صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے پترکاروکاس فاونڈیشن پوری کوشش کرے گا

صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے پترکاروکاس فاونڈیشن پوری کوشش کرے گا


ممبئی:۔(نامہ نگار)پترکار وکاس فاونڈیشن کے ماہانہ میٹنگ روزنامہ ہندستان کے دفتر پر ۱۰؍جولائی کو منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ کی صدارت سینئر صحافی انیس صدیقی نے کیں۔ ابتدائ میں سینئر صحافی مشیر انصاری نے کہا کہ اس فاونڈیشن کی ممبر سازی میںزیادہ سے زیادہ صحافیوں کو شامل کیا جائے تاکہ آنے والے دنوں میں اردو ،ہندی، مراٹھی اور دیگر زبانوں کے صحافیوں کو بھی یکساں فائدہ اور سہولیات میسر ہوسکے نیز ممبر شپ ڈرائیو شروع کیا جانا چاہئے۔ ہندی اخبار کے صحافی سنیل مہاکال نے بتایا کہ ممبئی میں یہ پہلی کوشش ہے کہ آپ لوگوں نے تمام زبانوں کے پترکاروں کو اس تنظیم میں شامل کیا ہے۔ اکثر یہ دیکھا جاتا ہے کہ سرکار ، پولس انتظامیہ اور حکام کا رویہ تعاون کرنے جیسا نہ ہوتا ہے بلکہ کچھ لوگوں کا سلوک توبہت ہی ناروا ہوتا ہے لہٰذا صحافیوں کے حقوق کو حاصل کرنے کے لئے ہمیں کوشش کرنا چاہئے۔
ہندی اخبار روک ٹوک کے مدیر فیصل شیخ نے صحافیوں کی خدمات کے علاوہ پترکار وکاس فاونڈیشن کے ذمہ داران سے یہ اپیل بھی کی کہ ماہم درگاہ کمیٹی جلد ہی مسلم او بی سی ریزرویشن کے لئے ممبئی ہائی کورٹ میں ایک عرضداشت داخل کرنے والی ہے کہ جس طرح مراٹھا ریزرویشن کو سرکار نے دیا تھا اسی طرح پر کم از کم پانچ فیصد ریزرویشن مسلمانوں کی پسماندہ جماعتوں کو ملے اس لئے میری اپیل ہے کہ فاونڈیشن کے ذمہ داران بھی اس کام میں ہمارا ساتھ دیں۔
صحافی فتح احمد خان نے بتایا کہ یہ تنظیم صحافیوں کے مفاد کے لئے بنائی گئی ہے اس لئے صرف ممبئی ہی نہیں بلکہ پوری ریاست سے لوگوں کو جوڑنا چاہئے اور ایک بڑے پلیٹ فارم سے ہم سبھی مل کر کام کریں گے نیز ہماری پہلی کوشش ہے کہ صحافیوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے۔
محمد یوسف رانا نے آئے ہوئے تمام معززین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم میں سبھی زبان کے صحافی نیز الکٹرانک میڈیا،پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا سے جڑے ورکنگ صحافیوں کو بھی ہم نے ساتھ لیا ہے اور آج کی میٹنگ میں بھی سبھی زبان کے لوگ اور الکٹرانک میڈیا کے صحافی بھی یہاں حاضر ہیں اس کے علاوہ تنظیم کا ایک ہی مقصد ہے کہ کسی بھی زبان کا صحافی ہو ہم اسے جوڑیں گے اور اس کی فلاح کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے اس کے علاوہ سرکار سے رہائشی معاملات بھی حل کرنے کے لئے ہم لوگ اپنی کوششیں کریں گے۔
اس میٹنگ میں مدیر ہندستان سرفراز آرزو نے ریاستی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات میں جو تبادلہ خیال ہوا تھا اس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ پترکاروکاس فاونڈیشن کے اسٹیج سے صحافیوں کو جتنی زیادہ مدد پہنچائی جاسکتی ہے وہ کام ہم سب مل کر کریں گے انہوں نے اس موقع پر خصوصی طو رپر کہا کہ ہماری پہلی کوشش یہ ہے کہ صحافیوں کو لوکل ٹرینوں میں سفر کی اجازت دی جائے اور اس کے علاوہ کورونا سے متاثر صحافیوں کی مالی امداد کی جائے اور جو صحافی کورونا میں جاں بحق ہوئے ہیں ان کے اہل خانہ کوزیادہ سے زیادہ معاوضہ دیا جائےنیز صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئےجلد ہی وزیر اعلی، نائب وزیر اعلی اور انتظامیہ سے مل کرصحافیوں کے مسائل کو حل کرنے کی کوششیں کی جائیں گی۔
میٹنگ کے صدر انیس صدیقی نے صحافیوں کے تمام مشوروں کو سننے کے بعد فرداً فرداً صحافیوں کے مسئلوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پترکاروکاس فاونڈیشن میں زیادہ سے زیادہ ممبران کو جوڑنے کی کوشش کریں۔ یہ تنظیم پرنٹ میڈیا،الکٹرانک میڈیا اورسوشل میڈیا کے نمائندوں پر مشتمل ہے اس لئے ورکنگ صحافی اس کے ممبر بن سکتے ہیں یہ تنظیم صرف ممبئی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پورے مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ دیگر صوبوں میں بھی ہم لوگ اپنی خدمات صحافیوں کے لئے دیں گے اوراگرضرورت پڑی تو صحافیوں کی خدمت کے لئے سڑکوں پر آکر احتجاج کرنا پڑا تو وہ بھی کریں گے لیکن اپنا حق لینے میں پیچھے نہیں رہیں گےنیز صحافیوں کے جملہ مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے گی۔اس میٹنگ میںہارون افروز،فیصل شیخ، نعیم شیخ،انور حسین، شیراز، عبدالستار،انور خان، پرنس رحمان،سلیمان خان،فتح احمد خان وغیرہ شامل تھے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے