"سیاست میں ذاتیات اور بازاری زبان کی کوئی جگہ نہیں"، MLA کے الزامات بے بنیاد اور پھینکم پھاک
مالیگاؤں کیلئے 103 کروڑ کا تاریخی ٹینڈر منظور، ہر وارڈ کو مساوی بجٹ ،MIM کو زائد از 6 کروڑ کا فنڈ، پریس کانفرنس میں خلاصہ
مالیگاؤں و شمالی مہاراشٹر میں سماج وادی پارٹی کی مضبوطی اور عوامی کاموں کا عزم، شان ہند دوبارہ صدر،مستقیم ڈگنیٹی و اطہر حسین اشرفی کو بھی عہدہ
مالیگاؤں: 7 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ)مالیگاؤں میں سماج وادی پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے تنظیمی سطح پر اہم اہم ترین ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔پارٹی کی صوبائی اعلیٰ قیادت کی جانب سے اتر مہاراشٹر اور شہر کے نمائندوں پر بھروسہ ظاہر کرتے ہوئے نئے عہدے داروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ سماج وادی پارٹی ملک کی واحد ایسی پارٹی ہے جو فرقہ پرست طاقتوں کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور یہی بات حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بھی ثابت ہو چکی ہے۔ انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنما ابو عاصم عاصمی اور پرویز صدیقی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے دن رات کام کرتے ہیں۔ مستقیم ڈگنیٹی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ شان ہند کو مالیگاؤں کا دوبارہ صدر نامزد کیا گیا ہے جبکہ اطہر حسین اشرفی کو مہاراشٹر کا سیکرٹری نامزد کیا گیا ہے اور مستقیم ڈگنیٹی کو یوا نیتا کیساتھ ساتھ شمالی مہاراشٹر کا صدر ابو عاصم اعظمی نے نامزد کیا ۔
بجٹ اور ترقیاتی کاموں میں کوئی تفریق نہیں، MIM کو 6 کروڑ 10 لاکھ کا اضافی فنڈ فراہم
پریس کانفرنس کے دوران بجٹ کی تقسیم پر اٹھائے جانے والے سوالات کا تفصیلی اور اعداد و شمار کے ساتھ مستقیم ڈگنیٹی نے جواب دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکولر فرنٹ کے قائد آصف شیخ اور ہم نے مل کر ایک اچھا بجٹ عوام کیلئے بنایا ہے ۔کارپوریشن بجٹ تمام وارڈز کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ مخالف پارٹی کے کارپوریٹرز کے وارڈوں میں بھی ترقیاتی کاموں کے لیے کروڑوں روپے کے فنڈز دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ AIMIM کے 10 کارپوریٹرز کے مطالبات پر ان کے وارڈوں کے لیے کل 6 کروڑ 10 لاکھ روپے کا اضافی بجٹ میئر کے خصوصی اختیارات سے منظور کیا گیا، جبکہ ایم آئی ایم کے تمام ممبران کو 24 لاکھ روپے کا کارپوریٹر فنڈ فراہم کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ندی کے اس پار کی تاریخ میں پہلی بار 103 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا ٹینڈر پاس ہوا ہے، جس کے تحت اہم سڑکوں، رابطہ پلوں اور لائٹنگ کی تجدید کاری کا کام انجام دیا جا رہا ہے۔
ایم ایل اے کی زبان اور رویے پر شدید تنقید، "عمر کا تقاضا یا بوکھلاہٹ؟"
موجودہ مقامی ایم ایل اے مفتی محمد اسماعیل قاسمی کی جانب سے بجٹ پر لگائے گئے الزامات اور بیانات کی مستقیم ڈگنیٹی نے شدید الفاظ میں مذمت کی۔پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ایم ایل اے کی جانب سے جس طرح کی بازاری اور غیر اخلاقی زبان کا استعمال کیا جا رہا ہے، اس کی مالیگاؤں کی سیاسی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ مالیگاؤں کی سیاست میں ہارون انصاری اور نہال صاحب جیسے قدآور رہنما گزرے ہیں جنہوں نے ہمیشہ شائستگی اور باوقار سیاست کی، لیکن موجودہ ایم ایل اے اپنی عمر کے اس مرحلے پر آکر اخلاقی حدیں پار کر رہے ہیں۔ انہوں نے چیلنج دیا کہ ایم ایل اے اپنے دو سالہ دورِ اقتدار میں کیے گئے کاموں کا ورک آرڈر میڈیا کے سامنے پیش کریں، نہ کہ صرف دعوے اور "پھیکم پھاک" کریں۔
کارپوریشن اور شریعت کے نام پر سیاست کا خاتمہ ضروری
ذاتی حملوں اور سوشل میڈیا پر نازیبا تصاویر و مواد پھیلائے جانے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست نظریات کا کھیل ہے، لیکن یہاں میئر اور ڈپٹی میئر جیسے آئینی عہدوں پر بیٹھی خواتین کی ذات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو کہ انتہائی شرمناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سیاسی مار پیٹ اور تشدد کے خلاف ہیں، لیکن اگر مسلسل کسی کی عزتِ نفس کو مجروح کیا جائے گا تو عوام میں غصہ پیدا ہونا فطری ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ بجٹ پر اسٹے لانے کی باتیں محض عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے اور تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے شہر میں ترقیاتی کام تیز رفتار سے جاری رہیں گے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com