جنم داخلہ معاملہ :چار ملزمین کی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور، مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کی جدوجہد کارگر
مالیگاؤں : 17 اپریل (بیباک نیوز اپڈیٹ) جنم داخلہ معاملہ میں چھاؤنی پولس اسٹیشن میں درج مقدمہ نمبر 103 کے تحت ملزم بنائے گئے چار ملزمین کی آج بروز جمعہ 17 اپریل کو ممبئی ہائی کورٹ سے ضمانت منظور ہوگئی ہے ۔اس طرح کی اطلاع مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مستقیم ڈگنیٹی نے دی ۔انہوں نے بتایا کہ مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کی جانب سے ایڈوکیٹ مہیندر نے آصف شیخ و مستقیم ڈگنیٹی کی ایماء پر ملزمین کی پیروی کی ۔آج بامبے ہائی کورٹ میں جنم داخلہ معاملہ میں ملزمین بنائے گئے افراد کی ضمانت کے متعلق سماعت ہوئی ۔عدالت میں مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کی جانب سے ایڈوکیٹ مہیندر نے سماعت میں حصہ لیتے ہوئے مدلل دلائل پیش کئے جسے عدالت نے قبول کر ملزمین کی ضمانت منظور کردی ہے۔ مستقیم ڈگنیٹی نے مزید بتایا کہ جنکی ضمانت منظور ہوئی ہے ان کے نام مفتی آصف انجم، صغیر سر، بھگیرت اور مہاجن ہیں جو مہینوں سے جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں لیکن مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کی جدوجہد سے اب انہیں جیل سے رہائی نصیب ہوگی ۔انہوں نے اللہ رب العزت کے بعد آصف شیخ و شہریان مالیگاؤں اور مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کا شکریہ ادا کیا وہیں مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کی لیگل ٹیم و ایڈوکیٹ مہیندر کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی نمبر 40 اور ایف آئی آر نمبر 51 میں ملزم بنائے گئے بقیہ افراد کی ضمانت کے عریضہ پر ہائی کورٹ میں 22 اپریل کو سماعت ہوگی اور مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کو امید ہے کہ اسی دن سماعت مکمل کرتے ہوئے انکی بھی ضمانت منظور ہوجائے اس کیلئے جدوجہد جاری ہے ۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ جدوجہد کرنے والوں کو اللہ تعالیٰ کامیابی دیتا ہے بشرطیکہ کہ نیت میں خلوص اور تسلسل ہو اور اسی ضمن میں اللہ تعالیٰ نے مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی کی جدوجہد کو کارگر بنایا ہے ۔خیال رہے مفتی آصف انجم کی ضمانت کیلئے بھی مائناریٹی ڈیفنیس کمیٹی نے ہی ہائی کورٹ میں وکیل پیش کیا اور آج انکی بھی ضمانت منظور ہوئی ہے ۔اس موقع پر ہم شہریان سے اپیل کرتے ہیں کہ آئندہ 22 اپریل کو ہونے والی سماعت میں بھی ملزمین کی رہائی ممکن ہوسکے اس کیلئے دعاؤں کا اہتمام کریں ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com