شہریان بلا تفریق ذات ،برادری ،مسلک شہر کی تعمیر و ترقی اور روزگار کیلئے اپنا تعاون پیش کریں
میں اپنے سیاسی مخالفین کیلئے تلوار، بندوق ۔ڈنڈہ نہیں بلکہ قلم کا استعمال کرتا ہوں :شیخ آصف
اسد الدین اویسی آپ نے مالیگاؤں کے لاکھوں لوگوں کو دھوکا دیا ہے آپ مالیگاؤں مت آنا، آپ بی جے پی کے ایجنٹ ہیں :حافظ انیس اظہر
شیخ آصف نے ہر سال حساب دیا ہے اب مفتی اسماعیل اور جنتا دل سیکولر اپنے دور اقتدار کا حساب دیں :یوسف سیٹھ نیشنل
قائد و سالار کا لقب لگانے والے اپنی سالاری میں ناکام ہوگئے، اب میں میدان سیاست میں آگیا ہوں ، حاجی خالد شیخ کا مخالفین کو منہ توڑ جواب
مالیگاؤں : 17 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) کب تک ہم خانوں میں تقسیم ہوتے رہیں گے؟ کب تک ذات، برادری، مسلک اور علاقہ واریت کے جھگڑے میں اپنا نقصان کرتے رہیں گے؟ کب تک امیر غریب، سیٹھ مزدور کرتے رہیں گے؟ خدارا! شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے ایک ساتھ ہوجائیں ۔راشٹروادی کانگریس پارٹی کو مکمل اکثریت دیکر شہر کا نقشہ بدلنے میں اپنا تعاون پیش کریں ۔میں شہر کی ہمہ جہت تعمیر و ترقی کروں گا ۔کیوں کہ مجھکو دس سالہ کارپوریٹر شپ اور ڈھائی سالہ میئر و پانچ سالہ ایم ایل اے شپ کا کامیاب تجربہ رہا ہے اور میں نے اپنی نمائندگی سماج کے ہر طبقہ میں بڑی ایمانداری سے پوری کی ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی کروں گا ۔اسطرح کے جملوں کا اظہار راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر آصف شیخ نے شہید عبدالحمید روڈ پر منعقدہ استقبالیہ اجلاس سے کیا ۔موصوف نے کہا کہ جب میرے پاس کوئی غریب فریاد لیکر آتا ہے تو مجھکو افسوس ہوتا ہے ۔پھر میں اور میرا خاندان انکے لئے ہر ممکن مدد کا ہاتھ بڑھاتے ہیں ۔اور تب میں سوچتا ہوں کہ کاش میرے پاس اتنی دولت ہوتی کہ میں غریبوں میں وہ بھی بانٹ دیتا۔انہوں نے کہا کہ راشٹروادی کانگریس پارٹی میں جانے سے قبل ہم نے این سی پی کے ذمہ داران سے شہر کی تعمیر و ترقی، روزگار ،تعلیم کا وعدہ لیا ہے اور وہ انشاءاللہ پورا کریں گے ۔شیخ آصف نے جذباتی خطاب کرتے ہوئے شہریان مالیگاؤں سے کہا کہ آپ نے حیدرآباد کے لوگوں پر بھروسہ کیا لیکن شہر کے بیٹے کو شکست دے دی۔انہوں نے کہا کہ میں اس شہر کا بیٹا ہوں ۔یہی پیدا ہوا، یہی مرنا اور دفن بھی ہونا ہے ۔مجھے اس شہر کیلئے ابھی بہت کچھ اچھے کام کرنا ہے ۔شہر کی عوام سے خطاب کرتے ہوئے شیخ آصف نے کہا کہ مالیگاؤں شہر نے جن لوگوں پر بھروسہ کیا اُن ہی حیدرآباد کے لوگوں نے شہریان کو دھوکہ دیا ہے ۔شیخ آصف نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنکا شہر کی تعمیر و ترقی میں ذرہ برابر بھی حصہ نہیں ہے وہ تعمیر و ترقی اور بدعنوانی کے تعلق سے نہ بولے ۔بدعنوانی کی داغ بیل بھی انہی لوگوں نے ڈالی ہے جو آج اپنے آپکو پارسا بتارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی موت دینے والی اپوزیشن اس بات کو سن لیں کہ جب تک اللہ پاک کی مہربانیاں ہم پر ہیں تب تک ہمیں کوئی بھی سیاسی موت نہیں دے سکتا۔موصوف نے موجودہ ایم ایل اے مفتی محمد اسماعیل قاسمی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل اے صاحب بزدلی والی بات نہ کریں ۔اگر آپکو کام کرنا نہیں آرہا ہے تو ناکامی قبول کرلیں لیکن شیخ رشید خاندان اور آصف شیخ پر الزام نہ لگائیں کہ یہ کام کرنے نہیں دے رہے ہیں ۔ایم ایل اے صاحب آپ شہر کی نمائندگی کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔آپ اپنی ناکامی کا اعلان کردیں بقیہ کام شیخ آصف کریگا اور میں تو ایسے بھی کام کرنے تیار ہوں لیکن آپ اپنی ناکامی قبول کرلیں ۔ایم ایل اے موصوف اسد الدین اویسی کو تیسرے محاذ کا شوشہ چھوڑ کر دھمکی دے رہیں کیونکہ انہیں کارپوریشن چناؤ میں مجلس کے امیدواروں میں ٹکٹ کی تقسیم سے کمائی کا موقع نہیں ملے گا ۔شیخ آصف نے خدشہ ظاہر کیا کہ مفتی اسماعیل کارپوریشن چناؤ میں یہ بھی رونا روئیں گے کہ ہم نے جن جن افراد کو میئر بنایا وہ ناکام نکلے لیکن اب میرا بیٹا عبداللہ میئر بنے گا تو میں اس سے کام کراؤں گا ۔شیخ آصف نے مفتی اسماعیل کے حیدرآباد سفر کے متعلق کہا کہ مجھکو ایسا لگتا ہے کہ مفتی اسماعیل نے مولانا ارشد مدنی کا پیغام اسدالدین اویسی کو دیا ہوگا کیونکہ ابھی یوپی چناؤ ہونا ہے اورمولانا ارشد مدنی نے مفتی صاحب کو بولا ہوگا کہ تمھارے لیڈر کو بولئے کہ یوپی میں آکر بی جے پی کی چاچا گیری چھوڑے ،سیکولر ووٹوں کو نقصان نہ پہنچائیں ۔آپکی سیاست حیدرآباد تک محدود رکھیں ۔شیخ آصف نے کہا کہ سو نشستوں پر مجلس الیکشن لڑوانے کا اعلان کررہی ہیں مطلب ایک سیٹ پر ایک کروڑ یعنی سو کروڑ کی ایجنٹ گیری سے کمائی کا راستہ اختیار کیا جارہا ہے ۔شیخ آصف نے کہا کہ مفتی محمد اسماعیل نے مذہب کی بنیاد پر اسمبلی الیکشن جیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حیدرآباد سے بی جے پی کے چچا جان ابھی تک مالیگاؤں نہیں آئے ۔اس اجلاس میں شیخ آصف نے مقامی مجلس اتحاد المسلمین کے ذمہ داران اور پروفیسر اور کمپاؤنڈ کے افراد پر بھی جم کر تنقید کی اور کہا کہ لڑائی کیلئے میں تلوار، بندوق، ڈنڈہ نہیں اٹھاتا بلکہ میری لڑائی قلم سے ہوتی ہیں ۔شیخ آصف نے کہا کہ اب بہت ہوچکا اب اگر میرے خاندان یا این سی پی کے ایک بھی ورکر پر کسی نے ذاتیات پر کہا تو انکی سمجھ بن جائے گی ۔سرکار سے انکوائری کروائی جائے گی اور اسکی تیاری جاری ہوچکی ہیں ۔موصوف نے جلسہ کے صدر منتظمین، کنوینر اور استقبالیہ کمیٹی کے اراکین، شہید عبدالحمید روڈ کے نوجوانوں اور شہر بھر سے آئی ہوئی عوام کا شکریہ ادا کیا ۔
دو توپوں کی سلامی، روڈ شو اور عظیم الشان استقبالیہ
