مہد ملت میں 23, ستمبر کو فارغین معہد ملت کا یک روزہ علمی وتربیتی اجلاس، معہد ملت، مولانا عبدالحمید نعمانی ؒ کی قائم کردہ مہاراشٹر کی اولین دینی، اقامتی ‏درسگاہ ‏

مہد ملت میں 23, ستمبر کو فارغین معہد ملت کا یک روزہ علمی وتربیتی اجلاس


معہد ملت، مولانا عبدالحمید نعمانی ؒ کی قائم کردہ مہاراشٹر کی اولین دینی، اقامتی درسگاہ

معہد ملت سے اب تک شعبہ ٔعالمیت سے فارغ ہونے والوں کی تعداد 1211 جب کہ شعبۂ تخصص فی الافتاء والقضاء سے فارغ ہونے والوں کی تعداد 152 ہے، اسی طرح 435 حفاظ بھی یہاں سے فارغ ہوچکے ہیں۔ 


مالیگاؤں: 11,ستمبر(بیباک نیوز اپڈیٹ) معہد ملت صوبہ مہاراشٹر کا معروف اور ممتاز دینی ادارہ ہے، جسکی خدمات ، اورسرگرمیاں اس کے فیض یافتگان اور فضلاء کے کارناموں سے ظاہر ہیں۔ معہد ملت و ہ دینی اور ثقافتی درس گاہ ہے جسے عربی زبان کے کہنہ مشق ادیب اور ممتاز ماہر تعلیم مفکر ملت حضرت مولانا عبدالحمید صاحب نعمانی نے 1953ء میں قائم فرمایا ،جب پورے مہاراشٹر میں کہیں بھی کوئی اقامتی درسگاہ نہیں تھی، اس وقت یہ بات کسی کے خواب وخیال میں بھی نہیں تھی کہ یہ ننھا سا پودا مستقبل میں ایک ایسا تناور اور سایہ دار درخت بن جائے گا،جس کی ٹھنڈی چھاؤں میں بیٹھ کر فرزندان امت اور برادران ملت راحت و آرام حاصل کریں گے،آج معہد ملت اپنے مختلف شعبہ جات اور فعال ملی فضلاء کے کارناموں کی بدولت مدارس اسلامیہ کے درمیان ایک نمایاں مقام حاصل کرچکا ہے ،جس کا اعتراف ملک کے اکابر علماء بھی کرتے ہیں، بقول مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندویؒ ’’ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ جنوبی مغربی ہند میں معہد ملت ’’ندوۃ العلماء ‘‘ کے طرز و فکر کا ایک بہترین ادارہ ہے‘‘۔ان جملوں کے اظہار کیساتھ حضرت مولانا ادریس عقیل ملی قاسمی و مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے اردو میڈیا سینٹر میں پریس کانفرنس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اس وقت معہد ملت میں شعبۂ عالمیت اور حفظ کے علاوہ شعبہ تخصص فی الافتاء والقضاء دارالقضاء ، دارالافتاء ، کمپیوٹر کلاس، سلائی کلاس، کتابت کلاس ، اور ادارہ امتحان دینیات کامیابی کے ساتھ جاری ہیں ، معہد ملت سے اب تک شعبہ ٔعالمیت سے فارغ ہونے والوں کی تعداد 1211 جب کہ شعبۂ تخصص فی الافتاء والقضاء سے فارغ ہونے والوں کی تعداد 152 ہے، اسی طرح 435 حفاظ بھی یہاں سے فارغ ہوچکے ہیں۔ 1954 ء سے قائم ادارہ امتحا ن دینیات بھی تاریخ معہد ملت کا ایک جلی عنوان ہے جس کے ذریعے پورے مہاراشٹر میں اسکولوں میں زیر تعلیم طلباء کو دینی تعلیم سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے اور ہر سال امتحان دینیات کا انعقاد کیا جاتا ہے،اب تک امتحان دینیات میں ساڑھے چھ لاکھ سے زائد طلبہ شریک ہوچکے ہیں۔ معہد ملت میں دارالقضاء بھی 1973 ء سے قائم ہے جو صوبہ مہاراشٹر کا پہلا دارالقضاء ہے اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی نگرانی میں تاحال جاری ہے۔اب تک دارالقضاء سے کئی ہزار مقدمات فیصل ہوچکے ہیں۔
معہد ملت کے فضلاء نے صوبائی اور ملکی سطح پر اہم خدمات انجام دی ہیں اور آج بھی صوبہ مہاراشٹر اور ملک کے مختلف علاقوں میں سر گرم عمل ہیں، معہد ملت کے نمایاں اور ممتاز فضلاء میں ممتاز عالم دین و مشہور خطیب حضرت مولانا محمد حنیف ملی صاحبؒ(سابق رکن شوری ندوۃ لکھنؤ) قاضی
ٔشریعت حضرت مولانا عبدالاحد صاحب ازہری( نائب صدرآل انڈیا فقہ اکیڈمی و رکن تاسیسی آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ) ، حضرت مولانا عبد الحمید صاحب ازہری (رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ) حضرت مولانا محمد ادریس عقیل
ملی قاسمی صاحب ( موجودہ شیخ الحدیث معہد ملت)حضرت مولانا محمد یوسف صاحب ملیؒ ( بانی مدرسہ اعجاز العلوم کرن ومعہد نعمانی راحتہ ،مہاراشٹر)
حافظ محمد یوسف صاحب ملی جامنیریؒ (خلیفہ و مجاز شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا صاحب ؒ) حضرت مولانا زبیر احمد ندیمی ملی صاحب ( استاذ حدیث معہد ملت )حضرت مولانا مفتی حامد ظفر ملی رحمانی صاحب(خلیفہ ومجاز حضرت مولانا منیر حسن صاحب) ، حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ) اور موجودہ قاضیٔ شریعت حضرت مولانا مفتی حسنین محفوظ نعمانی صاحب (استاذ حدیث معہد ملت) حضرت مولانا قاری الطاف حسین ملی (استاذ معہدملت) شامل ہیں جو بلا شبہ معہد ملت کا بہترین تعارف ہیں ،مذکورہ شخصیات سے صرف معہد ملت ہی نہیں بلکہ ملت اسلامیہ ہند یہ کا ایک بڑا طبقہ فیض یاب ہورہا ہے، فالحمدللّٰہ علیٰ ذٰلک
’’معہد ملت اپنے مشن پر کاربند ہے اور آگے کی سمت مسلسل پیش قدمی کررہا ہے، بلا شبہ یہ ادارہ ملت اسلامیہ کا قیمتی سرمایہ ہے، جو گزشتہ تقریباً سات دہائیوں سے پورے مہاراشٹر میں علم دین کی شمع روشن کیے ہوئے ہے۔ مورخہ 23 ستمبر 2021ء بروز جمعرات کو صبح 9؍ بجے سے عصر تک جملہ فارغین معہد ملت کایک روزہ علمی وتربیتی اجلاس منعقد کیاجارہا ہے، جس میں تمام فارغین جمع ہوں گے اور اپنی سر گرمیوں اور کار گزاری سے اساتذہ کرام کو باخبر کریں گے، اس اجلاس میں تمام فارغین کی ملک کے موجودہ حالات میں کام کرنے کے سلسلے میں رہنمائی کی جائے گی۔ 
پریس کانفرنس میں حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملی قاسمی، حضرت مولانا محفوظ رحمانی، مفتی و مولانا حسنین نعمانی، اور شیخ الاساتذہ مولانا محمد سعید صاحب موجود تھے انہوں نے معہد ملت کے اس پروگرام کو کامیاب کرنے کیلئے عوام الناس سے بھی شرکت کی اپیل و گذارش کی۔ واضح رہے کہ مدارس دینیہ ملت کا سرمایہ ہیں کورونا عفریت کی وجہ سے اس پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ دین کے اس سرمایہ اور قلعوں کی حفاظت ہماری اپنی بھی ذمہ داری ہے۔ اس قسم کااظہار پریس کانفرنس میں کیا گیا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے