نیوز 18 اینکر امیش دیوگن کو فوری گرفتار کیا جائے، بوکھلائی ہوئی معافی ناقابلِ قبول: رضا اکیڈمی
عاشقانِ خواجہ غریب نواز پُرامن احتجاج درج کرائیں (ڈاکٹر رئیس رضوی)
مسلم علماء اور سرکردہ شخصیات کو میڈیا ڈیبیٹ میں شامل ہونے سے بچنا چاہیے... (غلام فرید)
مالیگاؤں: 17 جون (پریس ریلیز) گزرے چند برسوں سے بھارتی صحافت خصوصاً الیکٹرانک میڈیا جس بے راہ روی کا شکار ہوتا جا رہا ہے اس نے بھارتی سماج میں بہت زیادہ انتشار و بے چینی اور مختلف گروہوں میں نفرت کو پروان چڑھایا ہے. ایسے میڈیا چینلوں کی جانب سے حکومت کی صرف نظری یا خاموش پشت پناہی نے نہ صرف ہندوستانی سماج کو تقسیم کرکے رکھ دیا ہے بلکہ ملک کو ایسے دوراہے پر لاکھڑ کیا ہے کہ اب بےلگام میڈیائی اینکرز عالمی سطح کی نامور مذہبی شخصیات کو بھی نشانہ بنانے میں ذرا نہیں ہچکچارہے ہیں .اور عظیم مذہبی رہنماؤں کو اپنی متعصبانہ ذہنیت کا نشانہ بناتے ہوئے ملک و بیرون ملک ان کے لاکھوں کروڑوں عقیدت مندوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کی ناپاک جسارت میں لگے ہوئے ہیں.. اس طرح کا اظہارِ خیال ڈاکٹر رئیس احمد رضوی نے خواجہ غریب نواز علیہ الرحمہ کی شان میں گستاخی کرنے والے نیوز 18 اینکر امیش دیوگن کے خلاف میمورنڈم دینے کے بعد کیا.
رضا اکیڈمی کے رضوی سلیم شہزاد نے کہا کہ نیوز 18 کے امیش دیوگن نے اپنی خباثت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاکھوں کروڑوں بھارتی عوام کے دلوں میں بسنے والی عظیم اسلامی شخصیت خواجہ غریب نواز علیہ الرحمہ کی شان میں سخت نازیبا کلمات کہے جس سے پورے ملک میں مسلمانوں سمیت دیگر طبقات کے لوگوں میں بھی شدید بے چینی پیدا ہوگئی ہے.
واضح رہے کہ رضا اکیڈمی مالیگاؤں کی جانب سے ڈاکٹر رئیس احمد رضوی کی دستخط سے ایک میمورنڈم شہر ایس پی سندیپ گھگھے اور پرانت آفیسر وجیانند شرما کو دیا گیا. اور گستاخ نیوز 18 اینکر امیش دیوگن کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعات 120 بی، 295 اے، 505(2) 153 اے اور دفعہ 34 نیز ڈزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ و دیگر دفعات کے تحت سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا. اس موقع پر غلام فرید نے کہا کہ ہم اُن مولویوں کی بھی مذمت کرتے ہیں اور اُن سے سخت بیزاری کا اظہار کرتے ہیں جو فرقہ پرست میڈیا کی ڈیبیٹ میں جاکر نہ صرف اسلام اور مسلمانوں کی رسوائی کا سبب بنتے ہیں بلکہ قابل احترام و معزز مذہبی شخصیات کی توہین اور گستاخی کا موقع بھی فرقہ پرستوں کو فراہم کرتے ہیں ،
اس موقع پر اپنی بات رکھتے ہوئے رضا اکیڈمی کے امتیاز خورشید نے کہا کہ مسلمان خواجہ غریب نواز علیہ الرحمہ کے امن مشن اور صوفی ازم کے پیروکار ہیں، اپنے ملک سے محبت کرنے والے ہیں، اس لیے اس گستاخِ خواجہ غریب نواز کو قانونی سزا دلوانے کے لئے پُرامن احتجاج درج کروا رہے ہیں. مگر حکومت کو بھی اب ہوش کے ناخن لینا چاہیے اور ملک کے امن و امان کو تہہ و بالا کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرنا چاہیے.
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com