رائے گڑھ : تودہ گرنے سے درجنوں ہلاکتیں ، 100 سے زائد افراد لاپتہ ،فائر بریگیڈ اور این ڈی آر ایف کی ٹیم راحت کاری میں مصروف ‏

             (پہاڑی تودہ گرنے کا منظر) 


رائے گڑھ : تودہ گرنے سے درجنوں ہلاکتیں ، 100 سے زائد افراد لاپتہ ،فائر بریگیڈ اور این ڈی  آر ایف کی ٹیم راحت کاری میں مصروف


وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے 5 - 5 لاکھ  اور وزیر اعظم نریندر مودی نے 2 - 2 لاکھ معاوضہ کا اعلان کیا

 ممبئی میں عمارت گرنے سے 5 افراد ، چپلون کووڈ سینٹر میں 8 اور ستارہ میں 9 افراد کی موت، مہاراشٹر میں بارش سے بھاری تباہی، الرٹ جاری 




ممبئی: 23جولائی:(بیباک نیوز اپڈیٹ) موسلا دھار بارش کے سبب کوکن، کولہا پور، رائے گڑھ، رتنا گیری، پال گھر، تھانہ، ممبئی اور ناگپور سمیت مہاراشٹر کے بیشتر علاقوں میں  حصوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ہوئی تیز بارش سے ہوئے مختلف حادثوں میں اب تک 49 لوگوں کی موت واقع ہوگئی ہے۔ رائے گڑھ کے تعلقہ پولداپور کے گاؤں سُتار واڑی میں پہاڑ کا تودہ گرنے سے اب تک 39 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور 70 سے زائد افراد لاپتہ ہونے کی خبریں موصول ہورہی ہیں ۔ 32 افراد کی لاشیں ملبہ سے نکالی جاچکی ہیں۔حادثہ میں اپنی جان گنوانے والے مہلوکین کے لواحقین کو ریاستی وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے 5 - 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے اور زخمیوں کو علاج مفت کرنے ا فیصلہ لیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2-2 لاکھ معاوضہ اور زخمیوں کو 50 - 50 ہزار امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ اسی طرح تیز بارش کے سبب چپلون میں سیلابی کیفیت ہونے سے تمام راستے بند ہیں، ایمبولینس کی آمد و رفت بھی مسدود ہوکر رہ گئی ہیں جس کی وجہ سے چپلون کے کووڈ سینٹر میں زیر علاج 8 مریضوں کی وقت پر آکسیجن نہ ملنے سے موت واقع ہوگئی ہے ۔وہیں ستارا کے امبے گھر گاؤں میں بھی لینڈ سلائڈنگ ہوئی ہے، یہاں 8 لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ ملبہ کے نیچے تقریباً بیس لوگوں کے دبنے کی اطلاع ہیں۔دوسری طرف  گوونڈی میں ایک عمارت کے گرنے سے پانچ لوگوں کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔ حادثے میں زخمی ہوئے 9 افراد کا علاج ممبئی کے راجہ واڑی اسپتال اور سائن اسپتال میں جاری ہے۔ندیوں کا پانی شہروں اور دیہاتوں میں گھس گیا ہے، محکمہ موسمیات نے اگلے تین دن تک  کوکن، ممبئی اور آس پاس کے اضلاع کےلیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ کوکن ڈویژن میں ابھی تک بارش سے ہوئے حادثوں میں 8 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔رائے گڑھ میں چار جگہ لینڈ سلائڈنگ ہونے سے کئی لوگ پھنس گئے ہیں، 25 لوگوں کو نکالا گیا ہے اور 20 ابھی بھی پھنسے ہوئے ہیں، تلے گاوں کو جوڑنے والی سڑک پانی میں بہہ گئی ہے، اس وجہ سے گاوں کے اندر لوگ پھنسے ہوئے ہیں، کولہا پور کے چکھلی میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالنے کےلیے این ڈی آر ایف کی دو ٹیمیں مسلسل کوشش کررہی ہیں۔ رتنا گیری ضلع میں جگبڈی ندی خطرے کے نشان سے دو میٹر اور وشٹھ ندی خطرے کے نشان سے ایک میٹر اوپر بہہ رہی ہے، کجلی، کوڈاولی، شاستری اور باونڈی ندیوں نے بھی خطرے کے نشان کو پار کرلیا ہے، کنڈلکا، امبا، ساوتری، پاتال گنگا، گڑھی، اور الہاس ندیاں بھی خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ گئی ہیں۔ بارش کی وجہ سے کوکن ریلوے روٹ پر کئی جگہ لینڈ سلائڈنگ ہوئی ہے، رتنا گیری میں بارش کی وجہ سے ریلوے سروس بند کردی گئی تھی ۔الگ الگ جگہوں پر چھ ہزار مسافر پھنسے ہیں، انہیں نکالنے کےلیے این ڈی آر ایف کی ٹیمیں مصروف ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہاراشٹر کے چپلون، کولہا پور، ستارا، اکولہ، ایوت محل، ہنگولی اضلاع میں زبردست بارش ہوئی ہے۔ چپلون قصبہ پوری طرح سے پانی میں ڈوب گیا ہے۔ نگر نگم، ساحلی محافظ اور ریسیکو ٹیم نچلے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو باہر نکالنے کے لئے کشتی کا استعمال کررہے ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے