مالیگاؤں: بریکنگ نیوز: صرف 63 نوکریاں، 925 امیدوار!کارپوریشن کی عارضی بھرتی نے روزگار کی حقیقت کھول دی،ایک آسامی کیلئے 180 امیدوار!
چھ ماہ کی عارضی نوکری کیلئے بھی بے روزگاروں کی لمبی قطار،اٹینڈنٹ کیلئے 305 درخواستیں!،بھرتی کیلئے زبردست مقابلہ آرائی
مالیگاؤں: 8 ستمبر (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر میونسپل کارپوریشن کے محکمۂ صحت میں ہونے والی عارضی بھرتی نے شہر میں روزگار کی صورتحال کی ایک حیران کن تصویر سامنے لا دی ہے۔صرف 63 آسامیوں کیلئے 925 امیدواروں کا میدان میں اترنا اس وقت شہر میں موضوعِ بحث بن گیا ہے۔حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ تمام آسامیاں صرف چھ ماہ کی عارضی اور اعزازی بنیاد پر پُر کی جا رہی ہیں،اس کے باوجود سیکڑوں امیدواروں نے ملازمت حاصل کرنے کیلئے انٹرویو میں شرکت کی۔
8 ستمبر کو 27 اسامیوں کیلئے 667 امیدوار!
کارپوریشن کی جانب سے دستیاب سرکاری معلومات کے مطابق 8 ستمبر کو ہوئے انٹرویو میں محکمۂ صحت کی چھ مختلف نوعیت کی آسامیوں کیلئے مجموعی طور پر 667 درخواستیں موصول ہوئیں۔ان میں فارماسسٹ کی صرف 2 آسامیوں کیلئے 153 امیدواروں نے درخواست دی،جبکہ ANM کی محض ایک آسامی نے 180 امیدواروں کو اپنی جانب متوجہ کرلیا۔کلاس اٹینڈنٹ کی 6 آسامیوں کیلئے 202 امیدوار جبکہ خواتین کیلئے مخصوص کلاس اٹینڈنٹ کی 6 آسامیوں کیلئے مزید 103 امیدوار میدان میں ہیں۔ یعنی کلاس اٹینڈنٹ کی مجموعی 12 آسامیوں کیلئے ہی 305 امیدواروں نے درخواستیں دی ہیں۔ سرجیکل ہاؤس اسسٹنٹ کی 2 آسامیوں کیلئے 16 اور ڈریسر کی 2 آسامیوں کیلئے 13 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
7 ستمبر کو بھی امیدواروں کا سیلاب!
واڈیا اسپتال میں مختلف طبی و نیم طبی عہدوں پر براہِ راست انٹرویو کے ذریعے اعزازی بنیاد پر بھرتی کیلئے 7 ستمبر کو مختلف 36 آسامیوں پر 258 امیدوار انٹرویو دینے پہنچے۔ ان میں میڈیکل آفیسر MBBS کیلئے 26، BAMS کیلئے 58، لیبارٹری ٹیکنیشن کیلئے 95، اسٹاف نرس/نرس مڈوائف کیلئے 64 اور ایکسرے ٹیکنیشن کیلئے 12 امیدواروں نے انٹرویو دیا۔اطفال کے عہدے کیلئے ایک، سسٹر انچارج/نائٹ سپروائزر کیلئے 2 امیدوار شریک ہوئے، جبکہ میڈیسن، اینستھیزیالوجی، پیتھالوجی، گائناکولوجی و پرسوتی اور پبلک ہیلتھ نرس/پی ایچ این کے عہدوں کیلئے کوئی امیدوار انٹرویو کیلئے حاضر نہیں ہوا۔
دو دن، 63 آسامیاں اور 925 امیدوار!
7 اور 8 ستمبر کے اعداد و شمار کو یکجا کیا جائے تو صرف 63 عارضی آسامیوں کیلئے 925 امیدواروں نے بھرتی کے عمل میں حصہ لیا۔ یعنی دستیاب آسامیوں کے مقابلے میں امیدواروں کی تعداد کئی گنا زیادہ رہی۔سب سے زیادہ توجہ طلب صورتحال ANM کی صرف ایک آسامی کیلئے 180 امیدواروں اور لیبارٹری ٹیکنیشن کی آسامیوں کیلئے 95 امیدواروں کی موجودگی ہے۔ یہ اعداد و شمار اس بات کا واضح اشارہ دے رہے ہیں کہ مستقل ملازمت تو دور، محدود مدت کی اعزازی ملازمت بھی نوجوانوں کیلئے ایک بڑا روزگار کا موقع بن چکی ہے۔
روزگار کی تلاش میں تعلیم یافتہ نوجوان بھی بے چین!
مالیگاؤں کارپوریشن کی اس بھرتی کے اعداد و شمار نے شہر میں روزگار کی صورتحال پر ایک بڑا سوال کھڑا کر دیا ہے۔ محدود مدت، عارضی نوعیت اور اعزازی بنیاد پر دستیاب ملازمتوں کیلئے بھی سینکڑوں امیدواروں کا انٹرویو دینا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ روزگار کے مواقع کی تلاش میں تعلیم یافتہ اور ہنرمند نوجوان بھی شدید مسابقت سے گزر رہے ہیں۔اب سب کی نظریں انٹرویو کے نتائج اور منتخب امیدواروں کی فہرست پر مرکوز ہیں۔ 925 امیدواروں میں سے صرف 63 عہدوں پر کتنے امیدوار کامیاب ہوتے ہیں، یہ آنے والے دنوں میں واضح ہوگا۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com