ا.س.ل.ا.م I.S.L.A.M پارٹی مہاراشٹر ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ، عوام کی چاہت پر پارٹی کو وسیع کرنے کا فیصلہ
پندرہ فروری کو ریاستی سطح پر پارٹی کی توسیع کیلئے بیرونی شہر کے وفود کی مالیگاؤں آمد
تعمیر و ترقی اور اقلیتیوں کے حقوق کیلئے مہاراشٹر میں I.S.L.A.M پارٹی کو وسیع کرنے کا عزم
مالیگاؤں : 8 فروری (بیباک نیوز اپڈیٹ) مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن انتخابات میں زبردست کامیابی کے بعد اسلام پارٹی کے حوصلے بلند ہیں اور پارٹی نے مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن پر نسرین شیخ کو میئر بنا کر اپنا پرچم بھی لہرا دیا ہے ۔ایک طرف جہاں مالیگاؤں سمیت ملک بھر سے آصف شیخ و دیگر ذمہ داران کو مبارک بادیاں مل رہی ہیں وہیں اب یہ بھی مطالبہ عوام کی جانب سے کیا جارہا ہے کہ مسلمانوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق کیلئے لڑنے والے لیڈر کو مہاراشٹر بھر میں اپنا دائرہ وسیع کرنا چاہیے ۔اسی ضمن میں انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹرا پارٹی کی مہاراشٹر بھر میں توسیع کیلئے مالیگاؤں شہر کے ڈائمنڈ لانس میں مورخہ 15 فروری کو ریاستی سطح پر اسلام پارٹی مہاراشٹر کی ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ طلب کی گئی ہے ۔اس سلسلے میں پارٹی کے قومی صدر خطیب نوید احمد نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دھولیہ، اورنگ آباد، ناسک، جلگاؤں ،امراوتی، نندور بار، آکولہ، اکل کوا اور خاندیش و مراٹھواڑہ کے ساتھ ممبئی و ریاست کے دیگر علاقوں کے وفود کی جانب سے مالیگاؤں آکر اسلام پارٹی کو ریاست میں وسیع کرنے کا مطالبہ کے ضمن میں پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنا دائرہ ریاست گیر سطح پر پھیلائے گی اور اسی لئے سیاسی و غیر سیاسی افراد کو مالیگاؤں مدعو کیا جارہا ہے ۔نوید خطیب احمد نے پارٹی کے قائد و بانی آصف شیخ کے توسط سے بتایا کہ مالیگاؤں سمیت مہاراشٹر میں مسلمانوں اور اقلیتیوں کو انکے جمہوری حقوق دلانے، اقلیتوں پر ہورہے مظالم کو روکنے اور تعمیر و ترقی کیساتھ ساتھ سیکولر ازم کی حفاظت و بقاء کیلئے ہم پارٹی کو مہاراشٹر میں مضبوط کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ 15 فروری کو شہر کے ڈائمنڈ لانس میں جہاں مہاراشٹر کے دیگر شہروں سے لوگ آرہے ہیں وہیں مدھیہ پردیش کے برہانپور و یوپی اور بہار کے کئی افراد بھی مالیگاؤں اس اجلاس میں شرکت کررہے ہیں ۔آصف شیخ اس میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے ۔اس لئے انہوں نے مہاراشٹر کی عوام بالخصوص سیاسی و سماجی شخصیات سے اپیل کی ہے کہ اپنے بہتر مستقبل اور حقوق کیلئے اسلام پارٹی کو ریاست بھر میں مضبوط کرنے کیلئے پندرہ فروری کو مالیگاؤں میں منعقد ہورہی اس اہم میٹنگ میں شرکت کریں ۔
0 تبصرے
bebaakweekly.blogspot.com