کارپوریشن میں بزدل نہیں بہادر نمائندوں کی ضرورت جو ڈھال بن کر عوام کی حفاظت کرسکے، مفتی اسمٰعیل اور شوبھا تائی بچھاؤ پر تنقید


کارپوریشن میں بزدل نہیں بہادر نمائندوں کی ضرورت جو ڈھال بن کر عوام کی حفاظت کرسکے، مفتی اسمٰعیل اور شوبھا تائی بچھاؤ پر تنقید 



 اتحاد کا فیصلہ عوام کی صلاح کے بعد، مشاورتی کمیٹی کی تشکیل، سماجوادی پارٹی کی کارپوریشن چناؤ کے تناظر میں میٹنگ و پریس کانفرنس


اسمبلی میں خاتون امیدوار کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کرنے والے مفتی اسمٰعیل کیا کارپوریشن چناؤ میں کسی خاتون کو ٹکٹ نہیں دینگے؟


ندیم فٹر کی حمایت میں جیل سے رہائی کیلئے مفتی اسمٰعیل کا اعلیٰ پولس حکام کو مکتوب لیکن جنم داخلہ معاملہ میں گرفتار عوام کیلئے کوئی لیٹر بازی کیوں نہیں؟ 



مالیگاؤں : 23 مئی (بیباک نیوز اپڈیٹ)آج سے ایک سال قبل 23 مئی کو پارلیمنٹ چناؤ میں ہم نے کانگریس پارٹی کی رکن شوبھا تائی بچھاؤ کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کیا تھا ۔دھولیہ مالیگاؤں پارلیمنٹ کے چھ حلقوں میں سب سے زیادہ ووٹ مالیگاؤں سینٹرل سے ملی تھی لیکن شوبھا تائی بچھاؤ نے آج ایک سال مکمل ہونے پر مالیگاؤں کو کیا دیا؟ کیا نمائندگی کی؟ اگر ہم اس سوال کا جواب تلاش کریں تو ہمیں مایوسی ہاتھ لگے گی ۔جی ہاں ،شوبھا تائی بچھاؤ نے اپنی ایک سالہ معیاد میں 66 کاموں کی لسٹ جاری کی جس میں انہوں نے ایسے پانچ حلقوں میں کام دیا ہے جہاں سے انہیں کم ووٹ ملی تھی لیکن جس مالیگاؤں نے اپنی جان مال لگا کر سیکولر ازم کو بچانے کیلئے شوبھا تائی بچھاؤ کو ووٹ دیا اس مالیگاؤں کو ہی شوبھا تائی بھول گئی، شوبھا تائی بچھاؤ کے کامیاب ہونے کے بعد سے مالیگاؤں پر طرح طرح کے الزامات لگائے جارہے ہیں، کبھی ووٹ جہاد تو کبھی لینڈ جہاد اور کبھی جنم داخلہ معاملہ میں مالیگاؤں کو نشانہ بنا کر بیقصور عوام کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈالا جارہا ہے لیکن شوبھا تائی بچھاؤ نمائندگی کرنے سے قاصر ہے ۔انہوں نے مالیگاؤں کو بھول کر صرف اپنا سیاسی فائدہ حاصل کیا ہے ۔اس طرح کے جملوں کا اظہار مستقیم ڈگنیٹی نے کیا ۔موصوف 23 مئی کی رات دس بجے سماجوادی پارٹی آفس آگرہ روڈ منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔مستقیم ڈگنیٹی نے مزید کہا کہ شوبھا تائی بچھاؤ کو ووٹ دینے کی وجہ سے ایس آئی ٹی کی تشکیل ہوئی، ای ڈی آئی اور اب ہوم منسٹری کی ٹیم مالیگاؤں میں آکر جانچ پڑتال کررہی ہے اور شوبھا تائی بچھاؤ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ مستقیم ڈگنیٹی نے مزید کہا کہ آج سے چھ ماہ قبل ہی 23 نومبر کو اسمبلی کا رزلٹ آیا اور مفتی اسمٰعیل کامیاب ہوگئے ۔لیکن انہوں نے جس طرح الیکشن لڑا اس طرح انہوں نے کوئی کام نہیں کیا۔اس کے برعکس مالیگاؤں والوں کی زمین تنگ کردی گئی ہے ۔جنم داخلہ معاملہ سمیت مالیگاؤں پر کئی مصیبتیں آئی لیکن مفتی اسمٰعیل خاموش اور مجبور ہیں لیکن مفتی اسمٰعیل کا دوسرا چہرہ آج ہم عوام کے سامنے بے نقاب کررہے ہیں ۔مستقیم ڈگنیٹی نے بتایا کہ آج مالیگاؤں کورٹ کے معزز جج نے کئی معاملات میں عادی ملزم کے طور پر پہچان بنانے والے ندیم فٹر کو صرف اس لیے ضمانت دے دی کہ اس ندیم فٹر کی حمایت میں مفتی اسمٰعیل قاسمی سیٹنگ ایم ایل اے مالیگاؤں نے اعلی پولس حکام ور ہوم سیکرٹری تک سفارش کی تھی ۔مفتی اسمٰعیل کو ندیم فٹر کیلئے سفارشی مکتوب دینے کیلئے وقت تھا لیکن جیل میں بند ہماری ماں اور بہنوں اور بھائیوں کیلئے کوئی ہمدردی نہیں بتائی ۔مفتی اسمٰعیل نے انکی رہائی کیلئے کوئی لیٹر کسی پولس حکام اور سرکاری آفیسران کو نہیں دیا اور نہ ہی بستی والوں کیساتھ کھڑے نظر آئے بلکہ انکی مجبوری ہر جگہ نظر آئی ۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ ندیم فٹر کیلئے مفتی اسمٰعیل کی اتنی ہمدردی کیوں؟ یہ ہمدردی جنم داخلہ معاملہ گرفتار لوگوں کیلئے کیوں نہیں؟ 

اس پریس کانفرنس سے مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ آج ہم نے سماجوادی پارٹی آفس پر کارپوریشن چناؤ کو لیکر میٹنگ کا انعقاد کیا۔جس میں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اب کارپوریشن میں ہم ایسے افراد کو ٹکٹ دینگے جو عوام کی خدمت کرنا بخوبی جانتے ہیں ۔ہم چار چیزوں کا احاطہ کرتے ہوئے ٹکٹ تقسیم کرینگے ۔اول تو امیدوار میں ہمت، ڈیرنگ، بہادی اور کارپویشن کو سمجھنے والا ہونا چاہیے ۔کسی بھی مصیبت کا سامنے کرتے ہوئے حل کرنے کا جذبہ رہنا چاہے ،ہم بزدل نہیں بہادر نمائندوں کو کارپوریشن میں نمائندگی دینگے ۔اسی طرح ہم نے ایک مشاورتی کمیٹی کی تشکیل دی ہے جس میں سہیل عبد الکریم، اطہر حسین اشرفی، رشید سیٹھ، ناصر کرانہ والا ،مسیح اللہ بیسٹ، مولانا زاہد ندوی، عمران باقی راشن والا ہونگے جو شہر بھر میں عوام سے مشورہ کر کے اپنی رپورٹ دیگی کہ آیا کارپوریشن چناؤ میں کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کیا جائے یا نا کیا جائے، عوام کے مشورے کے بعد ہم پارلیمنٹری بورڈ کا قیام کرینگے اور اتحاد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ آج کے ہنگامی حالات میں اسمبلی و پارلیمنٹ سے زیادہ بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے کارپوریشن کا چناؤ انتہائی اہم ہے اور ہم عوام سے بھی گزارش کرینگے کہ وہ کام کرنے والے بہادر نمائندوں کو منتخب کریں نہ کہ بزدل نمائندوں کو ۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ ہم عوام کے بیچ اپنے کاموں اور عوامی خدمات کے تحت ووٹ مانگنے جائیں گے ۔


اس موقع پر سماجوادی پارٹی کی صدر شان ہند نے کہا کہ ہم ابو عاصم اعظمی کی قیادت میں کارپوریشن چناؤ پوری طاقت سے لڑینگے، ہم ہر کچے پکے علاقے میں اپنا امیدوار دینگے ۔انہوں نے کہا کہ مذہبی نعروں کی آڑ میں اسمبلی الیکشن کامیاب کیا گیا ۔مساجد و مدارس کا سیاسی استعمال بھی کیا گیا اور جب مالیگاؤں میں آفت آئی تو مفتی اسمٰعیل نے ایک لیٹر بھی نہیں دیا ۔ہم مفتی اسمٰعیل سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ اسمبلی میں خاتون امیدوار کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کرنے والے مفتی کیا آنے والے کارپوریشن چناؤ میں مفتی اسمٰعیل کسی خاتون کو ٹکٹ نہیں دینگے؟ شان ہند نے کہا کہ مفتی اسمٰعیل شریعت کا استعمال بھی اپنے مفاد کیلئے کرتے ہیں ۔کیا اب مفتی اسمٰعیل کارپوریشن چناؤ میں کسی خاتون کو ٹکٹ نہیں دینگے؟ ۔اس پریس کانفرنس میں مستقیم ڈگنیٹی ،شان ہند ،رشید سیٹھ ایولے والے ،رضوان سر ،سہیل عبد الکریم، ایڈوکیٹ توصیف شیخ، ناصر کرانہ والا ،مسیح اللہ بیسٹ، مولانا زاہد ندوی سمیت درجنوں افراد موجود تھے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے