سینکڑوں کلو گانجہ ضبط ، تین گرفتار ، ایک فرار ، لوکل کرائم برانچ کی کارروائی،ضلع ایس پی بالا صاحب پاٹل کی پریس کانفرنس
ناسک : 15 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) ناسک دیہی پولس نے ناسک ممبئی سمردھی ہائی وے پر سینکڑوں کلو گانجہ کو ضبط کیا ہے اور اس معاملے میں تین ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ایک شخص اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ فرار ہونے والا ملزم ناسک شہر میں ٹپر گینگ کا جرائم پیشہ غنڈہ ہے۔اس طرح کی تفصیلات ناسک ضلع دیہی پولس سپرنٹنڈنٹ بالا صاحب پاٹل نے دی ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں سے پولس نے منشیات کی اسمگلنگ پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، یہی وجہ ہے کہ ضلع ناسک سے منشیات کی نقل و حمل کو روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ناسک دیہی پولس کو بھی اطلاع ملی تھی کہ ناسک ممبئی سمردھی ہائی وے پر لاکھوں روپے مالیت کا گانجہ اسمگل کیا جارہا ہے، جس کے بعد ہم نے سمردھی ہائی وے پر جال بچھا دیا اور پولیس نے ریاست اڑیسہ سے ممبئی کے لیے جانے والا 121 کلو 429 گرام گانجہ ضبط کیا ہے۔
کارروائی کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے پولس سپرنٹنڈنٹ بالاصاحب پاٹل نے پیر کی شام ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ کارروائی سنر پولیس اسٹیشن کی حدود میں سمردھی ہائی وے پر لوکل کرائم برانچ کی چار ٹیموں نے کی ہے۔ اس معاملے میں تین لوگ - بھرت نارائن چوہان ، تشار رمیش کالے، سندیپ کچرو بھلیراو کو گرفتار کیا گیا ہے ۔انکا تعلق اہلیہ نگر سے بتایا گیا ہے، جب کہ ملزم سنیل بھاسکر انارتھے جو ٹپر گینگ کا مجرم ہے اور ناسک شہر میں بڑی تعداد میں جرائم کا ارتکاب کر چکا ہے، مفرور ہے۔ پولس کو موصول ہونے والی معلومات کے مطابق سفید رنگ کی Amaze کار ممبئی کی طرف جا رہی تھی، جب کہ ایک ماروتی سوئفٹ کار کو پولس نے دیکھا تو کار واپس ناگپور کی طرف مڑ گئی۔ پیچھا کرنے کے بعد پولیس نے ماروتی سوئفٹ کار کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ امیز کار کو مفرور ملزم سنیل انارتھے نے چھوڑ کر اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر وہاں سے فرار ہو گیا ۔ اس دوران جب پولس نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو دو پولس اہلکار زخمی ہوگئے، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بالاصاحب پاٹل نے یہ بھی بتایا کہ اس سامان کی کل قیمت 36 لاکھ 29 ہزار 580 روپے ہے اور ان میں سے ایک کار لیز پر لی گئی تھی جبکہ دوسری کار چوری ہونے کا شبہ ہے۔
یہ تمام کارروائیاں پولس سپرنٹنڈنٹ بالاصاحب پاٹل کی رہنمائی میں ایک لوکل کرائم برانچ ٹیم کے ذریعہ انجام دی گئیں جس میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولس آدتیہ میر کھیلکر، کرائم برانچ کے پولس انسپکٹر رویندر ماگر، اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر جیون بورسے، پولیس سب انسپکٹر سدرشن بوڈکے شامل ہیں۔ موصولہ اطلاع سے پتہ چلا ہے کہ یہ تمام گانجہ ممبئی جا رہا تھا، اس گانجے کو ممبئی کے ساتھ تھانے کے میرا بھائیندر علاقے میں فروخت کیا جانا تھا۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com