دسویں جماعت کی طالبہ نے اسکول کے چوتھے منزلہ سے چھلانگ لگا کر زندگی تمام کردی، احمد آباد کے نورنگ پورہ علاقے میں سنسنی خیز واقعہ



دسویں جماعت کی طالبہ نے اسکول کے چوتھے منزلہ سے چھلانگ لگا کر زندگی تمام کردی، احمد آباد کے نورنگ پورہ علاقے میں سنسنی خیز واقعہ 




احمد آباد : 25 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) احمد آباد شہر کے ایک نجی اسکول میں 10ویں جماعت کی طالبہ کی خودکشی کا سنسنی خیز واقعہ منظر عام پر آیا ۔ جس میں طالبہ نے چوتھی منزل سے چھلانگ لگا دی۔ طالبہ کی ٹانگوں اور سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ بعد میں اسے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔جمعرات کی دیر رات علاج کے دوران طالبہ کی موت ہوگئی۔ تاہم طالبہ کی خودکشی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ پولس کو بچی کے اسکول بیگ یا گھر سے کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا۔


پولس نے متوفی طالبہ کا موبائل فون بھی قبضے میں لے لیا ہے۔ ہم جماعت دوستوں اور اسکول کے اساتذہ سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ اس دوران اسکول انتظامیہ نے صبح سے لے کر پورے واقعہ کی تمام سی سی ٹی وی فوٹیج نورنگ پورہ پولس اسٹیشن کو دے دی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں طالبہ  کو کلاس روم سے نکلتے ،لابی میں چلتے اور لابی کی ریلنگ سے نیچے کودتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق احمد آباد شہر کے نورنگ پورہ علاقے میں واقع سوم للت اسکول میں دسویں جماعت میں زیر تعلیم طالبہ 15 دن کی چھٹی کے بعد اسکول واپس آئی تھی۔ اس کے اہل خانہ نے اس کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی اسکول میں جمع کرایا تھا۔اسکول کی پرنسپل لینا اروڑہ نے بتایا کہ لڑکی کے والد نے جمعرات کی صبح اسے اسکول پہنچایا تھا۔کچھ دیر کلاس میں بیٹھنے کے بعد لڑکی نے اچانک چیخنا شروع کر دیا۔ اساتذہ نے بھی اسے پرسکون کیا۔ اس کے کچھ دوستوں نے بتایا کہ وہ صبح سے کسی بات کو لے کر پریشان تھی۔ تاہم اس نے کسی کو وجہ نہیں بتائی۔ اس کے بعد تقریباً 12:30 بجے دوپہر کے کھانے کے دوران لڑکی کلاس روم سے باہر نکلی اور لابی میں چلتے ہوئے وہ چوتھے منزلہ سے کود کر شدید زخمی ہوئی اور دوران علاج دم توڑ گئی ۔


نورنگ پورہ پولس اسٹیشن سے موصولہ اطلاع کے مطابق طالبہ کے کنبہ میں اس کے والدین اور ایک چھوٹا بھائی شامل ہے۔ اس کے والد کی ناران پورہ کے علاقے میں دکان ہے۔ خاندان مالی طور پر خوشحال ہے اور گھر میں کسی معاملے پر کوئی تناؤ نہیں تھا۔ شہر کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے اسکول سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔لڑکی کے والد کا کہنا تھا کہ "میری بیٹی آج معمول کے مطابق اسکول گئی تھی، سب کچھ معمول کے مطابق تھا، مجھے 12:45 پر اسکول سے اطلاع ملی اور میں فوراً اسپتال پہنچا، وہاں مجھے معلوم ہوا کہ اس کی حالت تشویشناک ہے، اس کے سر پر شدید چوٹ آئی تھی اور اسے بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔"

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے