مالیگاؤں مہاسبھا میں BUMSڈاکٹروں کیلئے مضبوط آواز: سماجوادی پارٹی گٹ نیتا مستقیم ڈگنیٹی کا انتظامیہ سے دو ٹوک سوال



مالیگاؤں مہاسبھا میں BUMS ڈاکٹروں کیلئے مضبوط آواز: سماجوادی پارٹی گٹ نیتا مستقیم ڈگنیٹی کا انتظامیہ سے دو ٹوک سوال


“جب خدمت لیتے ہیں تو مستقل نوکری کیوں نہیں؟” BUMS ڈاکٹروں کے حق میں مستقیم ڈگنیٹی کی زبردست پیروی



مالیگاؤں (پریس ریلیز ):6 مئی 2026 بروز بدھ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی جنرل مہاسبھا میں اُس وقت ماحول گرم ہوگیا جب اقتدار میں شامل سماجوادی پارٹی کے گٹ نیتا و کارپوریٹر محمد مستقیم ڈگنیٹی نے شہر کے BUMS ڈاکٹروں کو میونسپل کارپوریشن کے دواخانوں میں مستقل نوکری دینے کا اہم مسئلہ پوری مضبوطی کے ساتھ اٹھایا۔

مہاسبھا میں جب انتظامیہ اور متعلقہ افسران نے اس معاملے کو “پالیسی میٹر” بتا کر حکومت پر ڈالنے کی کوشش کی تو مستقیم ڈگنیٹی نے حکومتِ مہاراشٹر کے GR اور دیگر اضلاع کی مثال دیتے ہوئے انتظامیہ سے سیدھا سوال کیا کہ اگر دوسری جگہوں پر BUMS ڈاکٹروں کو موقع دیا جاسکتا ہے تو مالیگاؤں میں کیوں نہیں؟ 

مستقیم ڈگنیٹی نے میئر کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ مالیگاؤں شہر میں BUMS ڈاکٹروں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ جب بھی میونسپل کارپوریشن کو ضرورت پڑتی ہے تو انہی ڈاکٹروں کی خدمات مان دھن یا عارضی بنیاد پر لی جاتی ہیں۔ ایسے میں مستقل نوکری دینے میں رکاوٹ پیدا کرنا مناسب نہیں ہے۔

مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ آیوروید شعبہ میں BUMS، BHMS اور BAMS تینوں ڈگریوں کو کئی سرکاری GR میں برابر مانا گیا ہے۔ 4 ستمبر 2014 کے مہاراشٹر حکومت کے GR کا حوالہ دیتے ہوئے مستقیم ڈگنیٹی نے بتایا کہ اُس GR میں BUMS ڈاکٹروں کیلئے 10 فیصد جگہ رکھنے کی بات کہی گئی ہے۔

مستقیم ڈگنیٹی نے پربھنی ضلع پریشد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں لوکل باڈی کی اتھارٹی استعمال کرکے BUMS ڈاکٹروں کو سرکاری دواخانوں میں نوکری دی گئی ہے۔ پھر مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن ایسا کیوں نہیں کرسکتی؟

مہاسبھا میں مستقیم ڈگنیٹی نے کہا: “ہر بار پالیسی میٹر بول کر مسئلہ حکومت کی طرف ڈال دینا صحیح نہیں ہے۔ کسی بھی مسئلہ کا راستہ نکالنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ اگر سفارش بھیجنی ہے تو بھیجئے، میٹنگ کرنی ہے تو کیجئے، مگر BUMS ڈاکٹروں کو انصاف ملنا چاہئے۔”

مستقیم ڈگنیٹی نے مزید کہا کہ سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی بھی اسمبلی میں آیوروید اور BUMS ڈاکٹروں کے مسائل مسلسل اٹھاتے رہے ہیں۔

اپنی تقریر کے آخر میں مستقیم ڈگنیٹی نے آروگیہ محکمہ اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ عوامی نمائندوں کے ساتھ بیٹھ کر قانونی راستہ نکالا جائے تاکہ مالیگاؤں کے تعلیم یافتہ اور قابل BUMS ڈاکٹروں کو مستقل روزگار مل سکے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے