہ ہم چھوٹے لوگ ہیں اور ہم نے ادانی سی کوشش کی ہے کہ میلاد مصطفیٰ صل اللہ علیہ وسلم کے پندرہ سو سالہ جشن عید میلاد پر شہریان کی خدمت میں آپ علیہ السلام کے وصیلے سے پچاس بیڈ کا پانچ منزلہ ایک ملٹی اسپیشلٹی ہاسپٹل کا افتتاح بھی مورخہ 31 اگست کو کیا جارہا ہے جو کہ شہریان کیلئے سعادت مندی ہے ۔اس ہاسپٹل کا نام سلطان الہند حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے نام سے منسوب کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ پندرہ سو سالہ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر یکم ربیع الاول سے بارہ ربیع الاول تک 12 مساجد کا افتتاح بھی کیا جارہا ہے ۔روزانہ ایک مسجد کا افتتاح کیا جائے گا اور بارہ ربیع الاول کو جس مسجد کا افتتاح ہوگا اسکا نام مسجد میلاد مصطفی صل اللہ علیہ وسلم رکھا گیا ہے ۔اس پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید امین القادری قبلہ نے کہا کہ ان تمام تقاریب میں بطور مہمان خصوصی خانقاہ مارہرہ شریف کے سجادہ نشین حضرت علامہ ڈاکٹر سید امین میاں قادری اور اجمیر شریف کے سجادہ نیشین حضرت علامہ مولانا سید شاہ قادری اور سید امان میاں صاحب اور ہم سب کے امیر حضرت مولانا شاکر علی نوری اور ملک بھر سے سنی تحریک دعوت اسلامی کے مبلغین و نگراں تشریف لا رہے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر عوام بالخصوص مخیران قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پندرہ سو سالہ جشن عید میلاد النبی صل اللہ علیہ وسلم کے موقع پر اپنے اپنے طور پر فلاحی کاموں کو انجام دیں خاص طور پر غریبوں کی امداد کیلئے اپنے ہاتھ آگے بڑھائیں ۔دینی و عصری تعلیم کیلئے غریب بچوں کا خرچ برداشت کریں اور غریبوں کے راشن اناج کی ذمہ دادی لیں۔ اسی طرح مسلم خواتین کے سروں پر دوپٹہ رکھیں، انکی مدد کریں ۔اسلامی تقدس کی پاسداری کریں اور سیرت پاک کے پہلو کو اپنی زندگی میں لاکر امت مسلمہ کی بھلائی کیلئے اپنے مال کو خرچ کریں کہ یہی سچا خراج عقیدت اس پندرہ سو سالہ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر ہوگا ۔
مولانا سید امین القادری قبلہ نے کہا کہ مسلمانان شہر ولادت پاک پورے تزک و احتشام کے ساتھ منائیں، حضور صل اللہ علیہ وسلم سے محبت کرنے والا سچا پکا مومن ہے ۔مولانا سید امین القادری قبلہ نے کہا کہ حدود شریعت میں رہ کر آپ جشن عید میلاد النبی منائیں ۔یہ پوری دنیا کیلئے انقلاب کا دن ہے ۔آپ صل اللہ علیہ وسلم نے مزدوروں کی اہمیت و حقوق، مرد و خواتین کے حقوق اور ہمیں تہذیب و تمدن دیا، ماں باپ اور بیوی بچوں کے حقوق بتائے۔زندگی و آخرت کے تمام پہلو کو آپ نے سیرت پاک سے بتایا ہے آپ صل اللہ علیہ وسلم کا احسان پوری کائنات کیلئے ہے ۔مسلمان اس دن قرآن خوانی، نعت خوانی، میلاد خوانی کا اہتمام کرتے ہیں اور جلوس وغیرہ نکالتے ہیں ۔اس موقع پر سنی دعوت اسلامی کی جانب سے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عنوان سے شہر بھر میں اجلاس منعقد ہوگا۔مسلمان خلاف شرعیہ کوئی کام نہ کریں، ڈی جے اور شور شرابہ، ہلڑ بازی سے اجتناب کریں۔آپ صل اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو سامنے رکھتے ہوئے دنیا والوں کو اچھا پیغام دیں ۔جلوس میں فضول رسم و رواج اور شور و ہنگامہ آرائی سے بچیں ۔آپ صل اللہ علیہ وسلم کی طرح چلنا پھرنا، اٹھنا بیٹھنا اور زندگی گزارنا سکھیں اور دوسروں کو بھی سکھائیں ۔یہی اصل پیغام میلاد مصطفی کا ہے ۔اس پریس کانفرنس میں حافظ مقصود اشرفی، جمیل رضوی، نعیم نوری، قاری نور محمد رضوی، قاری عبدالسلام قادری، اور رضوان میمن وغیرہ موجود تھے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com