کانگریس کے 28 کارپوریٹرس کو لیکر نانا پٹولے کا این سی پی پر نشانہ، کانگریس ۔ راشٹروادی میں رسّہ کشی ، مہاوکاس اگھاڑی سرکار میں نئے تنازعہ کا امکان
تو پھر ہم بھی اگر کسی ورکرس کانگریس میں شامل کریں تو ناراضگی نہ ہو: پٹولے ، اجیت پوار کا نانا کو جواب ، کہا راشٹروادی میں 28 کارپوریٹرس کا استقبال ہے
ممبئی : 28 جنوری (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر ضلع کانگریس پارٹی کو چھوڑ کر سابق ایم ایل اے شیخ رشید و میئر طاہرہ شیخ سمیت 28 کارپوریٹرس نے ممبئی میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قدآور لیڈر و مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار کی موجودگی میں این سی پی میں شمولیت اختیار کی ۔اس واقعہ پر کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی سرکار میں تینوں پارٹیوں کا اشتراک ہے اس کے باوجود راشٹروادی کانگریس پارٹی کانگریس کو کمزور کرنے کا کام کررہی ہیں ۔
پٹولے نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے والے اپنی مرضی سے جاتے ہیں اس سے ہمیں کوئی ناراضگی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بتائے بغیر مالیگاؤں شہر کے کانگریس لیڈران کو راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل کرلیا گیا ہے ۔پٹولے نے کہا کہ اگر آج کوئی ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں جاتا ہے تو ناراض ہونے والی بات نہیں لیکن کل اگر ہم بھی کسی کو کانگریس پارٹی میں شامل کریں گے تو پھر انہیں بھی ناراض نہیں ہونا چاہئے ۔
پٹولے کے بیان سے ریاست کی مہاوکاس اگھاڑی سرکار میں نیا تنازعہ کا امکان بڑھ گیا ہے ۔پٹولے کے بیان پر راشٹروادی کانگریس پارٹی کے لیڈر و ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مالیگاؤں شہر میں کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنے والے عوامی لیڈر شیخ رشید و میئر طاہرہ شیخ سمیت 28 کارپوریٹرس و سابق کارپوریٹر راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ۔اجیت پوار نے کہا کہ مالیگاؤں شہر میں شیخ رشید نے عوام کو سنبھالا انکی عوامی مقبولیت ہے کہ تمام کارپوریٹرس ایکساتھ راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ۔
اجیت پوار نے کہا کہ ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں جانے کیلئے ہر کوئی آزاد ہے ۔انہوں نے کہا کہ گوا میں بھی ایک پارٹی کو چھوڑ کر 40 افراد دوسری پارٹی میں شامل ہوئے اور یہ سب تو ہوتا رہیگا ۔لیڈر وہ ہوتا ہے جو عوام کو سنبھالے اور پارٹی اپنے لیڈر کو سنبھالے ۔انہوں نے کہا کہ مالیگاؤں شہر کانگریس پارٹی کو چھوڑ کر آنے والے تمام کارپوریٹرس کا راشٹروادی کانگریس پارٹی میں ہم استقبال کرتے ہیں ۔
ان تمام حالات سے ریاست کی سیاست گرم ہوگئی ہے ۔مہاوکاس اگھاڑی سرکار میں نیا تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔اس بیچ کانگریس کے سابق ایم ایل اے و راشٹروادی کانگریس پارٹی کے مقامی صدر آصف شیخ نے کانگریس پر الزام عائد کیا ہے کہ کانگریس نے مالیگاؤں کی تعمیر و ترقی کیلئے جاری دور میں کوئی توجہ نہیں نہیں دی ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ کانگریس لیڈران نے مالیگاؤں کو فنڈز دیا، مالیگاؤں سے رابطہ رکھا لیکن موجودہ کانگریس کے لیڈران مالیگاؤں کو نظر انداز کررہے ہیں کسی قسم کی گرانٹ نہیں دی ۔اس لئے کانگریس کے تمام کارپوریٹرس نے ایک ماہ قبل راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ لیا اور آج ممبئی این سی پی بھون میں اجیت دادا پوار کی موجودگی میں راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل ہوگئے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com