نفرت کی سیاست کا قلع قمع کرنے مہاراشٹر سماجوادی کا اعلان جنگ،جنرل سیکرٹری کی مالیگاؤں میں پریس کانفرنس
پارٹی کا ریاست گیر فروغ، پسماندہ طبقات کے حقوق اور تعمیر و ترقی کرنے کا عزم
جنرل سیکرٹری عہدہ کی ذمہ داری ملنے پر شکرگزار ہوں، پارٹی کے اعتماد پر پورا اتروں گا: اطہر حسین اشرفی
مالیگاؤں : 12 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) سماجوادی پارٹی مہاراشٹر کے نو منتخب جنرل سکریٹری اطہر حسین اشرفی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت خصوصاً ابوعاصم،مستقیم ڈگنیٹی، شان ہند اور دیگر تمام ذمہ داران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے خاص طور پر مالیگاؤں سماجوادی پارٹی کے تمام چھوٹے بڑے عہدیداران اور ورکرز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے عہدہ ملنے ہرےپوسٹرز، بینرز، اخبارات اور موبائل فونز کے ذریعے مبارکباد دی اور دعاؤں سے نوازا۔ اطہر حسین اشرفی نے کہا کہ میں نے زندگی میں کبھی نہیں سوچا تھا کہ پارٹی کے ذمہ داران ان پر اتنا بڑا بھروسہ کریں گے اور پورے مہاراشٹر کا جنرل سکریٹری نامزد کریں گے، جو میری کے خاندان اور میرے لیے ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔
پریس کانفرنس سے انہوں نے ملک کے موجودہ حالات کا ذکر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ آج مذہب کے نام پر قوموں کو تقسیم کیا جا رہا ہے۔ کہیں کلمے کی بنیاد پر تو کہیں جے شری رام بول کر نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہمارا ملک ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے آئین و دستور کے مطابق چلے گا۔جب تک ہم بابا صاحب کی فکری اور سماجی سوچ کو لے کر چلتے رہیں گے، ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ابوعاصم اور مستقیم ڈگنیٹی کی قیادت میں وہ دیانت داری اور ایمانداری کے ساتھ سماجی خدمت کا فریضہ انجام دیں گے۔
سیاسی تجربات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس سے قبل کئی سیاسی پارٹیوں کے ساتھ رہے ہیں، لیکن شان ہند اور مستقیم ڈگنیٹی کے ساتھ کام کرنے کے بعد انہیں یہ احساس ہوتا ہے کہ اگر وہ پہلے سے اس باصلاحیت اور نظریاتی سوچ کے حامل لوگوں کے ساتھ ہوتے تو آج شہر کے ایک بڑے لیڈر ہوتے۔ انہوں نے مالیگاؤں شہر کی تعمیر و ترقی اور مسائل مثلاً قدوائی روڈ کی خستہ حالی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہر کی عوام آنے والے چند مہینوں میں زمینی سطح پر مثبت تبدیلی دیکھے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ مذہب کی بنیاد پر پھیلنے والی نفرت کی سیاست کا قلع قمع کرنے کے لیے میدانِ جنگ میں اتر چکے ہیں اور اپنی پارٹی کے ساتھیوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں گے۔ موصوف نے کہا کہ مہاراشٹر بھر میں سماجوادی پارٹی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پسماندہ طبقات کی ترقی کیلئے وہ کام کرینگے ۔اس پریس کانفرنس میں انمول میڈیکل فاؤنڈیشن کی جانب سے اطہر حسین اشرفی اور شان ہند کا استقبال کیا گیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر اخلاق انصاری، فیاض انمول، عارف ماما، انیس بھائی، احمد بن عبد العزیز، نفیس احمد قلعہ ،اقبال بھائی اورنگ آباد، صابر بھائی، محمد صالح وغیرہ موجود تھے ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com