مالیگاؤں : تین پستول،کارتوس اور دو تلواریں برآمد، پانچ ملزمان گرفتار،پوارواڑی اور قلعہ پولیس کی بڑی کارروائی

 مالیگاؤں: تین پستول،کارتوس اور دو تلواریں برآمد، پانچ ملزمان گرفتار،پوارواڑی اور قلعہ پولیس کی بڑی کارروائی 


مالیگاؤں پولس کی کارروائی


مالیگاؤں : 9 جولائی (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں شہر میں جرائم اور غیر قانونی اسلحہ کے خلاف پولیس نے سخت مہم جاری رکھتے ہوئے پوارواڑی اور قلعہ پولیس اسٹیشن کی جانب سے الگ الگ کارروائیوں میں مجموعی طور پر تین دیسی پستول، دو تلواریں اور متعدد لائیو کارتوس برآمد کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور اسلحہ سپلائی کرنے والے نیٹ ورک تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔


تفصیلات کے مطابق قلعہ پولیس نے بدھ، 8 جولائی 2026 کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر دیدہ کالونی، گلی نمبر 4 میں کارروائی کرتے ہوئے محمد عرفان  محمد اسماعیل (ساکن: نیا اسلام پورہ، مالیگاؤں) کو ایک دیسی ساختہ پستول اور کارتوس سمیت گرفتار کیا۔ برآمد شدہ اسلحہ کی مالیت تقریباً 25 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ ملزم کے خلاف قلعہ پولیس اسٹیشن میں آرمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اسی روز قلعہ پولیس نے ایک اور کامیاب کارروائی کے دوران گرنا گراؤنڈ کے قریب حسنین کریمین مسجد کے پاس سے فیصل ابراہیم تمبولی (26 سال، ساکن گلشن یاسین، مالیگاؤں) کو دو تلواروں سمیت گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم بغیر قانونی اجازت کے خطرناک ہتھیار اپنے قبضے میں رکھے ہوئے تھا اور اس کے قبضے سے برآمد ہونے والی دونوں تلواروں کی مجموعی مالیت تقریباً 3 ہزار روپے ہے۔ اس معاملے میں مقدمہ نمبر 124/2026 آرمز ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔


دوسری جانب پوارواڑی پولیس نے بھی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حفظ الرحمن، نواز اشرف، محمد ریحان اور ایک دیگر ملزم کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے دو دیسی پستول اور متعدد لائیو کارتوس برآمد کیے گئے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے دو ملزمان کو چار دن جبکہ ایک ملزم کو سات دن کی پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دورانِ ریمانڈ ملزمان سے اسلحہ کی خرید و فروخت، سپلائی چین اور اس سے وابستہ دیگر افراد کے بارے میں معلومات حاصل کی جائیں گی۔


سماعت کے دوران ملزمان کی جانب سے ایڈووکیٹ خلیل انصاری نے عدالت میں وکالت کی۔ پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ مالیگاؤں میں غیر قانونی اسلحہ، اسلحہ اسمگلنگ اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ شہر میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف اسی طرح مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس کے مطابق دونوں مقدمات میں مزید تفتیش جاری ہے اور جلد ہی اہم انکشافات متوقع ہیں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے