محمد زبیر قتل واردات CCTV میں قید؛ سات افراد کے خلاف مقدمہ درج
مالیگاؤں: 16 اگست (بیباک نیوز اپڈیٹ): شہر کے نعمانی نگر علاقے میں ایک نوجوان مکینک کے قتل کی واردات سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ مقتول کی شناخت محمد زبیر محمد امین انصاری کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں سات افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ واردات کے اہم شواہد CCTV کیمروں میں بھی قید ہونے کی اطلاع ہے۔
اطلاعات کے مطابق زبیر کا جمعہ کی شام کچھ افراد کے ساتھ کسی بات پر تلخ کلامی اور بحث ہوئی، جس کے بعد معاملہ شدت اختیار کر گیا اور زبیر کو شدید چوٹیں آئیں۔ زخمی حالت میں انہیں فوری طور پر مالیگاؤں سول اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد حالت تشویشناک ہونے کے باعث ڈاکٹروں نے انہیں مزید علاج کے لیے دھولیہ سول اسپتال منتقل کیا۔
دھولیہ سول اسپتال میں زیرِ علاج زبیر نے ہفتہ کی دوپہر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ زبیر مالیگاؤں کے معروف باورچی منا آزاد کے صاحبزادے تھے اور پیشے کے اعتبار سے مکینک کا کام کرتے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ قتل کی پوری واردات یا اس کے اہم حصے CCTV کیمروں میں ریکارڈ ہوئے ہیں، جن کی مدد سے پولیس واقعے کی کڑیاں جوڑنے اور مبینہ طور پر واردات میں ملوث افراد تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
پوارواڑی پولیس اسٹیشن میں اس معاملے میں سات افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر تلاش اور چھاپہ مار کارروائی شروع کیے جانے کی اطلاع ہے۔ پولیس حکام نے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔پولس ذرائع کے مطابق واقعے کی اصل وجہ، واردات کے مکمل حالات اور ہر ملزم کے کردار کی جانچ کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں CCTV فوٹیج، عینی شاہدین کے بیانات اور دیگر دستیاب شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com