اس سے قبل معصوم سائزنگ کے پاس سے جلسہ گاہ تک شیخ آصف کے استقبال کیلئے ایک شاندار روڈ شو کا انعقاد کیا گیا جس میں ایک کھلی جیپ اور ایک ایم جے ہیکڑ گاڑی، چھ باؤنسر (بلڈر) اور ہزاروں نوجوان موجود تھے روڈ شو میں راشٹروادی کا گیت "راشٹروادی پُنہا" بیک گراؤنڈ میوزک نے جشن کو دوبالا کردیا۔اسی طرح استقبالیہ تقریب میں رونق اسٹیج مہمانان کرام کو کرین سے پھولوں ہار پہنایا گیا ۔اسٹیج کے دونوں جانب ایک ایک توپ رکھی گئی اور اس توپ سے وقتاً فوقتاً شیخ آصف سمیت تمام مہمانوں کو دوتوپوں کی سلامی پیش کی گئی ۔تقریب میں مختلف رنگوں کے لائٹ سے نکلنے والی روشنی، رنگ برنگے غبارے اور پھولوں کے حسین سنگھم نے رات کی تاریکی کو اپنی آغوش میں لیکر رات کے حسن میں چار چاند لگا دیا ۔اس پر مشہورِ ناظم مشاعرہ ارشاد انجم کی نظامت نے پروگرام کے حسن کو دوبالا کردیا ۔وہیں واحد انصاری کی نظم نے نوجوانوں میں جوش و خروش پیدا کردیا ۔
سینکڑوں موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کے ہمراہ حاجی خالد شیخ کی دمدار انٹری
اس اجلاس میں پانچ فور وہیلرس گاڑیوں کے ساتھ سینکڑوں موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کے ہمراہ نوجوان لیڈر حاجی خالد شیخ کی دمدار انٹری ہوئی اور انکا بھی شایان شان استقبال کیا گیا ۔اس موقع پر خالد حاجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب خالد حاجی میدان میں اتر گیا ہے ۔موصوف نے کہا کہ ہر ظلم ستم کے خلاف لڑوں گا ۔سیاسی مخالفین کو للکارتے ہوئے کہا کہ میں واقعہ ہونے پر جگہ پر فیصلہ لیتا ہوں۔اگر ایک بھی ورکر کو کچھ کیا گیا تو انجام ٹھیک نہیں ہوگا ۔موصوف نے مفتی اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپنے آپکو قائد و سالار کا لقب لگانے والے پوری طرح سے اپنی سالاری میں ناکام ہوگئے ۔حاجی خالد شیخ نے شیخ رشید کے ایم ایل اے فنڈ اور آصف شیخ کی نمائندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صرف یہی لوگ ہیں جنہوں نے شہر کو تعمیر و ترقی عطا کی ہیں ورنہ مفتی اسماعیل تو ماضی میں بھی ناکام تھے اور آج بھی ناکام ہوگئے ہیں ۔خالد حاجی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مفتی اسماعیل اپنے ارد گرد کچھ مخصوص لوگوں کو ساتھ لیکر گھومتے ہیں انہوں نے کبھی نئے لوگوں کو موقع نہیں دیا بلکہ شیخ رشید اور آصف شیخ نے منترالیہ کا راستہ نئے لوگوں کو بتایا ہے ۔
حیدرآباد کی شیروانی، بریانی اور مالیگاؤں کو پریشانی
اس اجلاس میں یوسف سیٹھ نیشنل نے اپنے خطاب میں اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ 35 سال اقتدار پر رہے ہیں. آپ نے کیا کام کیا ہے؟ ۔سب سے پہلے بدعنوان جنتا دل کے لوگ ہیں موصوف نے مفتی اسماعیل کے 14 سالہ سیاسی قیادت کا بھی حساب مانگا اور کہا کہ حیدرآباد کی شیروانی، بریانی اور مالیگاؤں کو پریشانی کا سبب بھی یہی لوگ ہیں ۔موصوف نے دوران تقریر کہا کہ شیخ آصف نے اپنی قیادت کا ہر سال حساب دیا ہے اب جنتا دل اور مفتی اسماعیل کو حساب دینے کی ضرورت ہے۔
اویسی صاحب مالیگاؤں کے غدار ہیں اب آپ مالیگاؤں مت آنا
اس اجلاس میں حافظ انیس اظہر نے اسد الدین اویسی پر جم کر بھڑاس نکالی اور کہا کہ اویسی صاحب آپ مالیگاؤں شہر کے غدار ہو ۔اب آپ مالیگاؤں مت آنا ۔موصوف نے کہا کہ اویسی صاحب کنول کے پھول کا بھنورہ ہے ، بی جے پی کے مددگار ہیں اور بی جے پی کے ایجنٹ ہیں ۔حافظ انیس اظہر نے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین کے دونوں بھائی نفرت کا بیج بوتے ہیں اور بی جے پی اس میں پانی ڈالتی ہیں اور جب نفرت کا پودا بڑا ہوتا ہے تو ملک میں فرقہ واریت بڑھتی ہیں اور پھر چائے والا وزیر اعظم بنتا ہے۔اویسی کی تقریر سے ہندو ووٹرس جذبات میں آکر بی جے پی کا ساتھ دے رہے ہیں ۔اویسی کو ایسا نہیں کرنا چاہیے ۔اگر وہ سچے مخلص ہیں تو انہیں پہلے اپنے علاقے حیدرآباد میں مسلمانوں کیلئے مکمل اقتدار سازی بنانا ہوگا ۔انیس اظہر نے مفتی اسماعیل کے دورہ کی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سو فیصد یہ خبر سچ نہیں ہے اس میں جھوٹ بولا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ منہ میاں مٹھو والی بات کی جارہی ہیں اور کہ رہے ہیں کہ اویسی مطمئین ہیں ۔جب کہ اویسی سے خود مالیگاؤں کے لوگ مطمئین نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے مالیگاؤں کو دھوکہ دیا ہے جمعہ ۔منگل آنے کا وعدہ کیا ینی ہر ایک دو ماہ میں آنے کا وعدہ کیا لیکن دو سال ہوگئے اویسی ابھی تک نہیں آئے ۔
ٹھن ٹھن جنتا دل سیکولر
اس اجلاس میں مجاھد ساگر نے جنتا دل سیکولر پر تنقید کرتے ہوئے انہیں ٹھن ٹھن جنتا دل سیکولر کے لقب سے نوازا اور ان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے اولین بدعنوانوں کی فہرست میں شمار کیا ۔موصوف نے پروفیسر کا نام نہ لیتے ہوئے انہیں بھی طنز کیا اور کہا کہ پروفیسر بھول گئے ہیں کہ انہیں اس مقام پر پہنچانے میں شیخ رشید کا ہی یوگ دان ہے۔
استقبالیہ اجلاس کے اہم ذمہ داران اور عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر
اخلاق شاہ کی صدارت اور شیخ آصف باردان والا، فاروق بھائی گنیش نگر کی کنوینر شپ اور استقبالیہ کمیٹی کے صدر شیخ ابراہیم موڑ والا کی رہنمائی و نوجوانان شہید عبدالحمید روڈ و نوجوانان دیانہ شیوار کے زبردست تعاون سے یہ پروگرام کامیاب ہوا ۔اس اجلاس میں استقبالیہ پروگرام کے صدر اخلاق شاہ، چراغ کانڈی والا، مجاھد ساگر، کریم بھائی سائکل والا،ریاض علی ،جابر شاہ ۔فاروق بھائی گنیش نگر، اجو شیخ لہسن والا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔اسٹیج پر نومنتخب صدر و تمام ونگ و سیل کے عہدیداران، خواتین ذمہ داران، اور شہر بھر کی مشہور شخصیات رونق افروز تھیں ۔جلسہ گاہ میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دکھائی دیا ۔ایک اندازے کے مطابق دس ہزار سے زائد افراد کا مجمہ اس جلسہ کو سننے، دیکھنے کیلئے موجود تھا ۔جلسہ گاہ میں نوجوانوں کی بڑی تعداد رہی ۔وہیں بزرگ و خواتین اور بچوں نے بھی اپنی شرکت کر سیاسی بیداری کا انوکھا ثبوت پیش کیا ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com