سومیا مردہ باد کے نعروں کیساتھ کریٹ سومیا کے پتلے پر چپلوں کی بارش ،مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کا کامیاب احتجاج


سومیا مردہ باد کے نعروں کیساتھ کریٹ سومیا کے پتلے پر چپلوں کی بارش ،مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کا کامیاب احتجاج 



عوام کو ہراساں کرنا بند کیا جائے، ایس آئی ٹی رپورٹ ظاہر کی جائے ورنہ قومی شاہراہ پر اندولن کیا جائے گا 


جیل میں بند مسلم خواتین کو رحم کی اپیل کے تحت رہا کرنے اور انصاف کو یقینی بنانے سمیت کئی مطالبات پر میمورنڈم پیش 




مالیگاؤں : 14 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) ایس آئی ٹی رپورٹ کو فوری طور پر جاری کیا جائے ، قصوروار تحصیل دفتر کے ملازمین و آفیسران کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا جائے اور مالیگاؤں کی عوام کو جنم داخلہ معاملہ میں کریٹ سومیا کے دباؤ میں زبردستی ہراساں نہ کیا جائے۔اس طرح کے مطالبات کو لیکر آج مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کی جانب سے ایڈیشنل کلکٹر آفس کیمپ روڈ پر دھرنا دیا گیا ۔اس موقع پر ایک میمورنڈم بھی دیا گیا ۔جس پر آصف شیخ رشید (کنوینر مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی) مستقیم محمد مصطفی (کوآرڈینیٹر)،محمد صابر محمد صادق ،سہل احمد ابوالکریم، نوید خطیب، اطہر حسین اشرفی سمیت کمیٹی کی اراکین کی دستخط موجود تھیں ۔ میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) کی رپورٹ شائع کی جانی چاہئے: اگرچہ SIT کی مدت 10/07/2025 کو ختم ہو گئی ہے، اس کی حتمی رپورٹ ابھی تک شائع نہیں ہوئی ہے۔ مفاد عامہ اور شفافیت کے پیش نظر مذکورہ رپورٹ کو فوری طور پر شائع کیا جائے۔اسی طرح قلعہ پولس اسٹیشن میں درج مقدمہ نمبر 103/2025 کے سلسلے میں ذمہ داری کا تعین کرنا اور قصوروار افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنا: اس جرم میں کہا گیا ہے کہ 1044 برتھ سرٹیفکیٹ پر تحصیلدار کے جعلی دستخط ہیں اور اس میں عام شہریوں کو بلا وجہ پریشان کیا جا رہا ہے۔دراصل اس معاملے میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے تحصیلدار اور ہیلتھ آفیسر کے رول کی جانچ ہونی چاہیے۔ اگر یہ دعویٰ ہے کہ دستخط جعلی ہیں تو ہمیں فرانزک تحقیقات کا حکم دینا چاہیے اور قصوروار اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے کارروائی کرنی چاہیے۔اس کے علاوہ SIT کے ذریعے عام لوگوں کو ہراساں کرنا بند کیا جائے۔کئی بار ایس آئی ٹی کی جانب سے ان ہی لوگوں کو بار بار پوچھ گچھ کے لیے بلایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے عام شہری خوفزدہ اور ذہنی طور پر پریشان ہو رہے ہیں۔ ایس آئی ٹی کو اسے فوری طور پر روکنے کی ہدایت دی جانی چاہئے۔ ایس آئی ٹی کی جانب سے کچھ جنم داخلہ کی منسوخی کی وجہ سے متعلقہ بچوں کا تعلیمی داخلہ روک دیا گیا ہے۔ لہٰذا مذکورہ جنم داخلہ کو دوبارہ جاری کرنے کا حکم جاری کیا جائے اور متعلقہ دفتر کو نئے پیدائش اور موت کے سرٹیفکیٹس کی درخواست منظور کرنے کی ہدایت کی جائے۔اسی طرح ہم ایک رحم کی درخواست کرتے ہیں کہ جھوٹے الزامات میں جیل میں قید خواتین پر نظر ثانی کی جائے، اس معاملے میں کچھ خواتین کو جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور انصاف ملنے تک جیل میں بند ہیں۔ ان کے ساتھ ہمدردی کا برتاؤ کیا جائے اور انصاف کا عمل تیز اور شفاف طریقے سے انجام دیا جائے۔اسی طرح اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مسٹر ششیر ہیرائی کی تقرری منسوخ کردی جائے۔ ششیر ہیرے عدالت میں حقیقی صورتحال پیش کیے بغیر سوشل میڈیا پر جھوٹے اور یک طرفہ بیانات دے رہے ہیں۔ یہ عدالتی عمل میں رکاوٹ ہے ۔اس لئے انہیں اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کے عہدے سے فوری طور پر بے دخل کیا جائے۔درج بالا تمام معاملات انتہائی سنگین ہیں اور ہماری عاجزانہ درخواست ہے کہ عوامی مفاد میں آپکی سطح سے فوری طور پر مناسب قانونی کارروائی کی جائے۔


اس موقع پر مظاہرین نے سومیا کیخلاف جم کر نعرے بازی کرتے ہوئے اس کے پتلے کو جوتے اور چپلوں سے پیٹا ،سومیا مردہ باد کے نعرے لگائے گئے ۔یہاں مرد و خواتین نے سخت احتجاج کرتے ہوئے سرکار کو مطالبات پورے کرنے کا ذکر کیا ۔اس احتجاج کے دوران مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کے کنوینر آصف شیخ نے کہا اگر ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوئے تو ہم نینشنل ہائی وے کو جام کرینگے ۔راستہ روکو اندولن کرینگے ۔اس احتجاجی مظاہرہ میں شان ہند اور مستقیم ڈگنیٹی نے بھی کریٹ سومیا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ ساتھ مجلس رکن اسمبلی مفتی اسمٰعیل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔یہاں مظاہرہ میں ہزاروں مرد و خواتین موجود تھے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے