روشنیوں سے جگمگا اٹھا آگرہ روڈ،میئر شیخ نسرین کے ہاتھوں ہائی ماسٹ لائٹس کا شاندار افتتاح
شہر کو ترقی کی راہ پر پہنچانے کیلئے تعمیری کاموں میں مقابلہ آرائی کی جائے، ایم ایل اے سمیت اپوزیشن کو سیکولر فرنٹ کا مشورہ
مالیگاؤں شہر کو مزید خوبصورت اور عوامی سہولت کیلئے سیکولر فرنٹ پرعزم، میئر ،ڈپٹی میئر ،خالد حاجی اور مستقیم ڈگنیٹی کا بیان
مالیگاؤں: 11 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر کی خوبصورتی میں اضافے اور سڑکوں کو روشنیوں سے منور کرنے کے مقصد سے آگرہ روڈ پر ہائی ماسٹ لائٹس کو روشن کرنے کا افتتاح 12 اکتوبر، بروز پیر، شام ساڑھے 6 بجے میئر شیخ نسرین کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔اس موقع پر میئر و ڈپٹی میئر اور گٹ نیتا اسلام پارٹی خالد حاجی و مستقیم ڈگنیٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اہم اور عوامی ضرورت مالیگاؤں سیکولر فرنٹ کی کوششوں اور سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید کی حکمت عملی سے عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ کروڑ کے فنڈ میں سے آگرہ روڈ کے اہم مقامات پر 9 ہائی ماسٹ لائٹس اور 1012 لائٹ کے علاوہ 506 سائڈ پول پر ایل ای ڈی لائٹ لگانے کا کام شروع ہوا ہے ۔ہائی ماسٹ کو آج روشن کیا گیا۔جس سے پوری آگرہ روڈ پر روشنی کے بہتر انتظام میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آگرہ روڈ شہر کی اہم شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے،جہاں عوام کی آمدورفت کے علاوہ کاروباری سرگرمیاں بھی جاری رہتی ہیں۔ ایسے میں سڑک کے اہم مقامات پر روشنی کا مناسب انتظام عوام کی سہولت اور رات کے اوقات میں آمدورفت کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ اس کام کے ذریعے شہر کو روشن اور خوبصورت بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔سیکولر فرنٹ کے ذمہ داران نے بتایا کہ یہ سب تعمیری کام بتاتا ہے کہ ہمارا شہر، ترقی کی راہ پر چل رہا ہے۔خالد حاجی و مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے مقابلہ آرائی کی جائے تاکہ شہر مزید ترقی کر سکے ۔انہوں نے مفتی اسمٰعیل و اپوزیشن کے کارپوریٹرس کو بھی مشورہ دیا کہ وہ شہر کی ترقی کیلئے اچھے کام کریں، صرف کام میں رکاوٹ ڈال کر نقصان نہ کریں ۔
میئر و ڈپٹی میئر اور گٹ نیتا حاجی اور مستقیم ڈگنیٹی نے بتایا کہ ہائی ماسٹ لائٹس کی تنصیب اور روشن کرنے کیلئے آج آگرہ روڈ پر نئے بس اسٹینڈ، ہیرا لاج، سپر مارکیٹ، جونی تاج، انصار پترا اور دیوی کے مندر، مہاراشٹر سائزنگ، درے گاؤں سمیت مختلف مقامات پر افتتاح کیا گیا اور لائٹ کو میئر نسرین شیخ کے ہاتھوں روشن کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر بنیادی سہولتوں کی بہتری اور خوبصورتی میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے درمیان آگرہ روڈ کا یہ منصوبہ بھی شہری ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے ۔انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ سیکولر فرنٹ ترقی کا عزم لیکر آگے ہڑھ رہا ہے ۔اس موقع پر میئر کے ہمراہ، ڈپٹی میئر شان ہند ،گٹ نیتا خالد حاجی،مستقیم ڈگنیٹی ،وارڈ کے کارپوریٹرس میں نہال حاجی، کرن چوہان، شرجیل انصاری ،اجو لہسن والا،آدھو اوماکانت دریکر الطاف بیگ ،آمین انصاری، جبار شیخ ،جاوید انیس کارپوریٹر جلیل دادا کے علاوہ لائٹ سپرنٹنڈنٹ سنتوش آہیرے ، انچارج اومیش سونجے ،وارڈ کمیٹی نمبر چار کے آفیسر عرفان تابانی اور لائٹ ڈپارٹمنٹ کے عرفان علی، محمد شیمان، امول سورسے ،مہیندر ساونت ،سچن بھاؤسار اوم شری منگل مورتی الیکٹریکل ناسک ،شیواجی لوکھنڈے، سفیان بھائی، آمین انصاری سمیت دیگر افسران نے میئر و دیگر ذمہ داران کو مٹھائی پیش کر استقبال کیا ۔یہاں عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔اس موقع پر درے گاؤں میں آدھو اوماکانت دریکر کی جانب سے وارڈ کی عوام نے اس عوامی اہم کام کی تکمیل پر میئر ڈپٹی میئر ،خالد حاجی، مستقیم ڈگنیٹی سمیت سیکولر فرنٹ کے کارپوریٹرس اور کارپوریشن کے افسران کا استقبال کیا ۔




0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com