بڑی مچھلیوں کو بچانے کیلئے کارپوریشن ملازم عبد التواب شیخ کو گرفتار کیا گیا ،24 مارچ تک پولس تحویل




بڑی مچھلیوں کو بچانے کیلئے کارپوریشن ملازم عبد التواب شیخ کو گرفتار کیا گیا ،24 مارچ تک پولس تحویل


مائناریٹی ڈیفینس کمیٹی کی قانونی امداد ، آصف شیخ کا ایس آئی ٹی و کارپوریشن کمشنر پر الزام



مالیگاؤں : 18 مارچ (بیباک نیوز اپڈیٹ) جنم داخلہ معاملہ میں ایس آئی ٹی نے اب اپنا رخ کارپوریشن کی جانب موڑ دیا ہے اور اس ضمن میں گزشتہ کل منگل کی شب کارپوریشن جنم و اموات محکمہ کے ملازم عبد التواب شیخ کو گرفتار کیا گیا ۔آج عدالت میں پیشی کی گئی ۔ایس آئی ٹی نے چھاؤنی پولس اسٹیشن میں پہلے درج مقدمہ میں انہیں ملزم بنایا ہے ۔عبد التواب شیخ کو عدالت میں معزز جج کے سامنے پولس نے پیش کرتے ہوئے انکی جانچ کیلئے پولس تحویل طلب کی ۔جس پر دفاعی وکیل نے جرح کیا ۔اس موقع پر پولس نے عدالت سے کہا کہ ملزم سے بینک اکاؤنٹ، فون کال کی تفصیلات وغیرہ حاصل کرنا ہے ۔اس لئے پولس تحویل دی جائے ۔اس پر معزز جج نے 24 مارچ تک پولس تحویل میں رکھے جانے کا حکم دیا ۔اس موقع پر کمرہ عدالت میں مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے کنوینر آصف شیخ بھی موجود تھے ۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولس تواب شیخ کو بلی کا بکرا بنا رہی ہے ۔بڑی مچھلیوں کو بچانے کیلئے تواب کو ملزم بنایا گیا ہے جبکہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ کارپوریشن کی جانب سے جاری کئے گئے جنم داخلوں پر ہیلتھ آفیسر اور کارپوریشن کمشنر کے دستخط ہیں تو انہیں گرفتار کیا جاتا لیکن ایسا نہیں کیا گیا ۔وہیں آصف شیخ نے کہا کہ کارپوریشن کے ملازم کے دفاع میں خود کارپوریشن کو وکیل کھڑا کرنا چاہیے تھا لیکن کارپوریشن نے ایسا نہیں کیا، آصف شیخ نے یہ بھی کہا کہ نائب تحصیلدار فرار ہے ۔اس کیلئے بھی محصول محکمہ نے کوئی وکیل نہیں لگایا ہے ۔نائب تحصیلدار کو گرفتار کرنے کیلئے پولس کیا کارروائی کررہی ہے یہ سب کے سامنے ہے ۔آصف شیخ نے الزام لگایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دباؤ میں پولس بڑی مچھلیوں کو بچا رہی ہیں اور مسلم نوجوانوں کو گرفتار کر بدنام کیا جارہا ہے ۔انہوں نے اسے ظلم سے تعبیر کیا ۔آصف شیخ نے یہ بھی کہا کہ آج عدالت میں ایڈوکیٹ عبدالعظیم خان اور ایڈوکیٹ عارف شیخ سمیت لیگل سیل کے وکلاء نے عبدالتواب کے دفاع میں پیروی کی ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے