مہاراشٹر پردیش مہیلا کانگریس کی جنرل سکریٹری میئر محترمہ طاہرہ شیخ رشید کی قیادت میں خواتین نے چولہوں پر روٹیاں پکائیں ‏

مہاراشٹر پردیش مہیلا کانگریس کی جنرل سکریٹری میئر محترمہ طاہرہ شیخ رشید کی قیادت میں خواتین نے چولہوں پر روٹیاں پکائیں


ڈیزل، پیٹرول اور رسوئی گیس کے بڑھتے دام کیخلاف مہیلا کانگریس کا مالیگاؤں میں انوکھا احتجاج


مالیگاؤں: 12جولائی(بیباک نیوز اپڈیٹ) مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام ڈیزل، پیٹرول، رسوئی گیس اور مہنگائی کیخلاف ریاست گیر تحریک میں مالیگاؤں شہر (ضلع) مہیلا کانگریس نے حصہ لیتے ہوئے مہاراشٹر پردیش مہیلا کانگریس کی جنرل سکریٹری اور مقامی میئر محترمہ طاہرہ شیخ رشید کی قیادت میں خواتین نے سڑک کے کنارے چولہوں پر روٹیاں پکاکر انوکھا احتجاج درج کروایا۔ 
اس ضمن میں طاہرہ شیخ رشید نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتلایا کہ مودی حکومت میں عام آدمی کی زندگی اجیرن بنی ہوئی ہے۔ کورونا مہاماری اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام کاروبار بند ہیں، آمدنی کے ذرائع مسدود ہوچکے ہیں دوسری طرف ڈیزل اور پیٹرول کیساتھ رسوئی گیس کے دام غریبوں کی قوت خرید سے باہر ہوچکے ہیں۔ مرکز کی نریندر مودی حکومت میں ملک کی معیشت ڈانواڈول ہونے کی وجہ سے مہنگائی آسمانوں سے باتیں کررہی ہے۔ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ لگانے والی حکومت بیٹیوں کا استحصال کررہی ہے۔ مہنگائی کی مار کا سب سے زیادہ احساس گھریلو خواتین کو ہی ہوتا ہے۔ اسلئے مالیگاؤں شہر مہیلا کانگریس کی جانب سے سڑکوں پر روٹیاں پکاکر احتجاج کیا جارہا ہے۔ اس انوکھے احتجاج میں خواتین نے اچھے دن کب آئیں گے مودی جب گھر جائیں گے، مودی سرکار مردہ باد، اب کی بار مہنگائی کی مار، نہیں چلے گی یہ سرکار جیسے فلک شگاف نعروں سے تحصیل آفس کا احاطہ گونج اٹھا۔ اس موقع پر مہاراشٹر پردیش مہیلا کانگریس کی جنرل سکریٹری و میئر طاہرہ شیخ رشید کے ہمراہ کارپوریٹر سلیمہ سید سلیم، کارپوریٹر قمروالنساء محمد رضوان، کارپوریٹرحمیدہ تاج الدین، فہمیدہ فاروق قریشی، نورجہاں محمد مصطفیٰ ، رضیہ شیخ اسماعیل، کارپوریٹر حمیدہ صاحب علی، شبانہ شیخ سلیم، سمیت مقامی مہیلا کانگریس کے ذمہ دار خواتین، گروواروارڈ، محوی نگر، داتار نگر، رونق آباد، نہال نگر، سلیم نگر، عائشہ نگر، جعفر نگر، دیوی کا ملہ، پوار واڑی اور دیگر علاقوں سے ہزاروں خواتین نے اس انوکھے احتجاجی مظاہرہ میں حصہ لیا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے