مالیگاؤں میں طالبات کیلئے جدید تعلیمی کیمپس شیخ رشید انسٹی ٹیوٹ آف لرننگ کا شاندار افتتاح

 مالیگاؤں میں طالبات کیلئے جدید تعلیمی کیمپس شیخ رشید انسٹی ٹیوٹ آف لرننگ کا شاندار افتتاح 



پیر کو طالبات کے استقبال کیساتھ ہی باقاعدہ کوچنگ کلاس کا آغاز اور والدین کی میٹنگ 



شہر میں ایک انتہائی وسیع اور بڑے تعلیمی کیمپس کا سنگِ بنیاد رکھنا آئندہ کے عزائم، آصف شیخ کی مخاطبت 



شیخ رشید انسٹی ٹیوٹ آف لرننگ


​مالیگاؤں : 3 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ)سابق ایم ایل اے مرحوم شیخ رشید صاحب کی یاد اور ان کے تعلیمی مشن کو زندہ رکھنے کے لیے شہر میں ایک گراں قدر تعلیمی ادارے کا اضافہ عمل میں آیا ہے۔ شیخ رشید صاحب کے بچپن کے ساتھیوں، مخلص دوستوں اور سیاست میں طویل عرصے تک ساتھ نبھانے والے رفقا کی موجودگی میں ’شیخ رشید انسٹی ٹیوٹ آف لرننگ‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس باوقار تعلیمی منصوبے کا آغاز سابق رکن اسمبلی آصف شیخ کی سرپرستی میں کیا گیا ہے، جس کا مقصد قوم کی بیٹیوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔


​اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف شیخ نے جذباتی انداز میں کہا کہ ہم نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ شیخ رشید صاحب کی یاد میں ایک ایسا یادگار اور مثالی ادارہ قائم کریں گے جسے عوام ہمیشہ یاد رکھے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید صاحب کی زندگی کا مقصد ہی قوم کی خدمت تھا، انہوں نے ہمیں ہمیشہ دینے والا بنایا ہے، اور یہ ادارہ اسی فکر کی عکاسی کرتا ہے۔


یہ ادارہ HNA وومنیس کیئر فاؤنڈیشن کے زیر نگرانی جاری رہیگا ۔جس کی چیئرمین حفصہ آصف شیخ و سیکرٹری ڈاکٹر نمرہ اور عائشہ شیخ ہونگے ۔اس موقع پر انتظامیہ نے والدین اور عوام الناس کو مطلع کیا ہے کہ یہ کیمپس صرف اور صرف لڑکیوں (طالبات) کی تعلیم و تربیت کے لیے وقف رہے گا۔ طالبات کو پرسکون اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پورے کیمپس کو جدید ترین سہولیات سے لیس کیا گیا ہے۔ پورا کیمپس ایئر کنڈیشنڈ (AC) ہونے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے سی سی ٹی وی (CCTV) کیمروں کی نگرانی میں رہے گا۔ اس کے علاوہ طالبات کے لیے ایک خوبصورت گارڈن کا نظم بھی کیا گیا ہے۔



آصف شیخ نے بتایا کہ یہ پورا نظام ’HNA وومنیس کیئر فاؤنڈیشن‘ کی زیرِ نگرانی چلایا جائے گا، جہاں پانچویں سے دسویں جماعت کی طالبات کے لیے خصوصی کوچنگ کلاس شروع کی جارہی ہے، 

آئندہ اس ادارے میں نیٹ (NEET)، ٹی ای ٹی (TET)، ایم پی ایس سی (MPSC) اور یو پی ایس سی (UPSC) جیسے باوقار امتحانات کے لیے اعلیٰ درجے کی کوچنگ اور تعلیمی رہنمائی کیساتھ ساتھ لڑکیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہنرمندانہ تعلیم (اسکل ڈویلپمنٹ) اور مختلف ثقافتی پروگراموں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔


انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں تعلیمی معیار (Quality Education) کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، جس کے لیے اساتذہ کے انٹرویوز کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ اب تک 150 سے زائد بچیوں کے داخلے (Admissions) ہو چکے ہیں، اور آنے والی 5 جولائی بروز پیر سے کیمپس میں بچیوں کا باقاعدہ استقبال کر کے تدریسی عمل کا آغاز کر دیا جائے گا۔​آصف شیخ نے واضح کیا کہ یہ ادارہ مکمل طور پر ’نہ نفع، نہ نقصان‘ (No Profit, No Loss) کی بنیاد پر صرف ملت کی خدمت کے جذبے کے تحت کام کرے گا۔ انہوں نے شہر کے دیگر تعلیمی اداروں اور مقتدر شخصیات سے رہنمائی اور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے یہ اعلان بھی کیا کہ ان کا اگلا ہدف شہر میں ایک انتہائی وسیع اور بڑے تعلیمی کیمپس کا سنگِ بنیاد رکھنا ہے، جس پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔اس موقع پر شہر کی سیاسی، تعلیمی شخصیات، مذہبی افراد اور ایڈوکیٹ حضرات و پرائمری اور ہائی اسکول کے اساتذہ کرام کثیر تعداد میں موجود رہے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے