چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار استعفیٰ دیں،جمعہ کو مالیگاؤں میں ترنگا مارچ،مستقیم ڈگنیٹی


چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار استعفیٰ دیں ،جمعہ کو مالیگاؤں میں ترنگا مارچ،مستقیم ڈگنیٹی کا پریس کانفرنس میں اعلان 




مودی حکومت ڈکٹیٹر شپ پر عمل پیرا،الیکشن اور ایس آئی آر کیخلاف عوام، وکلاء اور طلباء سے شرکت کی اپیل




مالیگاؤں: 11 اکتوبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) سماج وادی پارٹی کے مقامی رہنما اور کارکن مستقیم ڈگنیٹی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جمعہ کے روز شہر میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے کے قریب سے ایک پیدل مارچ نکالا جائے گا۔ اس مارچ کا مقصد موجودہ انتخابی عمل اور ایس آئی آر کے چلتے شہر میں جاری مسائل کی طرف توجہ مبذول کرانا ہے۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ ملک میں الیکشن کمیشن پر بی جے پی اور اس کی ہمنوا پارٹیوں کے قبضے کے الزامات لگ رہے ہیں۔ان کے مطابق اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کوئی بھی انتخاب صاف اور شفاف نہیں ہو رہا، چاہے وہ بہار ہو، بنگال ہو یا مہاراشٹر کا الیکشن ۔ انہوں نے ایس آئی آر (SIR) کے نفاذ پر بھی سخت تنقید کی اور بتایا کہ مالیگاؤں شہر میں بھی تقریباً 43 ہزار لوگوں کو نوٹس موصول ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ بہت سے لوگ ان کے دفتر آ رہے ہیں اور وہ ان کی مدد کر رہے ہیں۔


مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ تین الیکشن کمیشنرز میں سے دو کمشنر نے یہ اعتراف کیا ہے کہ فارم نمبر چھ کو گیانیش کمار نے اپنی مرضی سے بنایا تھا، جبکہ سپریم کورٹ نے بھی یہ واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں کوئی گائیڈ لائن نہیں دی گئی تھی۔ اس طرح پورے ملک میں ایس آئی آر غلط طریقے سے نافذ کیا گیا ہے،جس سے لوگ پریشان ہیں۔مستقیم ڈگنیٹی نے مزید کہا کہ مالیگاؤں ہمیشہ تحریکوں کا شہر رہا ہے۔ آج ملک میں سیکولر پارٹیوں کے بڑے لیڈران اور سماجی کارکن یہ بات کہہ رہے ہیں کہ حالات ایمرجنسی سے بھی بدتر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ دنوں دہلی میں کاکروچ کے احتجاج کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ وہاں پولس نے ایمرجنسی جیسے حالات پیدا کر دیے تھے۔مستقیم ڈگنیٹی کا کہنا تھا کہ مالیگاؤں وہ شہر ہے جس نے اندرا گاندھی کے دور میں ایمرجنسی کے خلاف بھی آواز اٹھائی تھی۔اسی روایت کو جاری رکھتے ہوئے جمعہ کو بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے سے پیدل مارچ نکالا جائے گا تاکہ عوام کے مسائل اور انتخابی عمل میں شفافیت کی مانگ کو اجاگر کیا جا سکے۔پریس کانفرنس میں مستقیم ڈگنیٹی نے عوام اور وکلاء، طلباء سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس مارچ میں بڑی تعداد میں شرکت کریں اور اپنے حقوق کے لیے متحد رہیں۔اس موقع پر ڈپٹی میئر شانِ ہند سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے