مہاراشٹر حکومت ہائی کورٹ کے فیصلہ پر پانچ فیصد مسلم ریزرویشن بحال کرے ، شرد پوار سے ممبئی میں آصف شیخ کی ملاقات و مطالبہ
آصف شیخ کی دعوت پر این سی پی کے قومی صدر شردپوار نے مالیگاؤں آنے کا اظہار کیا
مالیگاؤں کی صنعت پارچہ بافی کے مسائل حل کرنے مرکزی حکومت تک نمائندگی کرنے سپریہ سولے سے آصف شیخ کا مطالبہ
ممبئی : 14 جولائی (نمائندہ خصوصی) مہاراشٹر میں مسلم سماج کی پسماندگی اور ڈاکٹر محمودالرحمن کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اور مسلم ریزرویشن فیڈریشن مالیگاؤں کے مطالبہ پر 2013-14 میں کانگریس این سی پی سرکار نے مسلم ریزرویشن کو منظور کرتے ہوئے تعلیم اور سرکاری نوکری میں پانچ فیصد ریزرویشن دیا تھالیکن مراٹھا سماج کو دیئے گئے 16 فیصد ریزرویشن کے تنازع پر ہائی کورٹ نے مسلم ریزرویشن کو پانچ فیصد برقرار رکھا اور مراٹھا ریزرویشن کو ختم کردیا تھا ۔ بدقسمتی سے ریاست میں اقتدار کی تبدیلی ہونے سے بی جے پی کی حکومت آئی اور انہوں نے مسلم ریزرویشن کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا ۔اب جبکہ مہاراشٹر میں شیو سینا اور این سی پی و کانگریس محاذ کی حکومت تشکیل پائی ہے اور اس حکومت نے کامن منیمم پروگرام کے تحت ریاست کے تمام سماج، ذات برادری اور مذہب کو ساتھ لیکر چلنے کا اعلان کیا ہے ۔ایسے میں مہاراشٹر کے مسلمانوں کا دیرینہ مطالبہ مسلم ریزرویشن کا بھی ہے جسے ہم آپ سے درخواست کرتے ہوئے حل کرنا چاہتے ہیں ۔اسطرح کی تفصیلی گفتگو راشٹروادی کانگریس پارٹی کے قومی صدر شرد پوار سے ملاقات کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے کی اور دوران گفتگو بتایا کہ جس طرح ہائی کورٹ نے مسلم ریزرویشن کو تعلیم میں پانچ فیصد دینے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے اس فیصلے کو ریاستی حکومت قبول کرتے ہوئے پانچ فیصد مسلم ریزرویشن کو بحال کرے ۔شیخ آصف نے شرد پوار سے مطالبہ کیا کہ مہاراشٹر میں مسلمان انتہائی پسماندگی کی زندگی گزار رہے ہیں لہذا انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے تعلیم میں ہی سہی پانچ فیصد ریزرویشن دیا جانا چاہئے ۔شرد پوار نے خوشگوار ماحول میں کی گئی گفتگو کی پیش رفت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔اسی طرح یہاں شیخ آصف اور شرد پوار کے مابین دیگر سیاسی حالات پر گفتگو کی گئی اور انہیں مالیگاؤں شہر آنے کی دعوت دی گئی جسے شرد پوار نے قبول بھی کیا اور کہا کہ ایک ماہ بعد پارلیمنٹ کا اجلاس ختم ہونے پر مالیگاؤں شہر آنے کا اظہار کیا ۔ اسی طرح ممبئی میں شرد پوار کی بیٹی اور راشٹروادی کانگریس پارٹی کی رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے سے بھی آصف شیخ نے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مالیگاؤں کے صنعتی بحران سے آگاہ کروایا اور سپریہ سولے سے اپیل کی کہ آپ مالیگاؤں سمیت مہاراشٹر کے پاورلوم صنعت کو بحرانی سے نکالنے کیلئے خصوصی تعاون پیش کریں ۔مرکزی حکومت تک پاورلوم صنعت کے مسائل حل کرنے اور سوت کے دام پر کنٹرول کرنے و کپڑوں کے دام میں اضافہ کرنے جیسے مسائل پر نمائندگی کی اپیل بھی شیخ آصف نے سپریہ سولے سے کی ہے ۔اس موقع پر سپریہ سولے کو بھی مالیگاؤں آنے کیلئے دعوت دی گئی اور ریاست کےسیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس وفد میں شیخ آصف کے ساتھ شکیل جانی بیگ ،رفیق شیخ بشارت و دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com