کسمبا روڈ پر پھر ہوا دلخراش حادثہ! بس اسٹینڈ کے قریب تیز رفتار کنٹینر نے بزرگ خاتون کو کچلا،موقع پر ہی موت
رات پونے تین بجے پیش آیا حادثہ، سی سی ٹی وی میں قید ہوئی دلخراش واردات؛ ڈرائیور اور کنٹینر پولیس تحویل میں
مالیگاؤں: 4 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر کے کسمبا روڈ پر حادثات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ آئے روز پیش آنے والے حادثات کے باعث کسمبا روڈ اور اطراف کے رہائشیوں میں تشویش کی لہر پائی جارہی ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر بارہا انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، اس کے باوجود بڑی گاڑیوں کی آمدورفت پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔اور اب سنیچر کی رات دیر گئے تقریباً 2 بجکر 45 منٹ پر نیو بس اسٹینڈ کے قریب ہوٹل مدینہ دربار کے پاس ایک اور دلخراش حادثہ پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کنٹینر نے ایک بزرگ خاتون کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والی بزرگ خاتون کسمبا روڈ، لالہ نگر کے ساکن راشد بھائی کی دادی بتائی گئی ہیں۔ حادثے کی اطلاع کارپوریٹر اجولا لہسن والا کے بھائی اویس لہسن والا نے نمائندے کو دی۔ ان کے مطابق کنٹینر، جس کا نمبر KA56-8995 بتایا گیا ہے، نے بزرگ خاتون کو اپنی زد میں لے لیا۔ حادثے کی دلخراش مناظر سی سی ٹی وی کیمرے میں بھی قید ہوئے ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی کسمبا روڈ اور اطراف کے ذمہ داران فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور پولیس کو اطلاع دی۔ بزرگ خاتون کو ایمبولینس کے ذریعے مالیگاؤں کے جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان کی جان نہ بچائی جاسکی۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے حادثے میں ملوث کنٹینر اور اس کے ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ عائشہ نگر پولیس کی جانب سے معاملے کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔واضح رہے کہ کسمبا روڈ پر بڑی گاڑیوں کی آمدورفت کو لے کر مقامی لوگوں کی جانب سے طویل عرصے سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دن کے اوقات میں بڑی گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد ہے، تاہم رات کے اوقات میں بھاری گاڑیوں کی نقل و حرکت جاری رہنے کے باعث حادثات کا خطرہ برقرار ہے۔ مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ انتظامیہ اس معاملے میں فوری اور مستقل اقدامات کرے تاکہ مزید قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جاسکے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com