سماجوادی پارٹی کا عید ملن پروگرام میں شہریان کو شرکت کی دعوت
مالیگاؤں:19 مارچ (پریس ریلیز) سماجوادی پارٹی مالیگاؤں کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر ہر سال کی طرح اس سال بھی روایتی اور پُروقار عید ملن پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں شہر کے تمام شہریان کو اطلاع دی جاتی ہے کہ یہ تقریب عید کی باسی کے دن شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک دگڑو آئیل مل گراؤنڈ، سماجوادی پارٹی آفس کے سامنے، آگرہ روڈ مالیگاؤں میں منعقد ہوگی۔ اس پروگرام میں شہر کے لوگوں کو ایک ساتھ ملنے، عید کی خوشیاں بانٹنے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دینے کا بہترین موقع ملے گا۔
یہ عید ملن پروگرام مالیگاؤں میں کئی برسوں سے جاری ایک خوبصورت روایت کا حصہ ہے۔ اس روایت کا آغاز ماضی میں ساتھی بلند اقبال صاحب نے ساتھی نہال احمد صاحب کی سرپرستی میں کیا تھا۔ اس وقت سے لے کر آج تک یہ پروگرام مسلسل منعقد ہوتا آرہا ہے اور شہر کے لوگ بڑی تعداد میں اس میں شرکت کرتے ہیں۔ اب نہال احمد صاحب کے جانشین اسی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں اور اس کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ یہ پروگرام پہلے سے بھی زیادہ کامیاب اور یادگار بنے۔
اس سال کا عید ملن پروگرام خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ حال ہی میں سماجوادی پارٹی کو کارپوریشن میں اقتدار حاصل ہوا ہے اور پارٹی صدر محترمہ شانِ ہند نہال احمد صاحبہ ڈپٹی میئر منتخب ہوئی ہیں۔ اس خوشی کے موقع پر عید ملن پروگرام کو بڑے پیمانے اور منفرد انداز میں منعقد کیا جارہا ہے، تاکہ شہر کے زیادہ سے زیادہ لوگ اس خوشی میں شامل ہو سکیں اور عید کی خوشیوں کو ایک ساتھ منا سکیں۔
پروگرام مستقیم ڈگنیٹی کی نگرانی میں منعقد کیا جا رہا ہے جبکہ سہیل عبدالکریم اور ایڈوکیٹ توصیف شیخ پروگرام کے آرگنائزر ہیں.
اس پُروقار تقریب میں کارپوریشن کے افسران، مختلف سرکاری محکموں کے آفیسران، برادرانِ وطن، شہر کی سیاسی اور سماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں عام شہریان کی شرکت متوقع ہے۔ پروگرام کے دوران سماجوادی پارٹی کے کارپوریٹرس کا استقبال بھی کیا جائے گا.
سماجوادی پارٹی مالیگاؤں کی جانب سے تمام پارٹی ذمہ داران، ورکرس اور شہریان سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ عید کی باسی کے دن منعقد ہونے والے اس عید ملن پروگرام میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں اور اس خوبصورت روایت کو کامیاب بنائیں۔ اس کے ساتھ ہی سماجوادی پارٹی کے صدر، عہدیداران، کارپوریٹرس اور ذمہ داران کی طرف سے تمام شہریانِ مالیگاؤں اور امتِ مسلمہ کو عید الفطر کی دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی جاتی ہے ساتھ ہی دعا ہے کہ یہ عید سب کے لیے خوشی، امن اور ترقی کا پیغام لے کر آئے۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com