مالیگاؤں کی اردو اسکولوں کا معاملہ اسمبلی میں گونجا ،بوگس بھرتی میں سو کروڑ سے زائد کا الزام
ایم ایل اے سنگرام جگتاپ کا اسمبلی میں سنسنی خیز انکشاف، وزیر تعلیم بھسے نے ایس آئی ٹی کارروائی کا پھر دیا تیقن
ممبئی: 18 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) مہاراشٹر اسمبلی کے مانسون اجلاس مالیگاؤں شہر سے متعلق کئی معاملات سامنے لائے جارہے ہیں، کبھی زمین گھوٹالہ کا الزام تو کبھی سائزنگ کے نام پر تو کبھی تعلیمی اداروں کے معاملات اسمبلی اجلاس کا موضوع بنے رہے ۔یہ پہلا موقع ہے جب مالیگاؤں کا معاملہ مانسون اجلاس میں متعدد بار اٹھایا گیا ۔اسمبلی اجلاس میں مالیگاؤں شہر کا معاملہ چھایا رہا ہے ۔اس ضمن میں تفصیلات کے مطابق مالیگاؤں سینٹرل اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی مفتی اسمٰعیل قاسمی نے بھی اسمبلی بوگس ٹیچرس بھرتی اور کروڑوں روپے کی بدعنوانی کا تذکرہ کیا تھا۔مفتی اسمٰعیل نے اسمبلی میں کہا تھا کہ وزیر تعلیم دادا بھسے کی ناک کے نیچے ٹیچر بھرتی میں کروڑوں کا گھوٹالہ ہوا ہے ۔جس پر ایوان میں وزیر تعلیم کو ایس آئی ٹی کارروائی کا تیقن دینا پڑا ۔اب ایک بار پھر 18 جولائی جمعہ کو ایوان اسمبلی میں ایم ایل اے سنگرام جگتاپ نے مالیگاؤں شہر کی چار نامور اسکولوں میں بدعنوانی کا انکشاف کیا ہے ۔ایم ایل اے سنگرام جگتاپ نے الزام لگایا کہ اردو اسکولوں میں ہیڈ ماسٹر، اسکول انتظامیہ ،کلرک اور ایک پرائیویٹ ایجنٹ و ایجوکیش محکمہ کی ملی بھگت سے سرکار کے کروڑوں روپے کی لوٹ کھوسٹ کی گئی ہے ۔سنگرام جگتاپ نے اسمبلی میں کہا کہ مالیگاؤں کی چار نامور اسکولوں میں بوگس بھرتی کی گئی ۔اس پر وزیر تعلیم کو ایس آئی ٹی معرفت جانچ کروانا چاہیے تاکہ سرکاری خزانہ کو دھوکہ دہی سے بچایا جا سکے ۔اس سوال کے جواب میں وزیر تعلیم دادا بھسے نے کہا کہ مالیگاؤں کی اردو اسکولوں کے تعلق سے سنگرام جگتاپ نے جو سوال اٹھایا ہے اس میں کہیں نہ کہیں سچائی ہے ۔دادا بھسے نے کہا کہ ڈپٹی ڈائریکٹر اور نائب ایجوکیش آفیسر کے ذریعے ابتدائی جانچ شروع ہے ۔انہوں نے ایوان میں ایم ایل اے سنگرام جگتاپ کو یقین دلایا کہ اس تعلق سے جانچ جاری ہے اور کچھ معاملات ہائی کورٹ میں چل رہے ہیں ۔دادا بھسے نے مزید کہا کہ سرکار اس ضمن میں ریاستی سطح پر ایس آئی ٹی کی تشکیل کریگی اور جانچ پڑتال کی جائے گی ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com