مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس میں سافٹ اسکل اینڈ لائف اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ کا انعقاد


مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس میں سافٹ اسکل اینڈ لائف اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ کا انعقاد


مالیگاؤں(پریس ریلیز) جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سو سائٹی (منصورہ) کے زیر انصرام جار ی مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس میں جناب راشد ارشد مختار صاحب ( سیکریٹری، جامعہ محمدیہ) کی زیر سرپرستی اور ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ سیل کے زیر اہتمام انجینئرنگ کے سالِ سوم اور آخری سال کے طلبہ کے لیے تین روزہ ’’سافٹ اسکل اینڈ لائف اسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ‘‘ کا انعقاد 16 تا 18 فروری 2026 کیا گیا۔اس تربیتی ورکشاپ کا بنیادی مقصد طلبہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا، انہیں عملی زندگی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور کارپوریٹ و صنعتی میدان میں مؤثر کارکردگی کے لیے تیار کرنا تھا۔

اس ٹریننگ ورکشاپ میں پونے کی معروف کمپنی گلوبل ٹیلینٹ ٹریک کے ماہر ٹرینرز جناب پریتم مہامونی اور شتیجا پرجانے میڈم نے خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے طلبہ کو کمیونیکیشن اسکلز، پرسنالٹی ڈیولپمنٹ، برین اسٹورمنگ، پرابلم سولونگ، اپٹیٹیوڈ ٹیسٹ کی تیاری اور پروفیشنل سوشل میڈیا پلیٹ فارم (لنکڈ اِن) کے مؤثر استعمال کے حوالے سے بہترین انداز میں عملی تربیت فراہم کی۔

اس موقع پر کیمپس کے پرنسپل ڈاکٹر شاہ عقیل احمد نے مہمانان کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل ستمبر 2025 میں بھی پانچ روزہ تربیتی سیشن منعقد کیا جا چکا ہے، اور مستقبل میں بھی اسی نوعیت کے پروگرام جاری رہیں گے۔ ادارہ اس عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے کہ طلبہ کو ملٹی نیشنل کمپنیوں اور مختلف صنعتی شعبوں میں بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایسے تربیتی پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس ورکشاپ کو کامیاب بنانے میں پروفیسر اسماعیل انصاری (ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر) نے کلیدی کردار ادا کیا۔ پروفیسر اسماعیل انصاری نے ٹریننگ کے دوران طلبہ کی رہنمائی اور نظم و نسق کو نہایت منظم اور مؤثر انداز میں انجام دیا ۔ انہوں نے طلبہ کو کریئر پلاننگ، انٹرویو کی تیاری اور انڈسٹری سے جڑنے کے عملی طریقوں پر بھی مفید مشورے دیے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اسی طرح سے ڈاکٹر سلمان بیگ (ڈین اکیڈمکس)، ڈاکٹر فہد اقبال، ڈاکٹر نوید حسین، ڈاکٹر آصف رسول، ڈاکٹر دلاور حسین ، پروفیسر مومن شہباز، پروفیسر صدیقی محسن، پروفیسر فہد بلا ل اور ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ سیل کی ٹیم نے بھی بھرپور تعاون پیش کیا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے