مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں میڈیکل اسٹاف کیلئے بھرتی کا اعلان،خواہش مند تعلیم یافتہ افراد توجہ دیں



مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن میں میڈیکل اسٹاف کیلئے بھرتی کا اعلان 



 واک اِن انٹرویو 25 اگست کو ،خواہش مند تعلیم یافتہ افراد توجہ دیں 


مالیگاؤں: 16 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے آستھاپنا محکمہ کی جانب سے نئے تعمیر شدہ این این واڈیا ہسپتال کو جلد از جلد فعال کرنے اور شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے مختلف طبی و ہسپتال عملے کے عہدوں پر چھ ماہ کی عارضی بھرتی کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ تقرریاں ٹھوس ماندھن یعنی فکسڈ آنریریم کی بنیاد پر کی جائیں گی اور امیدواروں کا انتخاب واک اِن انٹرویو کے ذریعے کیا جائے گا۔


جاری کردہ اشتہار کے مطابق مختلف طبی شعبوں میں ماہر ڈاکٹروں سمیت دیگر ہسپتال عملے کی ضرورت کے پیش نظر عہدے پُر کیے جائیں گے۔ ان میں میڈیسن اسپیشلسٹ، اینستھیشیا اسپیشلسٹ، بچوں کے ماہر، پیتھالوجی اسپیشلسٹ، گائناکالوجی اسپیشلسٹ، ایم بی بی ایس میڈیکل آفیسر، بی اے ایم ایس میڈیکل آفیسر، سسٹر انچارج/نائٹ سپروائزر، پبلک ہیلتھ نرس، لیبارٹری ٹیکنیشن، ایکس رے ٹیکنیشن، اسٹاف نرس/نرس مڈوائف، فارماسسٹ، اے این ایم، آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ، کلینر، کاسائیڈا اور ڈریسر سمیت مختلف عہدے شامل ہیں۔

اشتہار میں بتایا گیا ہے کہ مختلف عہدوں کے لیے آسامیوں کی تعداد ایک سے چھ تک ہے، جبکہ عہدے کے لحاظ سے ماہانہ فکسڈ ماندھن 14 ہزار روپے سے 80 ہزار روپے تک مقرر کیا گیا ہے۔ طبی اور تکنیکی عہدوں کے لیے امیدواروں کو متعلقہ تعلیمی قابلیت کے ساتھ مطلوبہ تجربہ بھی رکھنا ہوگا۔ بیشتر طبی عہدوں کے لیے کم از کم تین سال کا متعلقہ تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے۔

تمام عہدوں کے لیے واک اِن انٹرویو 25 اگست 2026 کو صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک منعقد کیا جائے گا۔ انٹرویو کا مقام مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر، قلعہ کے سامنے، مالیگاؤں مقرر کیا گیا ہے۔ امیدواروں کو مقررہ وقت کے دوران اپنی تعلیمی قابلیت اور تجربے سے متعلق اصل دستاویزات کے ساتھ حاضر ہونا ہوگا۔

میونسپل کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ بھرتی مکمل طور پر عارضی نوعیت کی ہے اور تقرری کی مدت صرف چھ ماہ ہوگی۔ ان عہدوں پر کام کرنے والے امیدوار مستقل ملازمت یا کسی دیگر مستقل سروس فوائد کا دعویٰ نہیں کرسکیں گے۔ منتخب امیدوار کی کارکردگی غیر تسلی بخش پائی جانے کی صورت میں اس کی تقرری بغیر کسی پیشگی نوٹس کے ختم کی جاسکتی ہے۔

اشتہار کے مطابق انٹرویو میں شرکت کے لیے امیدواروں کو کسی بھی قسم کا سفری الاؤنس یا دیگر بھتہ ادا نہیں کیا جائے گا۔ عمر کی حد عام امیدواروں کے لیے 18 سے 38 سال جبکہ پسماندہ طبقات کے امیدواروں کے لیے 18 سے 43 سال مقرر کی گئی ہے۔ تاہم کووڈ-19 وبا یا دیگر مواقع پر میونسپل سروس میں طبی خدمات انجام دینے والے امیدواروں پر زیادہ سے زیادہ عمر کی شرط لاگو نہیں ہوگی۔
امیدواروں کو سفید کاغذ پر درخواست کی شکل میں عہدے کا نام، مکمل نام، رہائشی پتہ، موبائل نمبر، ای میل، تاریخ پیدائش، تعلیمی قابلیت اور تجربے کی تفصیلات درج کرکے ساتھ لانا ہوگا۔ اس کے علاوہ تعلیمی اسناد، تجربے کے سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات کی تصدیق شدہ نقول کے ساتھ پاسپورٹ سائز فوٹو بھی پیش کرنا ضروری ہوگا۔

میونسپل کارپوریشن کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ صرف مطلوبہ اہلیت اور شرائط پوری کرنے والے امیدواروں کا ہی انٹرویو لیا جائے گا، جبکہ نااہل یا نامکمل دستاویزات رکھنے والے امیدواروں کی درخواست پر غور نہیں کیا جائے گا۔ بھرتی کے عمل میں کسی بھی قسم کا دباؤ، سفارش یا غیر قانونی طریقہ اختیار کرنے والے امیدوار کو فوری طور پر انتخابی عمل سے خارج کردیا جائے گا۔


واضح رہے کہ اس سلسلے میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر رویندرا جادھو کے دستخط سے تفصیلی بھرتی اشتہار جاری کیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی اس عارضی بھرتی کو نئے این این واڈیا ہسپتال کو جلد شروع کرنے اور شہریوں کے لیے طبی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کی سمت میں اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے