بقرعید پر مہاراشٹر حکومت جانوروں کی آمد و رفت اور مسلمانوں کو سوشل ڈسٹنسنگ کے ساتھ قربانی کرنے کی اجازت دے:آصف شیخ
گئو رکشا سمیتی و بجرنگ دل کے کارکنان پر نظر رکھی جائے، مالیگاؤں کے وفد کی وزیر داخلہ انیل دیشمکھ اور وزیر ستیش پاٹل سے ملاقات و محضر نامہ
وزراء سے تفصیلی گفتگو، ایک دو روز میں حتمی فیصلہ لینے وزیر داخلہ کی یقین دہانی
ممبئی :14 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) مہاراشٹر حکومت نے جن جانوروں کی قربانی کرنے کی اجازت دی ہے ان جانوروں کی آمد و رفت میں دشواری پیدا ہورہی ہے ۔ریاست مہاراشٹر میں ایک شہر اور ایک گاؤں سے جانور دوسرے گاؤں یا شہر لائے جاتے ہیں راستے میں گئو رکشا اور بجرنگ دل کے فرقہ پرست افراد قانون ہاتھ میں لیکر جانوروں کی آمد و رفت کرنے والے بیوپاری، گاڑی ڈرائیور کے ساتھ ماردھاڑ کرتے ہیں اور لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے اس پر نظر رکھی جائے اور ریاست کی پولس انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی جائے تاکہ مسلمانوں کو فریضہ قربانی کرنے میں کسی بھی قسم کی دشواری پیدا نہ ہوسکے ۔ وہیں مالیگاؤں سمیت ریاست بھر میں پندرہ روز بعد عید قربان کا اہتمام ہوگا ۔مسلمانوں کو سوشل ڈسٹنسنگ کے ساتھ جانوروں کی قربانی کرنے کی اجازت دی جائے ۔اسطرح کا تفصیلی مطالبہ مالیگاؤں کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے مہاراشٹر حکومت سے کیا ہے ۔موصوف نے ممبئی میں وزیر داخلہ انیل دیشمکھ اور وزیر داخلہ برائے مملکت ستیش پاٹل سے آج شام ساڑھے پانچ بجے اور 7 بجے الگ الگ وقت میں دونوں وزراء سے ملاقات کی اور ایک مطالباتی میمورنڈم پیش کیا ۔اسطرح کی اطلاع نمائندہ بیباک کو شیخ آصف نے دی اور بتایا کہ انیل دیشمکھ کو دئے گئے مکتوب میں ہم نے کہا کہ عالم اسلام کے مقدس تہوار فریضہ حج و قربانی کا پوری دنیا کے مسلمان انتہائی تزک و احتشام سے انعقاد کرتے ہیں ۔مہاراشٹر میں بھی مسلمانوں کی دوسری سب سے بڑی آبادی ہے اور جس طرح مہاراشٹر کے مسلمانوں نے رمضان المبارک اور عیدالفطر کو حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق گزارا ہے بالکل اسی طرح حکومت کے مشن بگن اگین 2 کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عید قرباں بھی ادا کریں گے ۔اس لئے سرکار مہاراشٹر بھر میں سوشل ڈسٹنسنگ کے ساتھ مسلمانوں کو عید الضحٰی کے وقت قربانی کا فریضہ ادا کرنے کی اجازت دے ۔آصف شیخ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی گئی اجازت کے مطابق جانوروں کی آمد و رفت میں رخنہ اندازی کرنے والے سماج دشمن عناصر پر لگام لگانے اور ان پر نظر رکھنے کے لئے ریاست بھر کی پولس کو الرٹ کردیا جائے تاکہ بقرعید پر امن و امان قائم رہے سکے ۔ دونوں وزراء انیل دیشمکھ اور ستیش پاٹل نے تفصیلی روداد سننے کے بعد ایک دو روز میں اس معاملہ میں جلد از جلد مسلمانان مہاراشٹر کو بقرعید سے متعلق فیصلہ لینے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ شیخ آصف کے ساتھ اس وفد میں کانگریس کے سینئر کارپوریٹر اسلم انصاری، شکیل بیگ،سلیم بھائی پالیوشن کنٹرول، فیروز گولڈن وغیرہ موجود تھے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com