صنعتی بحران سے پورا شہر متاثر ، بنکر غیر بنکر میں تفرقہ غیر مناسب ، ہر ایک شخص معاشی پریشانی میں مبتلا :اسلم انصاری ‏

صنعتی بحران سے پورا شہر متاثر ، بنکر غیر بنکر میں تفرقہ غیر مناسب ، ہر ایک شخص معاشی پریشانی میں مبتلا :اسلم انصاری 

 رجسٹریشن فارم نہ بھرنے کی اپیل، رجسٹریشن فارم کو ہی ردّ کرنے شیخ آصف کی جدوجہد جاری 


مالیگاؤں : یکم جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) شہر میں بنکر اور غیر بنکر کے نام پر تفرقہ نہیں کیا جانا چاہئےکیوں کہ پاورلوم سے پورا شہر چلتا ہے صنعت پر مسائل آتے ہیں تو شہر کا ہر کاروبار متاثر ہوتا ہے جس میں بنکر، مزدور، سبزی فروش ،رکشا چلانے والے سمیت عام آدمی بھی پریشانی کا شکار ہوجاتے ہیں ۔ اس لئے بنکر و غیر بنکر کا فرق مالیگاؤں کے لئے نقصان دہ ہے جیسے ماضی میں ہندو مسلم کے لفظ سے ہوا ہے۔ اسطرح کا اظہار اردو میڈیا سینٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے بنکروں کے نمائندہ وفد کی ترجمانی کرتے ہوئےکارپوریٹر اسلم انصاری نے کیا ۔موصوف نے کہا کہ گزشتہ روز پاورلوم کے مسائل پر یوسف الیاس کی ویڈیو کلپ وائرل ہوئی جس میں انہوں نے موجودہ ایم ایل اے کی ناکامی اور وزیر ٹیکسٹائل اسلم شیخ و وزیر زراعت دادا بھوسے سے کی گئی ملاقات کی کارگزاری پیش کی جو کہ غیر اطمینان بخش رہی اور اس ویڈیو سے شہر کے بنکر فکر مند ہوگئے ۔اس پر بنکروں نےآپسی تبادلہ خیال کے بعد آصف شیخ سے رجوع ہونے کا فیصلہ کیا۔اس ضمن میں بنکروں کے نمائندہ وفد نے راشٹروادی بھون پر شیخ آصف سے ملاقات کی اور پھر ایک قافلہ آصف شیخ کی قیادت میں ممبئی روانہ ہوا جہاں ہم نے وزیر ٹیکسٹائل اسلم شیخ سے ملاقات کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ 27 ہارس پاور سے کم بجلی استعمال کرنے والے بنکروں کو رجسٹریشن کی شرائط سے علاحدہ رکھا جائے اور 75 پیسہ فی یونٹ بجلی بل میں رعایت دی جائے۔ اس پر اسلم شیخ نے مثبت فیصلہ لینے کی یقین دہانی کرائی۔ اسلم انصاری نے کہا کہ ہم ممبئی گئے تو کسی کے خلاف نہیں بلکہ شہر کے بنکروں کے لوم چلانے اور مزدوروں کے چولہا جلانے کی غرض سے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ایم ایل اے بنکروں کی نمائندگی میں سرا سر ناکام رہا اور تنظیمیں حوصلہ توڑ رہی تب ہم نے صنعت کو بچانے کے لئے شیخ آصف کی قیادت کا سہارا لیا۔ اسلم انصاری نے کہا کہ رجسٹریشن کے نام پر جو فارم گزشتہ کل جاری کیا گیا وہ 15 نکاتی شرائط پر مبنی ہے جو ہمیں ممبئی میں ہی حاصل ہوگیا تھا لیکن ہمیں فارم بھرنا نہیں ہے کیوں کہ کوئی بھی بنکر فارم میں درج شرائط پر عمل نہیں کر سکتا اس لئے ہم نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ رجسٹریشن کی شرط ختم کردی جائے ، اسلم انصاری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بہت جلد اس پر مثبت فیصلہ منظور ہو جائے گا ۔جس سے مالیگاؤں کے 80 فیصد پاورلوم بنکروں کو راحت ملے گی اور رجسٹریشن کی بندش سے نجات حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ریاست میں برسر اقتدار سیکولر حکومت سے اپنے مطالبات منظور کروانے اور رجسٹریشن فارم کینسل کروانے میں کامیاب نہیں ہو سکے تو پھر بی جے پی حکومت سے کیا خاک لڑ پائینگے۔ اسلم انصاری نے کہا کہ پاورلوم صنعت کا مسئلہ شہر کے ہر شہری کا مسلہ ہے سب کو ایک ساتھ ہوکر لڑنا چاہئے ۔ اس کانفرنس میں اسلم انصاری ، شکیل جانی بیگ ، جاوید پہلوان ، یاسین باگلا ، شاہد ریشم والا ، الطاف احمد ، شکیل بھائی ، خالد معین ، ہدایت علی بابا سمیت دیگر افراد موجود تھے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے