کانگریس پارٹی کو چھوڑ کر شیخ رشید و میئر طاہرہ شیخ سمیت 28 کارپوریٹرس راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل، سپریہ سولے کی مبارک باد

کانگریس پارٹی کو چھوڑ کر شیخ رشید و میئر طاہرہ شیخ سمیت 28 کارپوریٹرس راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل، سپریہ سولے کی مبارک باد

مالیگاؤں شہر کیساتھ بھید بھاؤ نہیں بلکہ شہر کی تعمیر و ترقی کی رفتار تیز کرنے مزید فنڈز دیا جائے گا :اجیت دادا پوار

اقلیتی محکمہ سے مالیگاؤں کیلئے خصوصی پیکیج دینے وزیر اقلیتی امور نواب ملک کا اعلان ۔اجیت پوار ،جینت پاٹل ،چھگن بھجبل نے والہانہ استقبال کیا


مالیگاؤں کی تعمیر و ترقی کیلئے ریاستی حکومت خصوصی توجہ دے ، آئندہ میئر این سی پی کا ہوگا، شیخ رشید و آصف شیخ کا خطاب


عرفان علی، شاہد جمن، غوث ممبر اور ایم آئی ایم کو چھوڑ کر عزیز بیکری والا سمیت سابق کارپوریٹرس بھی راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل



ممبئی : 27 جنوری (بیباک نیوز اپڈیٹ) سابق ایم ایل اے شیخ رشید و میئر طاہرہ شیخ سمیت کانگریس پارٹی کو چھوڑ کر تمام 28 کارپوریٹرس نے آج ممبئی راشٹروادی بھون میں ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ و این سی پی کے قدآور لیڈر اجیت دادا پوار ،ریاستی صدر جینت پاٹل ،وزیر اقلیتی امور نواب ملک، چھگن بھجبل کی موجودگی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ پروگرام سے کچھ دیر قبل شرد پوار کی بیٹی و ممبر آف پارلیمنٹ سپریم سولے نے این سی پی بھون پہنچ کر میئر طاہرہ شیخ و شیخ رشید اور آصف شیخ سمیت تمام کارپوریٹرس کا استقبال کرتے ہوئے نیک خواہشات پیش کی ۔
یہاں نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالیگاؤں شہر کے ساتھ بھید بھاؤ نہیں کیا جائے گا بلکہ مالیگاؤں شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے ہم ہر طرح سے تعاون کریں گے ۔ابھی حال ہی میں ہم نے ریاستی سرکار سے 10 کروڑ روپے کا فنڈ مالیگاؤں کیلئے ریلیز کیا ہے اور اس سے قبل ناسک ضلع منصوبہ بندی کمیٹی میں چھگن بھجبل کی جانب سے پانچ کروڑ کا فنڈ جاری کیا تھا ۔اسی طرح آئندہ ماہ مالیگاؤں کی ترقی کیلئے کروڑوں روپے کا فنڈ بجٹ میں شامل کررہے ہیں ۔اسی طرح مالیگاؤں شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے جب چاہے جو بھی مسئلہ سر ابھارے ہم ہر ممکن طریقے سے تعاون کرنے کی کوشش کریں گے ۔اسطرح کا حوصلہ بخش جملوں کا اظہار ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت دادا پوار نے کیا ۔موصوف راشٹروادی بھون ممبئی میں مالیگاؤں شہر کانگریس پارٹی کو چھوڑ کر راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے سابق ایم ایل اے شیخ رشید و موجودہ میئر طاہرہ شیخ سمیت 28 کارپوریٹرس اور پانچ سابق کے استقبالیہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر اجیت پوار نے کہا کہ شیخ رشید نے میرے ساتھ دس سال تک مہاراشٹر اسمبلی میں مالیگاؤں کی نمائندگی کی ہے اور انہوں نے پوری ایمانداری سے کانگریس پارٹی کو طاقت پہنچایا ہے ۔اجیت دادا پوار نے کہا کہ آج شیخ رشید جیسے سیاسی تجربہ کار لیڈر کارپوریٹرس کی اتنی بڑی تعداد کیساتھ راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں اس سے راشٹروادی کو حوصلہ ملا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ مالیگاؤں ہی نہیں بلکہ ناسک ضلع میں پارٹی مزید طاقتور اور مضبوط ہوگی ۔پوار نے کہا کہ راشٹروادی پریوار میں شیخ رشید سمیت مالیگاؤں شہر کے تمام کارپوریٹرس و سابق کارپوریٹرس کا استقبال کیا جاتا ہے اور پارٹی مالیگاؤں شہر میں راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ایک ایک ورکر کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔
ریاست کے وزیر اقلیتی امور نواب ملک نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ صاحب نے ہمارے ساتھ اسمبلی میں بڑی تندہی سے کام کیا ہے اور وہ ہمیشہ مالیگاؤں شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے فکر مند رہتے ہیں ۔آج شیخ رشید راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے ہیں ہم انکا استقبال کرتے ہیں ۔وزیر اقلیت نواب ملک نے کہا کہ اقلیتی شعبہ کی جانب سے مالیگاؤں شہر کو 2 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کا آج میں اعلان کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ مالیگاؤں شہر کے قبرستانوں کے اندر بنیادی سہولیات کیلئے پرپوزول تیار کر داخل کیا جائے وزارت اقلیت دو کروڑ منظور کرے گا ۔

اس پروگرام میں صوبائی این سی پی کے صدر و وزیر آبپاشی جینت پاٹل نے شیخ رشید و میئر طاہرہ شیخ سمیت تمام کارپوریٹرس کا استقبال کیا اور کہا کہ 38 سالوں سے مالیگاؤں شہر میں کانگریس کو مضبوط کرنے والے شیخ پریوار کا راشٹروادی کانگریس پارٹی ہر طرح سے ساتھ دیگی ۔انہوں نے کہا مالیگاؤں شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے لیڈران اپنا تعاون پیش کرتے رہیں گے ۔

این سی پی بھون ممبئی میں کابینی وزیرِ خوراک و ناسک ضلع رابطہ وزیر چھگن بھجبل نے تمام کارپوریٹرس کا استقبال کیا اور کہا کہ اب راشٹروادی کانگریس پارٹی کی قیادت مالیگاؤں سمیت اطراف میں مزید طاقتور اور مضبوط ہوگی ۔ہم مالیگاؤں کیساتھ ناانصافی ہونے نہیں دینگے ۔
اس موقع پر کانگریس کو چھوڑ کر این سی پی میں شامل ہونے والے تمام افراد اور کارپوریٹرس کی جانب سے شیخ رشید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح ہم نے کسمپرسی اور نامساعد حالات کے باوجود کانگریس کو مالیگاؤں میں نہ صرف زندہ رکھا بلکہ تین ایم ایل اے، چار میئر اور سیکڑوں کارپوریٹرس دیئے بالکل اسی طرح اور اس سے آگے بڑھ کر ہم مالیگاؤں شہر سے راشٹروادی کانگریس پارٹی کو مضبوط کریں گے ۔انہوں نے اپنے کاموں کے تجربات کی روشنی میں پارٹی کو مضبوط کرنے کا اظہار کیا ۔
این سی پی بھون ممبئی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راشٹروادی کانگریس پارٹی مالیگاؤں ضلع کے صدر شیخ آصف نے شیخ رشید ۔میئر طاہرہ شیخ اور تمام کارپوریٹرس و سابق کارپوریٹرس و معاون کارپوریٹرس اور سماجی شخصیت کا استقبال کیا اور کہا کہ ہم سب مل کر مالیگاؤں شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے کوشش کریں گے ۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ مالیگاوں میونسپل کارپوریشن پر راشٹروادی کانگریس پارٹی کا میئر براجمان کیا جائے گا ۔شیخ آصف نے ریاستی ہائی کمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مالیگاؤں شہر غریبوں و مزدوروں کا شہر ہے یہاں مسائل بہت زیادہ ہیں اس لئے سرکاری سطح پر مالیگاؤں پر خصوصی نظر کرتے ہوئے گرانٹ ریلیز کی جائے اور مالیگاؤں کے حق میں بہتر فیصلہ لیا جائے ۔
اس تقریب میں کانگریس کے تمام موجودہ 28 کارپوریٹرس کیساتھ سابق اسٹینڈنگ چیئرمین و کارپوریٹر عرفان علی عابد علی، ایم آئی ایم کو چھوڑ کر آنے والے عزیز پاؤ روٹی، غوث ممبر، مشرف رنگاڑی،شاہد جمن، انس بیڑی والا، شریف میمن کچی سمیت سوشل ورکروں نے راشٹروادی کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے