چاندوڑ روڈ پر ہولناک سڑک حادثہ: مالیگاؤں کا 16 سالہ نوجوان جاں بحق، دو شدید زخمی

 ​چاندوڑ روڈ پر ہولناک سڑک حادثہ: مالیگاؤں کا 16 سالہ نوجوان جاں بحق، دو شدید زخمی



​تفریح کا سفر ماتم میں تبدیل؛     



چاندوڑ روڈ پر دلخراش حادثہ


​مالیگاؤں : 11 جولائی(بیباک نیوز اپڈیٹ) جمعہ کے روز چھٹی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سیر و تفریح کے لیے نکلنے والے مالیگاؤں شہر کے نوجوانوں کی خوشیاں اس وقت ماتم میں تبدیل ہو گئیں جب چاندوڑ روڈ پر ایک انتہائی دردناک اور ہولناک سڑک حادثہ پیش آیا۔اس افسوسناک واقعے میں ایک 16 سالہ نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ موٹر سائیکل سوار دیگر دو نوجوان شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا اور جائے وقوعہ پر لوگوں کی بھاری بھیڑ جمع ہو گئی۔



ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، مالیگاؤں شہر سے تعلق رکھنے والے چند نوجوان جمعہ کی نماز کی ادائیگی کے بعد خوشگوار موسم اور چھٹی کا لطف اٹھانے کے لیے موٹر سائیکل کے ذریعے تفریح کے لیے نکلے تھے۔ ابھی ان کی کار چاندوڑ روڈ پر واقع 'سلیم ہوٹل' کے قریب پہنچی ہی تھے  کہ ٹو وہیلر چلانے والے تقریباً 20 سے 22 سالہ نوجوان کی تیز رفتاری کے باعث گاڑی اچانک بے قابو ہو گئی۔ توازن اس حد تک بگڑ گیا کہ وہ سامنے سے آنے والے ایک تیز رفتار کنٹینر کے اگلے ٹائر سے جا ٹکرائی اور اس کے نیچے پھنس گئی۔

​ 

عینی شاہدین کے مطابق یہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی کا ایک حصہ بری طرح تباہ ہو گیا اور اس حادثہ میں 16 سالہ نوجوان زید خان اظہر خان کار کی پچھلی سیٹ پر سوار تھا۔حادثے کے نتیجے میں گاڑی کا پچھلا حصہ کنٹینر کے اگلے بھاری بھرکم ٹائر کے نیچے آ دبا، جس کی وجہ سے زید خان شدید چوٹوں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ کار میں سوار دیگر دو نوجوان بھی اس حادثے میں شدید زخمی ہوئے، جنہیں مقامی لوگوں کی مدد سے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔


اس دلخراش واقعے کی خبر ملتے ہی مقتول زید خان کے والد، بھائی اور دیگر قریبی رشتہ دار کارپوریٹر خالد حاجی، رفیق بھوریا ،آمین خان شبیر خان، بابو ممبر، شفیق اینٹی کرپشن ،خالد ایس کے فوراً جائے وقوعہ پر پہنچے۔ مالیگاؤں شہر کے ذمہ داران، سیاسی و سماجی شخصیات اور عام عوام نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا کی ہے کہ وہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔


اس اندوہناک حادثے کے بعد مالیگاؤں کے سماجی کارکنان نے شہریوں، بالخصوص نوجوانوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ ہائی وے پر سفر کرتے وقت رفتار کی حد کا خاص خیال رکھیں اور خصوصی احتیاط برتیں۔ انہوں نے کہا کہ اکثر چھٹیوں کے دنوں میں جوش میں آ کر نوجوان تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہیں، جبکہ ہائی وے پر بھاری گاڑیوں کنٹینرز اور ٹرکوں کی آمد و رفت کے باعث چھوٹی اور ہلکی گاڑیوں کا توازن بگڑنے کا خطرہ ہمیشہ برقرار رہتا ہے۔ لہٰذا، احتیاط اور دھیمی رفتار ہی قیمتی جانوں کو محفوظ رکھ سکتی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے